سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شلپ سماگم میلہ 2026


گوہاٹی کے خانہ پارہ میں فارم گیٹ پر زائرین نے روایتی دستکاری اور ہتھ کرگھا مصنوعات کے ہندوستان کے مالامال اور متنوع ورثے کا مشاہدہ کیا

فنکاروں کی کہکشاں نے روایتی موسیقی اور رقص کے پروگرام پیش کیے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 7:04PM by PIB Delhi

شمال مشرقی ریاستوں سمیت ملک بھر کے دست کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کے تحت آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں 8 روزہ شلپ سماگم میلہ 2026 جاری ہے۔

 

 

اس میلے میں روایتی دستکاریوں اور ہینڈلوم (ہاتھ سے بنی) مصنوعات پر مشتمل ہندوستان کے بھرپور اور متنوع ورثے کی نمائش کی جا رہی ہے۔

حکومت ہند کی وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ میلہ بدھ، 28 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

 

 

وزارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ گوہاٹی کے علاقے خانہ پارہ میں ’فارم گیٹ‘ پر منعقدہ میلہ صبح 11 بجے سے رات 9 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے افراد روایتی مصنوعات کے وسیع ذخیرے کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ وہ ان تخلیقات کو خرید سکیں اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔

اس کے علاوہ، یہاں آنے والے لوگ روایتی موسیقی اور رقص کے پروگرام پیش کرنے والے فنکاروں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر بے حد محظوظ ہو رہے ہیں۔

 

 

عہدیدار نے بتایا کہ میلے میں کل 75 دستکار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 31 خواتین دستکار بھی شامل ہیں؛ یہ سب مل کر ہاتھ سے بنی مصنوعات اور دستکاری کی تقریباً 40 اقسام نمائش کے لیے پیش کر رہے ہیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب حصہ لینے والے دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور براہ راست زائرین کو فروخت کرنے، ممکنہ صارفین کے ساتھ روابط قائم کرنے اور اپنی مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ دستکاروں اور صارفین کے درمیان براہ راست رابطے کی سہولت فراہم کر کے، منڈی تک رسائی کو مضبوط بنانے، کاروباری رجحان کی حوصلہ افزائی کرنے اور اس میں حصہ لینے والے دستکاروں کے لیے روزگار کے مواقع بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔

 

 

عہدیدار نے بتایا کہ گوہاٹی ایڈیشن میں روایتی دستکاریوں اور ہینڈلوم (ہاتھ سے بنی) مصنوعات کی ایک وسیع رینج شامل ہے، جو ہندوستان کے مختلف خطوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی ریاستوں کے دستکاروں کی شرکت، زائرین کو ہندوستان کی فنی روایات، مقامی دستکاری اور ثقافتی ورثے کے تنوع کو سراہنے کا موقع فراہم کرے گی۔

 

 

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ان کاریگروں کی مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کی بہتر قدردانی کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے، جن کا کام روایتی علم اور دستکاری کے طریقوں کو محفوظ رکھنے میں معاون ہے۔

 

 

عہدیدار نے مزید کہا کہ اس میلے کا ایک اہم مقصد ’بھارت-ٹیولپ‘ یعنی ’روایتی دستکاروں کی فلاح و بہبود اور ذریعہ معاش کا پروگرام‘ — کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ مخصوص گروہوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت (مارکیٹنگ) میں، جسمانی دکانوں اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے، سہولت فراہم کی جائے۔

 

 

وسیع تر منڈیوں اور ڈیجیٹل ذرائع تک رسائی کو فروغ دے کر، اس اقدام کا مقصد مارکیٹ روابط کو مضبوط بنانا، صارفین تک رسائی کو وسیع کرنا اور دستکاروں کے لیے اپنی آمدنی بڑھانے کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ یہ روایتی فنون اور دستکاریوں کے تحفظ اور فروغ میں بھی معاون ہے، کیونکہ یہ کاریگروں اور ان کی مصنوعات کو بدلتی ہوئی صارفی منڈیوں سے جوڑتا ہے۔

 

 

'شلپ سماگم میلہ' (ایس ایس ایم-2026) وزارت کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد وزارت کے تین قومی کارپوریشنوں، نیشنل شیڈولڈ کاسٹ فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاری فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور نیشنل بیکورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( سے وابستہ دستکاروں اور مستفیدین کو مارکیٹنگ میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

 

 

ایس ایس ایم 2026 کا پہلا ایڈیشن 19 اکتوبر کو میسور میں اختتام پذیر ہوا۔ کرناٹک کے شہر میسور میں واقع ’دسہرہ ایگزیبیشن گراؤنڈ‘ میں منعقدہ اس نو روزہ میلے میں ہزاروں زائرین نے شرکت کی۔

معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے وژن کی رہنمائی میں، یہ میلہ درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)، صفائی متروں اور ڈی نوٹیفائیڈ قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کی معاشی خود مختاری کو فروغ دے رہا ہے۔

 

 

یہ میلہ ان برادریوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، اپنی مصنوعات کی تشہیر اور فروخت کرنے اور پائیدار ذریعۂ معاش کے مواقع کے ذریعے اپنی معاشی خود کفالت کو مستحکم بنانے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

روایتی مصنوعات کی فروخت کو فروغ دینے کے علاوہ، یہ میلہ زائرین اور شرکت کرنے والی برادریوں میں وزارت اور اس کے تین قومی کارپوریشنوں کے ذریعے نافذ کی جانے والی فلاحی، مالی امداد اور ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں بیداری بھی پیدا کر رہا ہے۔

ایک افسر نے بتایا کہ یہ پہل مالی اور ترقیاتی معاونت کے ساتھ بازار پر مبنی اقدامات کو یکجا کر رہی ہے، جس سے دست کار اپنی روایتی صلاحیتوں اور ہنر کو ذریعۂ معاش کے قابل عمل مواقع میں تبدیل کر پا رہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ شلپ سماگم میلے جیسی پہل کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت مالی مشکلات سے دوچار برادریوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس مقصد کے لیے کاروبار کو فروغ دیا جا رہا ہے، منڈی تک رسائی آسان بنائی جا رہی ہے اور پائیدار ذرائعٔ معاش کی معاونت کی جا رہی ہے۔

یہ میلہ شرکت کرنے والے دست کاروں کی شناخت اور ان کی مصنوعات کی نمایاں حیثیت کو بڑھا رہا ہے، ان کی مصنوعات کے بارے میں بیداری کو وسعت دے رہا ہے اور ہندوستان کی مالامال ہتھ کرگھا اور دستکاری کی روایات سے عوام کی زیادہ سے زیادہ وابستگی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

************

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6600


(ریلیز آئی ڈی: 2327751) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी