پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 6:02PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کے زیرِ عمل اٹل وَیو اَبھیودے یوجنا ( اے وی وائی اے وائی ) کے تحت مربوط پروگرام برائے بزرگ شہری ( انٹیگریٹیڈ پروگرام فار سینئر سٹیزنس - آئی پی ایس آر سی ) کے ذریعے اہل اداروں کو امدادی گرانٹ کے نظام کے تحت مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ ان اداروں میں غیر سرکاری تنظیمیں، ریاستی حکومتیں، پنچایتی راج ادارے اور مقامی بلدیاتی ادارے شامل ہیں۔ اس کا مقصد ، بزرگ شہریوں کے لیے سہولتوں کا قیام اور ان کی دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔ فی الوقت آئی پی ایس آر سی کے تحت بزرگ شہریوں کے 764 رہائشی مراکز، 13 مسلسل نگہداشت کے مراکز، 17 موبائل طبی امدادی یونٹس اور 3 فزیوتھراپی کلینکس کی مدد کی جا رہی ہے۔
یہ مراکز رہائشی نگہداشت اور معاون خدمات فراہم کرتے ہیں، جن میں بالخصوص بے سہارا بزرگ شہریوں کے لیے رہائش اور دیکھ بھال کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت موبائل طبی خدمات، فزیوتھراپی کی سہولتوں اور بزرگ افراد کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لیے دیگر اقدامات میں بھی معاونت کی جاتی ہے۔ اسکیم کے التزامات کے مطابق اہل عمل درآمد کرنے والے اداروں کو مالی امداد جاری کی جاتی ہے۔
وزارت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مربوط پروگرام برائے بزرگ شہری ( آئی پی ایس آر سی ) ، بزرگ شہریوں کے لیے ریاستی عملی منصوبے ( ایس اے پی ایس آر سی ) اور علاقائی وسائل و تربیتی مراکز ( آر آر ٹی سیز ) کے ساتھ، اس اسکیم کے اہم اجزا میں سے ایک ہے۔ یہ تمام اجزا مل کر خدمات کی فراہمی میں معاونت کرتے ہیں اور بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں کو مستحکم بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد ، نگہداشت سے متعلق خدمات، ادارہ جاتی مدد اور ریاستی سطح کے اقدامات پر مشتمل ایک مربوط نظام کے ذریعے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ یہ اسکیم بزرگ افراد کی متنوع ضروریات کو پورا کرتی ہے، بالخصوص بے سہارا بزرگ شہریوں کی، اور اس کے تحت رہائشی نگہداشت کی سہولتوں کو معاونت فراہم کی جاتی ہے، عمر رسیدہ افراد کی نگہداشت کی صلاحیتوں کو مستحکم بنایا جاتا ہے اور عمر رسیدگی سے متعلق مسائل پر بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ شواہد پر مبنی اقدامات کو فروغ دیا جاتا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ علاقائی وسائل و تربیتی مراکز ( آر آر ٹی سیز ) ، اٹل وَیو اَبھیودے یوجنا کے تحت اہم ادارہ جاتی معاونت فراہم کرتے ہیں، بالخصوص مربوط پروگرام برائے بزرگ شہری ( آئی پی ایس آر سی ) کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسکیم کے رہنما خطوط کے مطابق ہر علاقائی وسائل و تربیتی مرکز کو سالانہ 19.58 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ وزارت ، بزرگ شہریوں تک رسائی، صلاحیت سازی اور خدمات کی فراہمی کو مستحکم بنانے کے لیے ، ان مراکز کے طور پر کام کرنے والی نامزد غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کو بھی مالی امداد فراہم کرتی ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے نامزد یہ مراکز عمر رسیدگی اور بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق صلاحیت سازی، تربیت، تحقیق، دستاویز بندی، بیداری پیدا کرنے اور متعلقہ امور کی وکالت کے لیے علاقائی سطح پر مرکزی اداروں کے طور پر کام کرتے ہیں۔
علاقائی وسائل و تربیتی مراکز اعداد و شمار کا ذخیرہ تیار کرنے، نگرانی و جائزہ لینے، منصوبوں کا معائنہ کرنے اور ریاستی حکومتوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں اور عمل درآمد کرنے والی تنظیموں کے ساتھ تال میل کے ذریعے شواہد پر مبنی منصوبہ بندی اور پروگراموں کے نفاذ میں معاونت کرتے ہیں۔
اٹل ویو ابھیودے یوجنا ( اے وی وائی اے وائی ) کے تحت بزرگ شہریوں کے لیے ریاستی عملی منصوبے کا مقصد بزرگوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ریاستی سطح پر منصوبہ بندی، نفاذ اور صلاحیت سازی کو مستحکم بنانا ہے۔ اس جزو کے تحت ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کو ایسے اقدامات کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جن میں عمر رسیدہ افراد کی نگہداشت کے لیے تربیت یافتہ کارکنوں کی ایک ٹیم تیار کرنا، موتیا بند کے آپریشن کے لیے خصوصی مہمات کا انعقاد اور مقامی ضروریات کے مطابق فلاح و بہبود کے دیگر منظور شدہ اقدامات پر عمل درآمد شامل ہے۔

مقامی سطح پر اختراعی اقدامات کی حوصلہ افزائی اور ریاستی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے، ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے اسکیم کے التزامات کے تابع، مختص کردہ فنڈز کا 20 فی صد تک حصہ ریاستی ضروریات کے مطابق مخصوص پروگراموں پر خرچ کر سکتے ہیں۔ مالی معاونت صرف اٹل ویو ابھیودے یوجنا ( ا ے وی وائی اے وائی ) کے تحت منظور شدہ اجزا کے لیے ہی قابلِ قبول ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے یہ بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ ان اقدامات کے لیے دستیاب فنڈز میں اضافے کی غرض سے اپنے وسائل سے بھی تعاون کریں گے۔
اٹل ویو ابھیودے یوجنا اپنے مربوط اجزا کے ذریعے ادارہ جاتی نگہداشت، ریاستی سطح پر منصوبہ بندی اور علاقائی سطح پر صلاحیت سازی کو یکجا کرتی ہے، تاکہ بھارت کی عمر رسیدہ آبادی کی متنوع ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ یہ اسکیم نگہداشت سے متعلق سہولتوں کے قیام اور انہیں برقرار رکھنے میں معاونت کرتی ہے، مقامی ضروریات کے مطابق فلاحی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور بزرگ شہریوں کے لیے پروگراموں پر عمل درآمد کرنے والے اداروں کو مستحکم بناتی ہے۔ اس ضمن میں بزرگوں کے وقار، نگہداشت اور فلاحی خدمات تک بہتر رسائی کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – م م - ع ا )
U.No. 6590