سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت نے وزارتِ خارجہ-سی ایس آئی آر ٹیک فیملیرائزیشن افتتاحی پروگرام کے ذریعے گلوبل ساؤتھ کے ساتھ سائنس اور ٹکنالوجی کی شراکت داری کو مستحکم کیا


29 ممالک کے 33 سفیروں اور سفارت خانے کے اہلکاروں نے پائیدار بنیادی ڈھانچے، جینومکس اور صحت کی دیکھ بھال میں سی ایس آئی آر کی اختراعات کا جائزہ لیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 OCT 2026 7:55PM by PIB Delhi

گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے ساتھ بھارت کی سائنس اور ٹکنالوجی کی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے ایک اہم اقدام کے تحت، کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) نے، بھارت سرکار کی وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) کے نیو، ایمرجنگ اینڈ اسٹریٹجک ٹکنالوجیز (این ای ایس ٹی) ڈوژن کے تعاون سے، 14 اکتوبر 2026 کو ایم ای اے-سی ایس آئی آر ٹیک فیملیرائزیشن پروگرام کے افتتاحی ایڈیشن کا افتتاح کیا۔

اس پروگرام میں 29 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 33 سفیروں اور سفارت خانے کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی، جس سے انھیں سی ایس آئی آر کی سائنسی صلاحیتوں، دیسی ٹکنالوجیوں اور جدید تحقیقی بنیادی ڈھانچے کا براہ راست تجربہ حاصل ہوا۔ افتتاحی ایڈیشن میں نئی دہلی میں سی ایس آئی آر کی دو اہم لیبارٹریوں - سی ایس آئی آر-سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی) اور سی ایس آئی آر-انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ انٹیگریٹیو بائیولوجی (سی ایس آئی آر-آئی جی آئی بی) کا دورہ شامل تھا۔

سی ایس آئی آر اور ایم ای اے کے مشترکہ تصور سے تیار کردہ، یہ اقدام شراکت دار ممالک، خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کے ساتھ مضبوط سائنسی اور تکنیکی روابط قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے، جس میں بھارت کی تحقیقی صلاحیتوں کو ظاہر کیا جاتا ہے اور مشترکہ ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی تحقیق، ٹکنالوجی کی منتقلی، صلاحیت سازی اور اختراعی حل کی تعیناتی کے مواقع کی نشان دہی کی جاتی ہے۔

افتتاحی سیشن کے دوران، ڈاکٹر راما سوامی بنسل، ہیڈ، انٹرنیشنل ایس اینڈ ٹی افیئرز ڈائریکٹوریٹ، سی ایس آئی آر نے سی ایس آئی آر کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں، اس کی بین الاقوامی مصروفیات اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے ساتھ تعاون کے ممکنہ ماڈلز کا ایک جائزہ پیش کیا۔ ڈاکٹر صدر عالم، جوائنٹ سکریٹری، ایم ای اے نے پروگرام کی ابتدا، مقاصد اور توقعات کا خاکہ پیش کیا، جس میں سائنس اور ٹکنالوجی کے ذریعے بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

ڈاکٹر چلموری روی شیکھر، ڈائریکٹر، سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی، اور ڈاکٹر سووک میتی، ڈائریکٹر، سی ایس آئی آر-آئی جی آئی بی نے دورہ کرنے والے وفد کو اپنے متعلقہ اداروں کی تحقیقی طاقتوں، تکنیکی کام یابیوں اور پائیدار بنیادی ڈھانچے اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں شراکت سے متعارف کرایا۔

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی میں، وفد نے کئی جدید تحقیقی سہولیات اور ٹکنالوجیوں کا مشاہدہ کیا، جن میں ڈرائیونگ سمیلیٹر، سائکلک لوڈ ٹیسٹ فیسیلٹی، اسٹیل سلیگ لیبارٹری، بائیو بائنڈر ٹکنالوجی کا 3D ماڈل اور ڈرون ماڈلز شامل ہیں۔ ایک اہم جھلک ایکوفکس کا براہ راست مظاہرہ تھا، جو سڑک کی فوری دیکھ بھال کے لیے تیار کردہ اسٹیل سلیگ پر مبنی فوری گڑھے کی مرمت کا مرکب ہے۔ اس مظاہرے نے دکھایا کہ کس طرح دیسی ٹکنالوجیاں صنعتی فضلہ کو قیمتی وسائل میں تبدیل کر سکتی ہیں جب کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے عملی، پائیدار اور لاگت مؤثر حل پیش کرتی ہیں۔

وفد نے بعد میں سی ایس آئی آر-آئی جی آئی بی کا دورہ کیا، جہاں شرکا کو جینوم سیکوینسنگ، بائیو سیفٹی، زیبرا فش ریسرچ، بائیو بینکنگ اور گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس (جی ایم پی) میں جدید سہولیات سے متعارف کرایا گیا۔ اس دورے نے جینومکس، بائیو میڈیکل ریسرچ، پریسیشن ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹکنالوجی میں بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے بارے میں بصیرت فراہم کی، جس میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں سائنسی تعاون اور صلاحیت سازی کے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔

پروگرام کا اختتام ایک انٹرایکٹو سیشن کے ساتھ ہوا جس کے دوران دورہ کرنے والے سفیروں اور سفارت خانے کے اہلکاروں نے سی ایس آئی آر کے ساتھ مستقبل کی مصروفیت کے لیے اپنے نقطہ نظر، ترجیحات اور توقعات کا اظہار کیا۔ گفت و شنید میں مشترکہ تحقیق، ٹکنالوجی کی شراکت داری، علم کے تبادلے، صلاحیت سازی اور شراکت دار ممالک کی مخصوص ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھارتی ٹکنالوجیوں کی موافقت کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افتتاحی ایم ای اے-سی ایس آئی آر ٹیک فیملیرائزیشن پروگرام بھارت کی سائنسی اور تکنیکی طاقتوں کو بامعنی بین الاقوامی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی سمت ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ غیر ملکی سفارتی نمائندوں کو براہ راست سی ایس آئی آر لیبارٹریوں میں لانے اور سائنس دانوں اور ٹکنالوجی ڈویلپرز کے ساتھ گفت و شنید کی سہولت فراہم کرنے کے ذریعے، یہ اقدام تعاون کے عملی شعبوں کی نشان دہی کرنے اور اختراعی حل کو اپنانے میں تیزی لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

توقع ہے کہ یہ پروگرام سی ایس آئی آر اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان پائیدار مصروفیت کے لیے نئے راستے کھولے گا، جس سے جامع اور پائیدار ترقی کے لیے سائنسی علم، تکنیکی مہارت اور دیسی اختراعات کو بانٹنے کے لیے بھارت کے عزم کو تقویت ملے گی۔

***

(ش ح - ع ا)

U.No. 6108

 


(ریلیز آئی ڈی: 2323594) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी