وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری اور پنچایتی راج جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے لائیو اسٹاک انشورنس پورٹل کا افتتاح کیا


یہ ڈجیٹل پلیٹ فارم قومی مویشی مشن(این ایل ایم) کے تحت مویشیوں کی بیمہ اسکیم کی فراہمی کے نظام کو ملک بھر میں جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے

اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری اور پنچایتی راج پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل بھی موجود تھے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 SEP 2026 9:00PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارتِ ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری کے محکمۂ مویشی پروری و ڈیری(ڈی اے ایچ ڈی) نے آج لائیو اسٹاک انشورنس پورٹل  کا(https://rashtriyapashubima.dahd.gov.in) آغاز کیا۔ یہ ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد قومی مویشی مشن (این ایل ایم) کے تحت مویشیوں کی بیمہ کاری کی سرگرمیوں کے ذریعے ملک بھر میں مویشیوں کے بیمے کی سہولت فراہم کرنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مزید مؤثر بنانا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260928210233_64a76a.jpg

اس پورٹل کا افتتاح مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، محکمۂ مویشی پروری و ڈیری کے سکریٹری جناب نریش پال گنگوار، محکمے کے دیگر سینئر افسران، ریاستی حکومتوں کے نمائندوں، بیمہ کمپنیوں اور اس شعبے سے وابستہ دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ، 4,000 سے زائد افراد نے آن لائن بھی اس پروگرام میں حصہ لیا۔

مویشیوں کے بیمے کی اسکیم کے خدوخال، بیمے کے پریمیم کی شرحوں، کسانوں کی جانب سے ادا کیے جانے والے حصے اور اسکیم کے دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمۂ مویشی پروری و ڈیری کے سکریٹری جناب نریش پال گنگوار نے بتایا کہ رواں سال اب تک 30 لاکھ سے زائد مویشیوں کا بیمہ کیا جا چکا ہے۔

مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے زراعت کے شعبے میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مویشیوں کے بیمے کا یہ پورٹل کسانوں کے لیے بڑی راحت کا باعث بنے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260928210249_011cf4.jpg

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے کہا کہ مویشی دیہی علاقوں کے لاکھوں خاندانوں کی آمدنی اور ذریعۂ معاش کا ایک اہم وسیلہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت اور کم خرچ بیمہ تحفظ کے ذریعے مویشیوں کی موت، بیماریوں کے پھیلاؤ، حادثات، قدرتی آفات اور دیگر غیر متوقع خطرات کے باعث کسانوں کو ہونے والے مالی نقصانات سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو اسکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے ان میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی، انہوں نے بیمہ کمپنیوں، ریاستی حکومتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اطلاعات، تعلیم و ابلاغ(آئی ای سی) مہمات کے ذریعے اس اسکیم کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image003_20260928210257_528d86.jpg

نئے شروع کیے گئے مویشیوں کے بیمے کا پورٹل پالیسی جاری کرنے، بیمے کے پریمیم کے انتظام، دعووں کی کارروائی، مستفیدین کی تصدیق اور حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل نظام فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے بیمے کے پورے عمل کو ابتدا سے اختتام تک آن لائن انجام دیا جا سکتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم کسانوں، ریاستی حکومتوں، بیمہ کمپنیوں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کو ایک ہی شفاف اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image004_20260928210317_8660e6.jpg

اس پورٹل سے توقع ہے کہ یہ:

  • مویشیوں کے بیمے کے لیے اندراج کے عمل کو آسان بنائے گا اور اس میں تیزی لائے گا۔
  • بیمے کے دعووں کے تصفیے میں شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دے گا۔
  • بیمہ پالیسیوں کی صورتِ حال پر حقیقی وقت میں نظر رکھنے اور ان کی نگرانی کی سہولت فراہم کرے گا۔
  • کسانوں اور بیمہ فراہم کرنے والوں کے لیے خدمات تک رسائی آسان بنائے گا اور کاروباری عمل کو سہل کرے گا۔
  • اسکیم پر مؤثر عمل درآمد کے لیے اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی کے نظام کو مضبوط بنائے گا۔

یہ اقدام مویشی پروری کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی خوشحالی کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے حکومت کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔

***

ش ح۔ س ک۔ ج ا

U.No. 6124


(ریلیز آئی ڈی: 2323704) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी