شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
سرکاری شماریات کے جریدے ’سرویکشنا‘ کے 121ویں شمارے کا اجرا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 7:04PM by PIB Delhi
سرکاری شماریات کے ممتاز شش ماہی جریدے’سرویکشنا‘ کا 121واں شمارہ وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ (ایم او ایس پی آئی) کے قومی شماریاتی نظام تربیتی اکیڈمی (این ایس ایس ٹی اے) نے جاری کیا۔
’سرویکشنا‘ قومی نمونہ جاتی سروے (این ایس ایس) اور دیگر سرکاری اعداد و شمار پر مبنی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ اپنے علمی معیار اور پالیسی سے متعلق افادیت کے لیے معروف یہ جریدہ شماریاتی تحقیق کی ترقی میں معاون ہے اور سرکاری شماریاتی اعداد و شمار کے وسیع تر استعمال کو فروغ دیتا ہے۔ اسے محققین، اعداد و شمار کے صارفین، وزارتوں اور محکموں نیز ملک کے سرکردہ قومی و بین الاقوامی اداروں تک پہنچایا جاتا ہے۔
121ویں شمارے میں سرکاری اعداد و شمار کے مختلف اہم پہلوؤں کا احاطہ کرنے والے تین تکنیکی تحقیقی مقالے شامل ہیں، جن کے موضوعات درج ذیل ہیں:
- ہندوستانی گھرانوں کے معیارِ زندگی پر اشیا کی صورت میں سماجی امداد کے اثرات۔
- صنعتی کارکردگی میں کارخانوں کے حجم کا کردار: صنعتوں کے سالانہ سروے (اے ایس آئی) 2022-23 کے اعداد و شمار پر مبنی ایک مطالعہ۔
- صنعتوں کے سالانہ سروے میں پی پی ایس سرکلر سسٹیمیٹک سیمپلنگ کو اپنانے کے اثرات: ایک سیمولیشن پر مبنی مطالعہ۔
ہر مقالے کو اس کے معیار، صحت اور موضوع سے متعلق افادیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہم مرتبہ جائزے اور ادارتی جانچ کے عمل سے گزارا گیا ہے۔ یہ مطالعات شماریاتی طریقۂ کار، صنعتی کارکردگی اور گھرانوں کے معیارِ زندگی کی تشکیل میں سماجی منتقلی کے کردار کو بہتر طور پر سمجھنے میں معاون ہیں۔
تکنیکی مقالوں کے علاوہ، اس شمارے میں قومی نمونہ جاتی سروے (این ایس ایس) کے تحت کیے گئے دو سروے کے اہم نتائج بھی پیش کیے گئے ہیں۔ ان میں غیر مربوط شعبے کے کاروباری اداروں کا سالانہ سروے (اے ایس یو ایس ای) 2025، جو جنوری سے دسمبر 2025 تک کے عرصے کا احاطہ کرتا ہے، اور متواتر افرادی قوت سروے (پی ایل ایف ایس) 2025، جو اسی عرصے سے متعلق ہے، شامل ہیں۔ ان سروے کے اہم نتائج کی شمولیت سے قارئین کو غیر مربوط شعبے اور مزدور منڈی کے رجحانات کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوتی ہیں، جس سے محققین، پالیسی سازوں اور سرکاری اعداد و شمار کے دیگر صارفین کے لیے اس شمارے کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
’سرویکشنا‘ کی مسلسل اشاعت کے ذریعے این ایس ایس ٹی اے نے سرکاری شماریات کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے، شماریاتی اعداد و شمار کے وسیع تر استعمال کی حوصلہ افزائی کرنے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی تجزیاتی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ جریدہ شماریاتی علم کے تبادلے، طریقۂ کار میں جدت کے فروغ اور باخبر فیصلہ سازی میں معاونت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
یہ شمارہ وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ کی ویب سائٹ www.mospi.gov.in اور این ایس ایس ٹی اے کی ویب سائٹ www.nssta.gov.in پر دستیاب ہے۔
***
UR-6099
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2323624)
وزیٹر کاؤنٹر : 8