سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر نے لائبریری آٹومیشن، ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت پر دو ہفتے کا ہنرمندی تربیتی پروگرام مکمل کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 OCT 2026 7:29PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ (سی ایس آئی آر-این آئی ایس پی آر) نے سی ایس آئی آر مربوط ہنر مندی پہل (فیز III) کے تحت 5 سے 16 اکتوبر 2026 تک ’’لائبریری آٹومیشن، ڈیجیٹائزیشن اور لائبریریوں کے لیے مصنوعی ذہانت میں مہارت کی تربیت‘‘ کے موضوع پر دو ہفتے کا تربیتی پروگرام کامیابی سے منعقد کیا۔
ادارے کے تربیتی ڈویژن کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام کا مقصد لائبریری اور اطلاعاتی سائنس سے وابستہ پیشہ ور افراد، ماہرین تعلیم، محققین، طلبہ اور آئی ٹی ماہرین کی لائبریری آٹومیشن، ڈیجیٹائزیشن، ڈیجیٹل ریپوزٹری مینجمنٹ اور لائبریری خدمات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے متعلق تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔ ملک بھر کی یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں، لائبریریوں اور دیگر تنظیموں سے 16 شرکاء نے پروگرام میں حصہ لیا۔
سی ایس آئی آر-این آئی ایس پی آر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر گیتا وانی رسایم نے پروگرام کا افتتاح کیا اور شرکاء کو تربیت میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ سی ایس آئی آر-این آئی ایس پی آر کے تربیتی ڈویژن کے سربراہ مکیش اے پُنڈ نے پروگرام کے مقاصد پیش کرتے ہوئے لائبریری آٹومیشن، ڈیجیٹائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مہارت کی اہمیت اجاگر کی۔ افتتاحی اجلاس کی نظامت سلیم انصاری نے کی۔
تجرباتی تعلیم پر مبنی اس پروگرام میں ماہرین کے لیکچرز، عملی مظاہروں اور ’کوہا‘ انٹیگریٹڈ لائبریری مینجمنٹ سسٹم (آئی ایل ایم ایس) اور ’ڈی اسپیس‘ ڈیجیٹل ریپوزٹری سافٹ ویئر پر عملی تربیت شامل تھی۔
کوہا سے متعلق سیشنز میں اوپن سورس سافٹ ویئر کے بنیادی اصول، لینکس آپریٹنگ سسٹم اور کوہا کی تنصیب، کیٹلاگ مینجمنٹ، صارفین کا انتظام، کتابوں کے اجرا اور واپسی کے ورک فلو، رپورٹ تیار کرنا، سسٹم کو حسب ضرورت بنانا اور بیک اپ و بحالی شامل تھے۔ شرکاء نے لائبریری آٹومیشن کے مختلف کاموں اور ورک فلو کو ترتیب دینے اور منظم کرنے کا عملی تجربہ حاصل کیا۔
ڈی اسپیس کے سیشنز میں تنصیب اور انتظام، کمیونٹیز اور کلیکشنز کا انتظام، اشیا جمع کرانا، ای-پیپلز کی رجسٹریشن اور اجازت، ڈبلن کور اور بٹ اسٹریم رجسٹری کا انتظام، بنیادی حسب ضرورت تبدیلیاں اور بیک اپ و بحالی شامل تھے۔ ان سیشنز کے ذریعے شرکاء کو علمی اور ادارہ جاتی معلومات کی تنظیم، تحفظ اور اشاعت کے لیے ڈیجیٹل ریپوزٹری مینجمنٹ کا عملی تجربہ حاصل ہوا۔
پروگرام میں لائبریریوں میں مصنوعی ذہانت کے جدید استعمال، اے آئی ٹولز اور اے آئی کے ذریعے میٹا ڈیٹا نکالنے جیسے موضوعات بھی شامل تھے۔ 15 اکتوبر 2026 کو ’آئی تھینٹی کیٹ‘ پر خصوصی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء کو متنی مماثلت کی جانچ اور ذمہ دارانہ تعلیمی و تحقیقی تحریر میں اس کی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔
پروگرام کے تحت شرکاء نے نیشنل سائنس لائبریری کا دورہ بھی کیا اور اس کے وسائل و خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ تعلیمی سیشنز مکیش پُنڈ، سنجے بردے، ڈاکٹر اویناش کشتیج، سلیم انصاری اور بھرت نٹاراجن نے منعقد کیے۔ عملی مشقوں کے ذریعے شرکاء نے تربیت کے دوران سیکھے گئے تصورات کو عملی طور پر استعمال کیا۔
اختتامی اجلاس میں شرکاء کی فعال شرکت کو سراہا گیا اور انہیں تربیت کے دوران حاصل کیے گئے علم اور عملی مہارتوں کو اپنے متعلقہ اداروں میں بروئے کار لانے کی ترغیب دی گئی۔ پروگرام کی کوآرڈینیٹر اور نوڈل پرنسپل انویسٹی گیٹر (پی آئی) میتالی بھارتی تھیں، جبکہ سلیم انصاری شریک پی آئی اور کورس کے شریک کوآرڈینیٹر اور مکیش اے پُنڈ، تربیتی ڈویژن کے سربراہ اور کورس کوآرڈینیٹر تھے۔
سی ایس آئی آر مربوط ہنر مندی پہل (فیز III) کے ذریعے سی ایس آئی آر-این آئی ایس پی آر لائبریری اور اطلاعاتی سائنس کے شعبے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، اوپن سورس ٹیکنالوجیوں اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے اور تعلیمی و تحقیقی اداروں میں لائبریریوں اور ڈیجیٹل نالج مینجمنٹ کو جدید بنانے کی سمت میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔




******
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 6337)
(ریلیز آئی ڈی: 2325282)
وزیٹر کاؤنٹر : 6