سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
ایک نئی شروعات: بحالی کی مدد سے شراب کی لت پر قابو پانے کی کہانی
اڈیشہ کے ڈھینکنال کے راجیش کمار کی قومی ایکشن پلان برائے منشیات کی طلب میں کمی کے تحت صحتیابی اور خود انحصاری کی جانب پیش قدمی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 1:50PM by PIB Delhi
بروقت مشاورت، طبی نگہداشت اور بحالی کی سہولیات دستیاب ہونے سے افراد کو نشہ آور اشیا پر انحصار کرنےسے نجات پانے اور اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے میں یقیناً مدد ملتی ہے۔
جناب راجیش کمار کی کہانی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ادارہ جاتی تعاون اور منظم بحالی کی خدمات افراد کو شراب کی لت سے چھٹکارا پانے، اپنا اعتماد بحال کرنے اور مستحکم و باوقار زندگی گزارنے کی سمت آگے بڑھنے میں کس طرح مدد فراہم کرتی ہیں۔
اڈیشہ کے ضلع ڈھینکنال سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ خود کاکاروبارکرنے والے شخص راجیش کمار(بدلا ہوا نام ہے)تقریباً 23 برس سے شراب کی لت میں مبتلا تھے۔ شراب پر طویل عرصے تک انحصار کرنے کے باعث ان کی ذاتی زندگی، خاندانی تعلقات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ اکثر و بیشترہونے والے آپسی جھگڑوں اور ذہنی پریشانیوں نے ان کی ازدواجی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا، جس کے نتیجے میں بالآخر ان کی اہلیہ سے علیحدگی ہو گئی۔
کیٹرنگ کے پیشے سے وابستہ ہونے اور تقریباً 10,000 روپے ماہانہ کمانے کے باوجود، ان کے لیے خود اپنی کوششوں سے اس لت پر قابو پانا مشکل ہو رہا تھا۔ مالی وسائل کی کمی، سماجی بدنامی کا خوف اور تنہائی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔ اس کے باوجود، وہ اپنا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے، اپنی عزت و وقار بحال کرنے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پھر سے سنبھالنے کے لیے پُرعزم تھے۔
ضلع ڈھینکنال میں ارون انسٹی ٹیوٹ آف رورل افیئرز کے تحت کام کرنے والے نشے کے عادی افراد کے لیے مربوط بازآبادکاری مرکز(آئی آر سی اے)۔آشرا، سے وابستہ ایک سماجی کارکن سے ہونے وا لی ملاقات جناب کمار کی زندگی میں اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس کارکن نے ان کی حالت کو پہچانا اور انہیں بحالی مرکز میں داخل کرانے کا انتظام کیا۔
منشیات کی طلب میں کمی کے قومی منصوبۂ عمل (این اے پی ڈی ڈی آر)کے تحت فراہم کی جانے والی مدد سے جناب راجیش کو شراب پر انحصار سے نجات پانے اور اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے کے لیے منظم بحالی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مرکز میں ایک ماہ قیام کے دوران انہیں جسم سے شراب کے اثرات ختم کرنے کے لیے طبی خدمات، انفرادی مشاورت، نفسیاتی و جذباتی تعاون، رویے میں بہتری لانے کے لیے علاج اور حوصلہ افزائی کے ذریعے رہنمائی فراہم کی گئی۔ مرکز نے انہیں ایک محفوظ اور معاون ماحول کے ساتھ بنیادی نگہداشت اور ضروری مدد بھی فراہم کی، تاکہ وہ اپنے اوپر قابو پانے کی صلاحیت دوبارہ حاصل کر سکیں اور زندگی کے تئیں مثبت نقطۂ نظر اپنا سکیں۔

بحالی کے اس پروگرام سے جناب راجیش کو نشے سے دور رہنے، جذباتی استحکام برقرار رکھنے اور سماج میں دوبارہ گھلنے ملنے کی اہمیت سمجھنے میں مدد ملی۔
بحالی کا عمل مکمل ہونے کے بعد، انہوں نے نئے اعتماد اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ کیٹرنگ کا اپنا پیشہ دوبارہ شروع کیا۔ ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً 10,000 روپے سے بڑھ کر 16,000 روپے ہو گئی، جو کام میں باقاعدگی اور روزگار کے استحکام میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ اس مدد سے انہیں خود انحصار بننے اور صحت مند و زیادہ کارآمد زندگی کی جانب بڑھنے میں بھی مدد ملی۔
آج جناب راجیش کی زندگی کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ بحالی کی سہولیات تک آسان رسائی، پیشہ ورانہ مشاورت اور مسلسل حوصلہ افزائی کے ذریعے افراد کو نشے پر انحصار سے وابستہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ منشیات کی طلب میں کمی کے قومی منصوبۂ عمل (این اے پی ڈی ڈی آر)کے تحت آشرا-آئی آر سی اے کے ذریعے بروقت فراہم کی گئی مدد نے انہیں صحت یابی، روزگار میں بہتری اور سماج میں دوبارہ گھلنے ملنے کی سمت بامعنی قدم اٹھانے کے قابل بنایا۔ ان کا تجربہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ افراد کو عزت و وقار اور نئی امید کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے میں مدد دینے کے لیے سماج تک رسائی، ہمدردانہ نگہداشت اور ادارہ جاتی تعاون کتنے اہم ہیں۔
جناب راجیش کی کہانی عزم و حوصلے اور بحالی کی مدد سے زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت کی ایک مثال ہے۔ یہ اس اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ نشے کی لت سے متاثرہ افراد کو مناسب نگہداشت اور ایسے مواقع فراہم کیے جائیں، جن کی مدد سے وہ اپنا اعتماد دوبارہ حاصل کر سکیں، اپنے روزگار کو مستحکم بنا سکیں اور ایک مستحکم، کارآمد اور خود انحصار مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔
**********
) ش ح – م م ع - ف ر )
U.No. 6139
(ریلیز آئی ڈی: 2323839)
وزیٹر کاؤنٹر : 6