سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹیکنالوجی ترقیاتی بورڈ ۔محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے   پیناسیا میڈیکل ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے دیسی 32  سلائس سی ٹی اسکینر کی تیاری اور اس کی  تجارت کاری   متعارف کرانے میں تعاون کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 OCT 2026 5:29PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کے ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کے تحت طبی آلات کی  ملک میں ہی  تیاری کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے،  سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے ٹیکنالوجی ترقیاتی بورڈ (ٹی ڈی بی) نے کرناٹک کے مالور میں واقع پیناسیا میڈیکل ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد ملک میں ہی   تیار کردہ 32  سلائس کمپیوٹیڈ ٹوموگرافی (سی ٹی) اسکینر کی تیاری اور اس کی تجارت کاری   متعارف کرانے میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

پیناسیا میڈیکل ٹیکنالوجیز طبی آلات تیار کرنے والی ایک ہندوستانی کمپنی ہے، جو شعاعی علاج اور ریڈیولوجی کے شعبوں میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی نے طبی امیجنگ  اور کینسر کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی، طریقۂ کار، ماڈیولز اور مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیتیں حاصل کی ہیں۔ اعلیٰ درستگی والی امیجنگ  کے شعبے میں اپنی مہارت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، کمپنی نے جدید تشخیصی عکس بندی کے میدان میں اپنے مصنوعات کے دائرے کو وسعت دینے کے لیے تشخیصی سی ٹی اسکینر تیار کرنے کا کام شروع کیا ہے۔

اس پروجیکٹ  کے تحت مختلف طبی شعبوں میں تشخیص کے لیے 32 سلائس سی ٹی اسکینر کا ڈیزائن تیار کرنے، اسے فروغ دینے اور استعمال میں لانے کا منصوبہ ہے۔ سی ٹی اسکینر گھومنے والے ایکسرے نظام اور ڈیجیٹل ڈیٹیکٹروں کا استعمال کرتے ہیں، جو جسم کے اندرونی حصوں کی مقطعی تصاویر حاصل کرتے ہیں۔ بعد ازاں کمپیوٹر الگورتھم کے ذریعے ان تصاویر کو مرتب کرکے جسم کے اندرونی ڈھانچوں کی تفصیلی تصاویر تیار کی جاتی ہیں۔ ایسے اسکینر کی تیاری کے لیے درست انجینئرنگ، امیجنگ کے مختلف اجزا کو مربوط کرنے اور امیجنگ کی درستگی اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت معیار کے مطابق جانچ اور کیلیبریشن ضروری ہے۔

ہندوستان میں تشخیصی امیجنگ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ اس کی اہم وجوہات میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع، مہلک  بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ اور بروقت و درست جانچ کی ضرورت شامل ہیں۔ اعلیٰ درجے کے طبی آلات کی دیسی تیاری سے ملک میں ان کی پیداوار کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور درآمد شدہ ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

حکومتِ ہند نے ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کے تحت طبی آلات کے شعبے کو ترجیحی شعبے کے طور پر شناخت کی ہے۔ دیسی ٹیکنالوجی کی ترقی میں تعاون کے ذریعے، ٹیکنالوجی ترقیاتی بورڈ (ٹی ڈی بی) ہندوستانی کاروباری اداروں کو جدید طبی ٹیکنالوجی تیار کرنے، گھریلو سطح پر تیاری کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور صحت کی دیکھ بھال کے آلات تک رسائی بہتر بنانے کے قابل بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ترقیاتی بورڈ(ٹی ڈی بی) کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا کہ  ’’دیسی سی ٹی اسکینر کی تیاری، ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کے تحت اعلیٰ درجے کے طبی آلات کی ملک میں ہی  تیاری کو مضبوط بنانے کے حکومتِ ہند کے وژن سے پوری طرح  ہم آہنگ ہے۔ ٹی ڈی بی کا تعاون طبی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اختراعی دیسی حل تیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ہے، تاکہ ملک کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق ضروریات پوری کی جا سکیں اور عالمی منڈیوں میں ان ٹیکنالوجیز کو وسیع پیمانے پر اپنانے کے مواقع بھی پیدا ہوں۔ اس طرح کے اقدامات جدید طبی آلات تیار کرنے والے ملک کے طور پر ہندوستان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔‘‘

پیناسیا میڈیکل ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے پروموٹر نے کہا کہ ’’ہم ٹیکنالوجی ترقیاتی بورڈ کے اہم تعاون کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ اشتراک دیسی ڈائگنوسٹک امیجنگ کی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی ہماری کوششوں کو تیز کرے گا اور پورے ہندوستان میں جدید سی ٹی امیجنگ کو زیادہ قابلِ رسائی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261015173017_70268d.jpg

****

ش ح۔ م ع۔ خ م

U.NO.6165


(ریلیز آئی ڈی: 2324047) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी