سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بڑے اور چھوٹے پیمانے پر مقناطیسی سرگرمی سورج میں مائکروویو قطبی چمک  کی وجہ ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 4:07PM by PIB Delhi

محققین نے اس معمہ کی کھوج کی ہے کہ مخصوص مائکر وویو اور ریڈیو تعدد پر نقشہ بندی کرنے کے دوران سورج کے قطبی علاقے، شمسی قرص کے باقی حصوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ روشن کیوں دکھائی دیتے ہیں۔

اس مطالعے سے سورج کے قطبی فضائی خطے میں مقناطیسی میدان اور درجۂ حرارت کی صورتِ حال کو سمجھنے میں اہم معلومات حاصل ہو سکتی ہیں۔

سورج کے قطبی علاقے اس کے مقناطیسی میدان کے ارتقا اور شمسی ہوا کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم، کئی دہائیوں سے مشاہدات کے باوجود، مائکر وویو تابناکی میں قطبی اضافہ، یعنی سورج کے قطبین کے قریب ریڈیو اخراج میں نظر آنے والے اضافے کی وجہ اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔

مائکر وویو تابناکی میں قطبی اضافہ سورج کے قطبین کے قریب ریڈیو تابناکی میں اضافے کی صورت میں دکھائی دیتا ہے۔ سابقہ مطالعات میں اس تابناکی کے اضافے کو قطبی شمسی تاجی خلا، قطبی فاکیولائی اور مقناطیسی میدان جیسی خصوصیات سے جوڑا گیا ہے۔ شمسی تاجی خلا، انتہائی بالائے بنفشی (ای یو وی) تصاویر میں تاریک علاقے ہوتے ہیں، جہاں مقناطیسی میدان کی لکیریں زیادہ تر کھلی ہوتی ہیں، جس سے تیز رفتار شمسی ہوا کو باہر نکلنے کا راستہ ملتا ہے۔ تاہم، ان میں سے ہر خصوصیت کا کتنا حصہ ہے اور مائکر وویو تابناکی میں قطبی اضافے کے طویل مدتی رویے میں ان کا کیا کردار ہے، یہ باتیں پوری طرح سمجھ میں نہیں آ سکی ہیں۔

حال ہی میں، نینی تال میں واقع آریہ بھٹ مشاہداتی سائنس کے تحقیقی ادارے (اے آر آئی ای ایس ) ، جو حکومتِ ہند کے سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) کے تحت ایک خودمختار تحقیقی ادارہ ہے، کے محققین نے ادے پور شمسی رصدگاہ (یو ایس او)/طبعی تحقیقاتی تجربہ گاہ (پی آر ایل)، آئی آئی ٹی دہلی اور آئی آئی ٹی روڑکی کے محققین کے اشتراک سے ایک مطالعہ کیا۔ اس مطالعے میں17 گیگا ہرٹز تعدد پر کام کرنے والی نوبیاما ریڈیو ہیلیوگراف (این او آر ایچ )سے حاصل شدہ تقریباً تین دہائیوں کے مشاہدات کی مدد سے مائکر وویوتابناکی میں قطبی اضافے کا جامع جائزہ لیا گیا۔

اس مظہر کی ابتدا اور طویل مدتی ارتقا کا جائزہ لینے کے لیے ریڈیو اعداد و شمار کو ناسا کی شمسی حرکیات رصدگاہ سے حاصل شدہ انتہائی بالائے بنفشی مشاہدات اور ولکوکس شمسی رصدگاہ سے حاصل شدہ مقناطیسی میدان کی پیمائشوں کے ساتھ یکجا کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261012160821_e50d0d.jpg

شکل 1: نوبیاما ریڈیو ہیلیوگراف کے مشاہدات سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر، سورج کے شمالی اور جنوبی قطبین پر خرد موجی تابناکی میں اضافے اور قطبی شمسی تاجی خلا کے رقبے میں طویل مدتی تبدیلیاں۔ مشاہدات سے شمسی چکر کے مطابق واضح تبدیلیاں اور دونوں نصف کروں کے درمیان عدم یکسانیت کا پتا چلتا ہے۔

آریہ بھٹ مشاہداتی سائنس کے تحقیقی ادارے، نینی تال اور آئی آئی ٹی روڑکی سے وابستہ سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کے اِن اسپائر کے سینئر تحقیقی فیلو جناب روہن بوس کی قیادت میں تحقیقی ٹیم نے، جس میں ڈاکٹر انشو کماری (یو ایس او/پی آر ایل)، ڈاکٹر ویبھو پنت (آئی آئی ٹی دہلی) اور دیگر معاون محققین شامل تھے، خرد موجی تابناکی میں اضافے اور قطبی شمسی تاجی خلا کے رقبے میں طویل مدتی تبدیلیوں کے حوالے سے شمالی اور جنوبی قطبین کے درمیان واضح فرق کا انکشاف کیا۔

شمسی تاجی خلا(کرونل ہولز) کے کردار کو سمجھنے کے لیے محققین نے خرد موجی (مائکرو ویو)مشاہدات کا موازنہ انتہائی بالائے بنفشی (ای یو وی) تصاویر سے شناخت کیے گئے قطبی شمسی تاجی خلا کے رقبے سے کیا۔ مطالعے میں خرد موجی تابناکی میں قطبی اضافے اور قطبی شمسی تاجی خلا کے حجم کے درمیان مضبوط تعلق پایا گیا۔  خرد موجی(مائکرو ویو)  تابناکی میں قطبی اضافے اور سورج کے قطبی مقناطیسی میدان کی قوت کے درمیان اس سے بھی زیادہ مضبوط تعلق دیکھا گیا۔ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ خرد موجی تابناکی میں قطبی اضافے کی طویل مدتی تبدیلیوں کا سورج کے قطبی فضائی خطے کی مقناطیسی ساخت سے گہرا تعلق ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261012160834_f4c203.jpg

شکل 2: خرد موجی (مائکرو ویو) تابناکی میں قطبی اضافے کا موازنہ قطبی شمسی تاجی خلا کے رقبے اور قطبی مقناطیسی میدان کی قوت سے۔ تینوں مقداروں کے درمیان مضبوط باہمی تعلق دیکھا گیا ہے۔

محققین نے خرد موجی مشاہدات کا بیک وقت حاصل کی گئی انتہائی بالائے بنفشی تصاویر سے موازنہ کرتے ہوئے خرد موجی تابناکی کے انفرادی روشن دھبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انھوں نے پایا کہ ان میں سے بہت سے روشن علاقے چھوٹی، روشن خصوصیات سے مطابقت رکھتے ہیں، جنھیں شمسی تاج کے روشن نقاط کہا جاتا ہے۔ یہ چھوٹے پیمانے کے مقناطیسی حلقوں سے بنتے ہیں اور عموماً قطبی شمسی تاجی خلا کے اندر پائے جاتے ہیں۔ کئی معاملات میں ان روشن علاقوں کا تعلق شمسی تاج سے نکلنے والی جیٹ نما شعاعوں سے بھی پایا گیا، جو سورج کے قطبی فضائی خطے میں مسلسل جاری چھوٹے پیمانے کی مقناطیسی سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261012160845_232747.jpg

شکل 3: قطبی شمسی تاجی خلا کے اندر مشاہدہ کیے گئے خرد موجی تابناکی کے روشن دھبوں کی مثالیں۔ ان میں سے بہت سے روشن دھبے انتہائی بالائے بنفشی مشاہدات میں نظر آنے والے شمسی تاج کے روشن نقاط (دائیں) اور شمسی تاج سے نکلنے والی جیٹ نما شعاعوں (بائیں) سے وابستہ ہیں۔

فلکی طبیعیات کے جریدے میں شائع ہونے والے ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور چھوٹے، دونوں پیمانوں پر ہونے والے مقناطیسی عمل خرد موجی تابناکی میں قطبی اضافے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جہاں مجموعی تابناکی میں تبدیلی قطبی مقناطیسی میدان اور شمسی تاجی خلا کے ارتقا کے مطابق ہوتی ہے، وہیں ان علاقوں میں مقامی سطح پر تابناکی کا بڑھنا اکثر چھوٹی مقناطیسی ساختوں اور جیٹ نما سرگرمیوں سے وابستہ ہوتا ہے۔ یہ نتائج اس بات کے مضبوط مشاہداتی شواہد فراہم کرتے ہیں کہ خرد موجی تابناکی میں قطبی اضافہ سورج کے قطبی مقناطیسی ماحول کے ارتقا کے زیر اثر ہوتا ہے۔ ساتھ ہی، یہ شمسی قطبی سرگرمی اور شمسی ہوا کی اصل  کو سمجھنے کے لیے ریڈیو مشاہدات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔

اشاعت: ڈی او آئی: 10.3847/1538-4357/ae6b70

 

********

) ش ح ۔ا ک۔ش ت)

U.No. 5022

 


(ریلیز آئی ڈی: 2322325) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी