سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نئے بھرتی ہونے والے سائنس دانوں کے لیے تعارفی تربیتی پروگرام 21 تا 30 ستمبر 2026 | سی ایس آئی آر – ایچ آر ڈی سی کیمپس، غازی آباد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 SEP 2026 5:22PM by PIB Delhi

سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل(سی ایس آئی آر) کے نو تعینات سائنس دانوں کے لیے دس روزہ تعارفی تربیتی پروگرام 21 سے 30 ستمبر 2026 تک سی ایس آئی آر کے انسانی وسائل ترقیاتی مرکز (سی ایس آئی آر-ایچ آر ڈی سی) میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ملک بھر کی مختلف سی ایس آئی آر لیبارٹریوں سے تعلق رکھنے والے 38 نوجوان سائنس دانوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام نے انہیں سیکھنے، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

پروگرام کا آغاز 21 ستمبر 2026 کو ایک پُرعزم اور حوصلہ افزا افتتاحی نشست سے ہوا، جس نے جدت طرازی، سائنسی تعلیم و تربیت اور تعمیرِ وطن کے ایک بامقصد سفر کی بنیاد رکھی۔ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر ٹی ایس رانا، سربراہ، سی ایس آئی آر- ایچ آر ڈی سی؛ ڈاکٹر شوبھنا چودھری، سائنٹسٹ ایف، سی ایس آئی آر- ایچ آر ڈی سی؛ اور محترمہ پریتی چودھری، سینئر ٹیکنیکل آفیسر، سی ایس آئی آر-ایچ آر ڈی سی کے ہاتھوں روایتی طور پر چراغ روشن کرنے کی رسم سے ہوا۔ چراغ روشن کرنے کی یہ رسم علم کی روشنی کی علامت تھی اور اس کا مقصد تمام شرکاء کے لیے ایک متحرک، مفید اور علم افزا تربیتی تجربے کا آغاز کرنا تھا۔

تعارفی تربیتی پروگرام اس انداز میں ترتیب دیا گیا تھا کہ شرکاء کو سی ایس آئی آر کے سائنسی، انتظامی اور باہمی اشتراک پر مبنی نظامِ کار کی جامع سمجھ حاصل ہو، اور ساتھ ہی انہیں مؤثر سائنسی قیادت کے لیے ضروری تکنیکی مہارتوں اور پیشہ ورانہ رویّوں سے متعلق صلاحیتوں سے بھی آراستہ کیا جا سکے۔ پروگرام کے دوران شرکاء نے سی ایس آئی آر اور دیگر اداروں کے ممتاز سائنس دانوں اور ڈائریکٹوریٹ کے سربراہان کے خصوصی خطابات سے استفادہ کیا۔ ان مقررین میں ڈاکٹر وبھا ملہوترا سہونی، ڈاکٹر منوج سیموال، ڈاکٹر جیوتی یادو، ڈاکٹر راما سوامی بنسل، ڈاکٹر انیربان پال، ڈاکٹر دیباشیش بندیوپادھیائے اور آئی آئی ٹی، بی ایچ یو سے ڈاکٹر رجنیش کمار شامل تھے۔ اس کے علاوہ، عملی تربیتی سرگرمیوں اور باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس پروگرام نے سی ایس آئی آر کی مختلف لیبارٹریوں سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں کے درمیان باہمی روابط استوار کرنے اور اشتراک عمل کو فروغ دینے کے قیمتی مواقع بھی فراہم کیے۔ پروگرام میں تکنیکی تعلیم و تربیت اور پیشہ ورانہ رویّوں کی نشوونما کو یکجا کرتے ہوئے پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک جامع نقطۂ نظر اپنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس سے شرکاء کو اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ساتھ باہمی روابط اور مؤثر ابلاغ کی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملی، تاکہ وہ مختلف سائنسی شعبوں پر مشتمل ٹیموں اور ماحول میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

شرکاء نے تخلیقی انداز میں مسائل حل کرنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے، قائدانہ صلاحیتوں کو مؤثر بنانے اور جدت پر مبنی سائنسی سوچ کو فروغ دینے جیسے اہم موضوعات کا بھی مطالعہ کیا۔ اس کے علاوہ، ادویات کی دریافت اور تیاری میں مصنوعی ذہانت (اے آئی): اطلاقات اور چیلنجز، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور تجارتی استعمال جیسے موضوعات پر تکنیکی نشستوں کے ذریعے شرکاء کو اس امر سے متعلق قیمتی معلومات حاصل ہوئیں کہ سائنسی اختراعات کو کس طرح معاشرے اور صنعت کے لیے مفید نتائج میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

تربیتی تجربے کو ایک منفرد جہت عطا کرتے ہوئے، اس پروگرام میں روایتی جماعتی تدریس سے آگے بڑھ کر باہمی تبادلۂ خیال، عملی تجربات اور سرگرمیوں پر مبنی نشستوں کا سوچ سمجھ کر انتخاب کیا گیا۔ ان نشستوں نے شرکاء کی فعال شرکت، باہمی تعاون سے سیکھنے اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

پروگرام کا ایک نمایاں پہلو نئی دہلی کے نیشنل ایگریکلچرل سائنس کمپلیکس(این اے ایس سی) میں منعقدہ سی ایس آئی آر کے 85ویں یومِ تاسیس کی تقریبات میں شرکاء کی شرکت تھی۔ اس موقع نے نوجوان سائنس دانوں کو سی ایس آئی آر کے وسیع تر نظامِ کار اور سائنسی میدان میں اس کی شاندار روایات سے واقف ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔ ممتاز معززین، نامور سائنس دانوں اور سرکردہ سائنسی و تحقیقی اداروں سے وابستہ ماہرین کے ساتھ ان کے تبادلۂ خیال سے انہیں سائنسی تحقیق، جدت طرازی اور ادارہ جاتی قیادت کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں قیمتی رہنمائی حاصل ہوئی۔

اس تجربے نے نہ صرف سی ایس آئی آر کے کثیر شعبہ جاتی تحقیقی منظرنامے کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ کو مزید وسعت دی، بلکہ انہیں اس امر کی ترغیب بھی دی کہ وہ ملک میں سائنسی معیار کی بلندی، جدت طرازی اور بامقصد و مؤثر تحقیق کے فروغ میں اپنے کردار کا تعین کریں اور قومی ترقی میں مؤثر حصہ لینے کے لیے خود کو تیار کریں۔

تعارفی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب 30 ستمبر 2026 کو منعقد ہوئی، جس میں اکیڈمی آف سائنٹیفک اینڈ انوویٹیو ریسرچ (اے سی ایس آئی آر) کے ڈائریکٹر، پروفیسر منوج کمار دھر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ وہ اس نشست میں آن لائن شریک ہوئے۔ نو تعینات سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے انہیں جدت طرازی اور بامقصد و مؤثر سائنسی تحقیق کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے سی ایس آئی آر کی لیبارٹریوں اور اکیڈمی آف سائنٹیفک اینڈ انوویٹیو ریسرچ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ تعلیمی اور تحقیقی معیار کو مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔ اس ضمن میں دونوں اداروں کا مشترکہ نصب العین یہ بھی ہے کہ وہ تحقیقی اور تعلیمی اداروں میں سرفہرست مقام حاصل کریں۔

پروگرام کی تمام سرگرمیوں کو ڈاکٹر شوبھنا چودھری، سائنٹسٹ ایف، اور محترمہ پریتی چودھری، سینئر ٹیکنیکل آفیسر نے نہایت خوش اسلوبی سے مربوط کیا۔ ان کی لگن اور انتھک کوششوں کی بدولت تمام شرکاء کے لیے سیکھنے کا ایک پُرکشش، فعال اور معلومات افزا تجربہ یقینی بنایا گیا۔

اس تعارفی تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ سی ایس آئی آر صلاحیتوں میں اضافے، قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما اور باہمی اشتراک پر مبنی تحقیقی ثقافت کو فروغ دے کر سائنس دانوں کی نئی نسل کی تربیت اور ملک کے سائنسی و اختراعی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260930172320_04a285.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image003_20260930172409_2f91ff.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260930172353_2bf1be.jpg

***

 ش ح۔ س ک۔ ج ا

U.No. 6128


(ریلیز آئی ڈی: 2323729) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी