عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مسلح افواج ہیڈکوارٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بروقت ترقیوں کو سراہا؛ ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ ملازمین کے مسائل پر تبادلۂ خیال
مسلح افواج ہیڈکوارٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ جب بھی وہ اپنے مسائل پیش کرنے کے لیے وقت مانگتی ہے، تو محکمۂ عملہ و تربیت (ڈی او پی ٹی) کی وزارت مختصر نوٹس پر بھی ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہے، جس کے لیے وہ اس کی شکر گزار ہے
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو سنا اور یقین دلایا کہ مناسب انتظامی ذرائع کے ذریعے ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 OCT 2026 3:38PM by PIB Delhi
مسلح افواج ہیڈکوارٹرز (اے ایف ایچ کیو) ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں محکمۂ عملہ و تربیت (ڈی او پی ٹی) کی جانب سے بروقت ترقیاں دیے جانے کے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے اس موقع کو بھی قابلِ قدر قرار دیا، جس کے تحت ملازمین کی انجمنوں کو وقتاً فوقتاً اپنی ملازمت سے متعلق تشویشات اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
وفد نے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ ملاقات کے دوران اپنی ستائش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو سنا اور ان کا مناسب انتظامی ذرائع سے جائزہ لینے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔
بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) پون کمار اور بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) اور جینک(جی ای این سی) سے وابستہ اے ایف ایچ کیو ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری پنکج یادو کی قیادت میں وفد نے مسلح افواج ہیڈکوارٹرز میں خدمات انجام دینے والے ملازمین، بالخصوص سیکشن آفیسر کیڈر، ترقی کے مواقع اور وفات پا جانے والے ملازمین کے اہل خاندان کے اہل افراد کو ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت فراہم کرنے سے متعلق مسائل اٹھائے۔
وفد نے بتایا کہ 2018 سے 2024 کے دوران سیکشن آفیسر کیڈر کے لیے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے ذریعے مشتہر کی گئی آسامیوں کے مقابلے میں بہت کم امیدواروں نے ملازمت اختیار کی۔ اس لیے وفد کے ارکان نے تجویز پیش کی کہ مناسب غور و خوض کے بعد اس مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے متعلقہ افسران سے مشاورت کے ساتھ موجودہ بھرتی کوٹے کو معقول بنانے کے امکان کا جائزہ لینے کی ہدایت دی، تاکہ بھرتی کے حقیقی رجحانات اور بڑی تعداد میں خالی رہ جانے والی آسامیوں کو مدنظر رکھا جا سکے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مناسب انتظام کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنے سے پہلے اس معاملے کا مزید جائزہ لیا جائے۔
وفد نے وفات پا جانے والے ملازمین کے اہل خاندان کے مستحق افراد کو ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت فراہم کرنے سے متعلق خدشات بھی پیش کیے۔ ان میں درخواستوں پر غور کرنے میں تاخیر، موجودہ پانچ فیصد کوٹا اور اہلیت کا تعین کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے معیار شامل تھے۔ تبادلۂ خیال کے دوران ان خاندانوں کو درپیش مشکلات پر بھی بات ہوئی جو ملازمت ملنے کے انتظار میں ہیں، نیز موجودہ پابندیوں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ کسی بھی مجوزہ تبدیلی کے انتظامی اور قانونی مضمرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ اہلیتی شرائط اور جانچ کے معیار پر غور کرنا ضروری ہے۔
اس ملاقات میں اے ایف ایچ کیو ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا متعلقہ حکام کے ذریعے جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی، بالخصوص بھرتی کے ان انتظامات پر جو ترقی کے مواقع پر اثر انداز ہوتے ہیں، اور ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت کی فراہمی سے متعلق دفعات پر عمل درآمد کے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بھرتی کے کوٹے یا ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت کے قواعد میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔




******
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )
Urdu.No-6409
(ریلیز آئی ڈی: 2326027)
وزیٹر کاؤنٹر : 8