ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 7:11PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے سکریٹری جناب نریندر بھوشن نے آج دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی سے نمٹنے اور موسم سرما کی تیاریوں کے سلسلے میں اترپردیش حکومت اور شہری بلدیاتی اداروں کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔

اترپردیش حکومت نے فضائی آلودگی میں بہتری سے متعلق اقدامات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے اب تک اٹھائے گئے 11 اہم اقدامات اور آئندہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں سڑکوں کی گرد و غبار، تعمیراتی و انہدامی سرگرمیوں، کھلے میں بایوماس جلانے، گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی، ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے، صنعتی آلودگی، شجرکاری اور دھان کی پرالی کے انتظام سمیت فضائی آلودگی کے مختلف ذرائع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے مختلف ایجنسیوں اور مقامی اداروں کے ساتھ تال میل سے متعدد اقدامات پہلے ہی نافذ کیے ہیں، جن سے خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔
سکریٹری نے سڑکوں کی ازسرنو تعمیر، آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس پر ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے، الیکٹرک بسوں اور ای وی چارجنگ بنیادی ڈھانچے کی تعیناتی، پیدا ہونے والے 100 فیصد ٹھوس کچرے کی پروسیسنگ کے لیے سہولتوں کے قیام، پرانے کچرے کے ڈمپنگ مقامات کی صفائی، تعمیراتی و انہدامی کچرے کی پروسیسنگ سہولتوں اور اکٹھا کرنے کے ثانوی مراکز کے قیام اور تعمیراتی مقامات و صنعتوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کی نگرانی و نفاذ کا جائزہ لیا۔
گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی سے متعلق اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جناب بھوشن نے کہا کہ پرانے ٹرکوں اور بسوں کو تبدیل کرنے کے لیے پریورتن اسکیم کے تحت دستیاب فوائد کو تیزی سے اپنانے کے لیے ریاستی حکومت کو ٹرک اور بس ایسوسی ایشنز کے ساتھ فعال طور پر رابطہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این سی آر سے پرانی گاڑیوں کو باہر منتقل کرنے کے لیے این او سی جاری کرنے میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو سہولت کار اور فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ سکریٹری نے گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی سے نمٹنے کے لیے تمام فیول اسٹیشنوں پر اے این پی آر کیمروں کی تنصیب کا عمل تیز کرنے پر زور دیا تاکہ ’’پی یو سی سی نہیں تو ایندھن نہیں‘‘ پالیسی کو نافذ کیا جا سکے۔
جناب بھوشن نے تعمیراتی و انہدامی کچرے کی پیداوار کے تناسب سے اس کی پروسیسنگ کی سہولتوں کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی شہروں میں پہلے سے فعال مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز (آئی سی سی سی) تعمیراتی مقامات کی ریموٹ نگرانی، تعمیراتی و انہدامی کچرے اور ٹھوس کچرے کو لے جانے والی گاڑیوں کی نگرانی،سڑکوں کی مکینیکل صفائی، ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے اور مکینیکل روڈ سویپرز کے کام کاج جیسے اقدامات کی نگرانی اور نفاذ کو مربوط کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تعمیراتی مقامات کی نگرانی کے لیے اترپردیش آلودگی کنٹرول بورڈ کے تیار کردہ ڈسٹ پورٹل کے استعمال کی بھی تجویز دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریاست شجرکاری کے اہداف پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ سکریٹری نے تجویز دی کہ شہری بلدیاتی اداروں کو وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی نگر یان وین یوجنا کے تحت نمو وین تیار کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔

جناب بھوشن نے صنعتوں کی جانب سے کیوآر ایم کی جانب سے صنعتوں کے مخصوص زمروں کے لیے مقرر کردہ نظرثانی شدہ اخراجی معیارات پر عمل درآمد کے لیے فضائی آلودگی پر قابو پانے والے آلات (اے پی سی ڈی) کی تنصیب کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ اترپردیش آلودگی کنٹرول بورڈ اور محکمہ صنعت کو مشورہ دیا گیا کہ وہ صنعتوں اور صنعتی انجمنوں کے ساتھ میٹنگیں کرکے عمل درآمد کی قریبی نگرانی کریں اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔
اجلاس میں مرکزی وزارتوں زراعت و کسان بہبود، بجلی، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے سینئر افسران کے علاوہ سی اے کیو ایم، سی پی سی بی، این سی آر پلاننگ بورڈ اور اترپردیش حکومت کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اترپردیش آلودگی کنٹرول بورڈ، غازی آباد، میرٹھ، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، بلندشہر، ہاپوڑ، باغپت، مظفر نگر اور شاملی کے ضلعی کلکٹروں اور میونسپل کمشنروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
*****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 6602)