ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے دہلی میں سڑکوں پر اڑنے والی دھول کی روک تھام اور سڑکوں کی گہری صفائی کے لیے ایم سی ڈی کے تمام 12 زونوں کی زون وار تیاریوں کا جائزہ لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 OCT 2026 7:36PM by PIB Delhi
دہلی میں فضائی آلودگی پر مؤثر کنٹرول کے لیے دھول کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور سڑکوں کی صفائی بہتر کرنے کی مسلسل کوششوں کے تحت، این سی آر اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے آج اپنے چیئرمین جناب راجیش ورما کی صدارت میں ایک سماعت منعقد کی۔ اس کا مقصد میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے تمام 12 زونوں میں کیے گئے اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ جائزے میں سڑکوں، سڑکوں کے کناروں، درمیانی حصوں، فٹ پاتھوں اور دیگر کھلی جگہوں سے جمع شدہ اور طویل عرصے سے موجود دھول، کوڑا کرکٹ اور تعمیراتی و انہدامی فضلے (سی اینڈ ڈی ویسٹ) کو ہٹانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

یہ سماعت کمیشن کی جانب سے 7 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ نوٹس کے تحت منعقد کی گئی، جو 3 اکتوبر 2026 کو کیے گئے معائنے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ معائنے کے دوران پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے زیر انتظام اور ایم سی ڈی کے ذریعے صاف کی جانے والی سڑکوں کے بعض حصوں پر نمایاں مقدار میں دھول اور تعمیراتی و انہدامی فضلے کے جمع ہونے کے واقعات مشاہدے میں آئے تھے۔ اس سے زمینی سطح پر دھول کی روک تھام اور صفائی کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ظاہر ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے کمشنر اور اس کے تمام 12 زونوں کے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں (ڈی سی) کو طلب کیا گیا تاکہ وہ نشاندہی کردہ خامیوں کو دور کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور تیاریوں کی وضاحت پیش کریں۔ سماعت کے دوران ایم سی ڈی کے ڈپٹی کمشنروں نے زون وار پیشکشیں پیش کیں، جن میں صفائی اور سڑکوں پر جھاڑو دینے کی کارروائیوں، دھول کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے اقدامات، ضابطوں پر عمل درآمد کے لیے کی گئی کارروائیوں اور سڑکوں کی صفائی مزید بہتر بنانے اور سڑکوں سے اٹھنے والی دھول کے اخراج کو کم کرنے کی تیاریوں کی تفصیلات بیان کی گئیں۔
پیشکشوں میں میکانکی طریقے سے سڑکوں کی صفائی، پانی کے چھڑکاؤ، سڑکوں کو دھونے اور اہم سڑکوں نیز فضائی آلودگی کے لیے نشان زدہ حساس مقامات کی جامع اور گہری صفائی کے لیے مسلسل کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔ طویل عرصے سے جمع دھول، گاد، ملبے، کوڑے کرکٹ اور تعمیراتی و انہدامی فضلے کو ہٹانے اور سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے اقدامات بھی پیش کیے گئے۔ اس کے ساتھ فٹ پاتھوں، سڑکوں کے کناروں، درمیانی حصوں، کرب اسٹونز اور دھول جمع ہونے کے امکان والی دیگر جگہوں کی صفائی کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ مکینیکل روڈ سویپنگ مشینوں (ایم آر ایس ایم)، پانی کے چھڑکاؤ کے آلات، واٹر ٹینکروں، اینٹی اسموگ گن، جیٹنگ مشینوں اور صفائی کے لیے مخصوص ٹیموں کی تعیناتی دہلی میں ایم سی ڈی کے 12 زونوں کی جانب سے دھول کو دبانے اور صفائی کے لیے جاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔

زونوں کی جانب سے گڑھوں اور سڑکوں کے خراب حصوں کی مرمت، کچی جگہوں پر پختہ فرش بچھانے، دھول سے متاثر ہونے والے مقامات پر شجرکاری اور حساس مقامات پر صفائی ستھرائی بہتر بنانے کے اقدامات بھی پیش کیے گئے۔ موسم سرما کے لیے تیاریوں میں خصوصی گہری صفائی مہمات، فضائی آلودگی کے لیے نشان زد حساس مقامات پر مخصوص اقدامات، تعمیراتی و انہدامی فضلے کو جمع کرنے کے لیے مقررہ مقامات کے بہتر انتظام، باقاعدہ میدانی معائنے اور کھلے عام کچرا جلانے، فضلے کو نامناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور آلودگی پھیلانے والی دیگر سرگرمیوں کے خلاف کارروائی شامل ہے۔ دھول پیدا کرنے والی سرگرمیوں پر قابو پانے اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق زیر التوا مسائل حل کرنے کے لیے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی)، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے)، دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی)، ریلوے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس جائزے میں آؤٹر نارتھ زون (نریلا)، سٹی ایس پی زون (پرانی دہلی)، سول لائنز زون (شمالی)، روہنی زون (شمال مغربی)، سینٹرل نارتھ زون (کیشو پورم)، سینٹرل زون (کرول باغ)، ساؤتھ زون، سینٹرل زون (جنوب مشرقی)، نجف گڑھ زون (جنوب مغربی)، ویسٹ زون، شاہدرہ ساؤتھ زون (مشرقی) اور شاہدرہ نارتھ زون (شمال مشرقی) کا احاطہ کیا گیا۔
کمیشن نے سڑکوں کی صفائی بہتر بنانے اور سڑکوں سے اٹھنے والی دھول کے اخراج میں مسلسل کمی یقینی بنانے کے لیے پیش کیے گئے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید کہا گیا کہ دھول کی روک تھام کے مقررہ اقدامات پر عمل درآمد میں مسلسل کوتاہیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور عدم تعمیل کے لیے ذمہ دار اداروں یا افسران کے خلاف استغاثہ سمیت مناسب کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔
ایم سی ڈی کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی کہ تعینات کی گئی مشینری اور صفائی کے عملے کا مؤثر استعمال یقینی بنائیں اور کیے جانے والے کام کی مقدار اور حقیقی ضرورت کے مطابق مشینری میں اضافہ کریں۔ اس کے علاوہ نشان زدہ سڑکوں کے حصوں کی باقاعدہ صفائی، جمع شدہ دھول اور تعمیراتی و انہدامی فضلے کو فوری طور پر ہٹانے اور سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے، نیز خراب سڑکوں اور دھول پیدا کرنے والے دیگر مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔ زمینی سطح پر قریبی نگرانی، پیش رفت کی باقاعدہ جانچ اور اقدامات پر عمل درآمد میں کوتاہیوں کے لیے جواب دہی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کمیشن نے ایم سی ڈی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ سڑکوں اور کھلی جگہوں سے جمع شدہ دھول اور کوڑے کرکٹ کو 31 اکتوبر 2026 کی مقررہ مدت کے اندر ہٹانا یقینی بنایا جائے۔ تمام متعلقہ زونوں اور اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کمیشن کی قانونی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں اور سڑکوں سے اٹھنے والی دھول کی آلودگی پر مؤثر طور پر قابو پانے، اسے کم کرنے اور دہلی-این سی آر میں فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے دھول کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مضبوط بنائیں۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
12-10-2026
U: 5054
(ریلیز آئی ڈی: 2322568)
وزیٹر کاؤنٹر : 3