وزارتِ تعلیم
یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کے دوران اڈیشہ کے وفد نے صدر جمہوریۂ ہند سے ملاقات کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 11:08PM by PIB Delhi
یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کے لیے، نوڈل ادارے، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) سمبل پور کی قیادت میں اڈیشہ کا وفد 5 اکتوبر 2026 کو ہماچل پردیش پہنچا۔ اس وفد کی میزبانی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) ہمیرپور کر رہا ہے۔

این آئی ٹی ہمیرپور کی جانب سے وفد کے اراکین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ وفد ریاست کی ثقافت، روایات، تعلیمی اداروں اور طرزِ زندگی سے واقفیت حاصل کر رہا ہے۔ اس دورے کے دوران طلبہ کے وفد نے 6 اکتوبر 2026 کو ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب سکھوندر سنگھ سکھو سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کے اراکین کا خیرمقدم کیا اور ان سے تبادلۂ خیال کیا۔

وفد نے 7 اکتوبر 2026 کو صدرِ جمہوریۂ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران وفد کے اراکین کو ہندوستان کے تنوع اور قومی اتحاد کی اہمیت کے بارے میں صدرِ جمہوریہ کے خیالات سننے کا موقع ملا۔ یہ پہلا موقع تھا جب یووا سنگم کے وفد کے اراکین نے صدرِ جمہوریہ سے براہِ راست بات چیت کی۔

یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کے تحت اڈیشہ اور ہماچل پردیش کے درمیان اس تبادلے کا مقصد نوجوان ہندوستانیوں کو ملک کے تنوع سے روشناس کرانا، اپنی آبائی ریاستوں سے باہر کے لوگوں کے ساتھ میل جول کے مواقع فراہم کرنا اور ہندوستان کے مشترکہ ثقافتی ورثے کے تئیں قدر و احترام کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ اس تبادلے کے ذریعے شرکاء کو مختلف ثقافتوں اور روایات کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے، جس سے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے تصور کو تقویت ملتی ہے اور قومی اتحاد مزید مستحکم ہوتا ہے۔

وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے ہندوستان کے نوجوانوں کے درمیان ثقافتی اور جذباتی رشتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ پروگرام کے تحت یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کا آغاز کیا ہے۔ اس پہل کے ذریعے ریاستوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان 20 جوڑیوں کی تشکیل کی گئی ہے، جن کے تحت نوجوان شرکاء کو مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ثقافتی ورثے، روایات، تعلیمی منظرنامے اور ترقیاتی کامیابیوں سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ اس طرح باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
*****
ش ح۔ م ش۔ ص ج
U. No-4996
(ریلیز آئی ڈی: 2322111)
وزیٹر کاؤنٹر : 3