پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 9:21PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی) نے بھارت ٹکی تار شیل انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (بی ٹی ایس) کے اشتراک سے آج نئی دہلی میں واقع ادارے کے آڈیٹوریم میں انڈین ایئرپورٹ پیومنٹ سمپوزیم (آئی اے پی ایس 2026) کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس قومی سمپوزیم کا موضوع تھا: ’’ہوابازی کے ایک مستحکم اور پائیدار مستقبل کے لیے کارکردگی پر مبنی ہوائی اڈوں کی فرشی سطح کی جدید کاری ‘‘۔ اس میں متعلقہ شعبوں کے متعدد اہم فریقوں، بشمول ریگولیٹری اداروں کے نمائندوں، ہوائی اڈوں کے آپریٹروں، مسلح افواج کے اہلکاروں، ماہرینِ تعلیم اور عالمی سطح کے ہوائی اڈوں کی فرشی سطح کے ماہرین نے شرکت کی۔ اس کا مقصد بھارت میں توسیع پذیر ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کے لیے ایک جامع تکنیکی لائحۂ عمل تیار کرنا تھا۔
سمپوزیم کا افتتاح حکومتِ ہند کے محکمۂ سائنسی و صنعتی تحقیق (ڈی ایس آئی آر) کی سکریٹری اور سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر (محترمہ) این کلیسیلوی نے کیا۔ انہوں نے ملک کے اہم نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی تحقیق و ترقی، تکنیکی جدت طرازی اور ادارہ جاتی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔


مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب منوج مینن نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کی ابھرتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں صنعت کے اشتراک سے ہونے والی اختراعات اور مواد سے متعلق جدید ٹیکنالوجیز کے کردار کو اجاگر کیا۔
سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر نے فرش انجینئرنگ، سڑکوں اور ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق تحقیق، اثاثوں کا انتظام اور تکنیکی معیارات کی ترقی میں ادارے کی دیرینہ خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ہوائی اڈوں کی فرشی سطح کی مضبوطی، حفاظت اور پائیداری میں اضافے کے لیے سائنسی تحقیق کو عملی انجینئرنگ حل میں ڈھالنے کی اہمیت پر زور دیا۔
سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے سینئر سائنس دان اور سمپوزیم کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر آشیش والیہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور پروگرام کے تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ادارے کے شعبۂ اطلاعات، رابطہ کاری اور تربیت کے سربراہ ڈاکٹر کے رویندر نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
تکنیکی اجلاسوں میں ہوائی اڈوں کی فرشی سطح کی منصوبہ بندی ، معیار پر کنٹرول، مضبوط ہوائی میدان، نیز ترمیم شدہ بٹومین پر مبنی مواد سے متعلق اہم چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ سمپوزیم بھارت میں تیزی سے وسعت پاتے ہوئے ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے سائنسی تحقیق کو جدید انجینئرنگ حل میں تبدیل کرنے کے سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے عزم کا مظہر ہے۔

سمپوزیم کی ایک اہم پیش رفت سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور بھارت ٹکی تار شیل انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تھے۔ اس مفاہمت کا مقصد مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی ترقی اور جدید، ترمیم شدہ بٹومین پر مبنی مواد نیز ہوائی اڈوں کی فرشی سطح کے خصوصی حل کے شعبے میں ان کے عملی نفاذ کو فروغ دینا ہے۔
***
UR-6628
(ش ح۔اس ک )