مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
محکمۂ ٹیلی مواصلات کے سکریٹری جناب امت اگروال نے این سی اے-ایف میں خصوصی بنیادی تربیتی کورس2026 کا افتتاح کیا
آل انڈیا اور مرکزی سول سروسز کے11زمروں سے تعلق رکھنے والے116زیرتربیت افسران نے دس ہفتوں پر مشتمل پروگرام شروع کیا
خصوصی بنیادی تربیتی کورس کا مقصد اخلاقی اقدار کے حامل، شہریوں پر مرکوز اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار ایسے سول افسران تیار کرنا ہے جو وکست بھارت کے وژن کے لیے پُرعزم ہوں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 OCT 2026 5:10PM by PIB Delhi
خصوصی بنیادی تربیتی کورس(ایس ایف سی) 2026کا آج نئی دہلی میں واقع نیشنل کمیونیکیشنز اکیڈمی– فنانس (این سی اے-ایف) کے احاطے میں افتتاح کیا گیا۔ اس کورس میں آل انڈیا اور مرکزی سول سروسز کے11 زمروں سے تعلق رکھنے والے کل116 زیرِ تربیت افسران شرکت کر رہے ہیں۔ این سی اے-ایف کی جانب سے منعقد کیا جانے والا یہ دوسرا خصوصی بنیادی تربیتی کورس ہے۔
محکمۂ ٹیلی مواصلات کے سکریٹری جناب امت اگروال اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ افتتاحی خطاب میں انہوں نے علم تک عام رسائی کے اس دور میں تنقیدی اور تجزیاتی صلاحیتوں کی اہمیت پر زور دیا۔ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی اب مستقبل کے تمام سوالوں کے جواب فراہم نہیں کرتا۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ تبدیلی لانے والی ٹیکنالوجی کو درست فیصلہ سازی اور بنیادی انسانی اقدار سے ہم آہنگ کرکے مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار سرکاری خدمت گار بنیں۔
این سی اے-ایف کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سنجیون سنہا نے وفاداری کا حلف دلایا۔ خصوصی بنیادی تربیتی کورس 2026کے کورس ڈائریکٹر ڈاکٹر کمل کپور نے معزز مہمانوں اور زیرِ تربیت افسران کا خیرمقدم کیا اور نظم و ضبط، حصولِ علم اور باہمی رفاقت کی بنیادی اقدار پر زور دیا۔ کورس کے رابطہ کار جناب امرناتھ اوجھا نے کورس کے خاکے کی تفصیلات پیش کیں۔
12 اکتوبر سے18 دسمبر2026تک جاری رہنے والے اس دس ہفتے کے کورس میں تعلیمی اور عملی تجربات پر مشتمل18 اجزاء شامل ہیں، جن میں عوامی انتظامیہ، قانون، اقتصادیات، اخلاقیات، قیادت، قومی سلامتی اور اچھی حکمرانی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ممتاز شخصیات کے خطابات پر مشتمل ‘وکست بھارت مذاکرات’، میدانی تحقیق و مطالعاتی پروگرام اور بھارت-تبت سرحدی پولیس (آئی ٹی بی پی) کے اشتراک سے ہمالیائی مطالعاتی دورہ بھی اس کورس کا حصہ ہیں۔
اس کورس کا مقصد اخلاقی اقدار کے حامل، شہریوں کی ضروریات کو ترجیح دینے والے اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار ایسے سرکاری خدمت گار تیار کرنا ہے جو وکست بھارت کے وژن کے لیے پُرعزم ہوں۔
این سی اے-ایف کے بارے میں
نیشنل کمیونیکیشنز اکیڈمی – فنانس (این سی اے-ایف)، نئی دہلی، محکمۂ ٹیلی مواصلات کے تحت کام کرنے والا ایک مرکزی تربیتی ادارہ ہے، جسے صلاحیت سازی کمیشن نے ‘سرووت کرشٹ’ درجہ دیا ہے۔ اس کا نصب العین ‘‘سروَسْیَ مولم سنچارَہ’’ ہے، جس کا مطلب ہے ‘‘ابلاغ ہر چیز کی بنیاد ہے’’۔ این سی اے-ایف کا مقصد صلاحیت سازی، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں ایک ممتاز مرکز بننا ہے۔ اس مقصد کے تحت یہ ادارہ ہندوستانی علمی نظاموں کو عالمی بہترین طور طریقوں کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے ایسے سرکاری خدمت گار تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے جو شہریوں کی ضروریات کو ترجیح دیں اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار ہوں۔

گروپ فوٹو اسپیشل فاؤنڈیشن کورس 2026

محکمۂ ٹیلی مواصلات کے سکریٹری جناب امت اگروال زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے۔
********
) ش ح ۔ا ک۔ش ت)
U.No. 5032
(ریلیز آئی ڈی: 2322463)
وزیٹر کاؤنٹر : 5