ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم کی 48ویں عالمی ہنرمندی مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے نمائندوں سے ملاقات


وزیر اعظم نے ہنرمندی کی تربیت دینے والے اداروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم سے کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہیں

وزیر اعظم نے مشورہ دیا کہ ٹیکنالوجی میں تبدیلی کے ساتھ نوجوانوں کو مسلسل نئی مہارتیں سیکھنی چاہئیں اور اپنی موجودہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا چاہیے

وزیر اعظم نے ہندوستان کو ہنرمند افرادی قوت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا

شرکاء نے نئے آلات، سافٹ ویئر، تکنیکی نظام اور کام کے طریقۂ کار کے مطابق خود کو ڈھالنے کے اپنے تجربات  کا اشتراک کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 OCT 2026 5:30PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج پہلے 7، لوک کلیان مارگ پر شنگھائی میں منعقد ہونے والے عالمی ہنرمندی مقابلے 2026 کے لیے ہندوستانی ٹیم کے نمائندوں سے بات چیت کی۔

اس ملاقات کے دوران شرکاء نے مقابلے کے دوران اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بین الاقوامی مقابلے کے دوران نئے آلات، سافٹ ویئر، تکنیکی نظام اور کام کے طریقۂ کار کے مطابق خود کو ڈھالنے کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے ہنرمندی کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن سے نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے پر شرکاء کو مبارک باد دی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ہنرمندی کی ترقی کے سفیر بنیں۔ انہوں نے کہا کہ عملی مہارتیں بھی تعلیمی ڈگریوں جتنی اہم ہیں۔

وزیر اعظم نے خصوصی مہارتوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلی کے پیش نظر نوجوانوں کو مسلسل نئی مہارتیں سیکھنی چاہئیں، اپنی موجودہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا چاہیے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے مطابق خود کو ڈھالنا چاہیے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی بازار کی ضروریات کے مطابق اپنی مہارتوں کو فروغ دیں اور اپنے تجربات اور تجاویز کے ذریعے ہندوستان میں ہنرمندی کی تربیت کے نظام کو بہتر بنانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے ہندوستان کو ہنرمند افرادی قوت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے نوجوانوں، حکومت اور تربیتی اداروں کی مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے ہنرمندی کی ترقی کے لیے الگ وزارت قائم کرنے کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہنرمندی کی تربیت دینے والے اداروں کی اہمیت آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم سے کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہندوستان میں ہنرمندی کی تربیت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے اپنے تجربات اور تجاویز حکومت کے ساتھ شیئر کریں۔

ورلڈ اسکلز دنیا کا سب سے بڑا بین الاقوامی ہنرمندی مقابلہ ہے، جس میں حصہ لینے والے ممالک اور خطوں کے نوجوان پیشہ ور افراد مختلف پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارتوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ 48واں عالمی ہنرمندی مقابلہ، ورلڈ اسکلز شنگھائی 2026، 22 سے 27 ستمبر 2026 تک شنگھائی کے نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے چھ چاندی کے تمغے اور عمدہ کارکردگی کے 20 تمغے جیت کر دسویں پوزیشن حاصل کی۔ اب تک کے سب سے بڑے دستے نے ہندوستان کی نمائندگی کی، جس میں 70 شرکاء نے 63 ہنرمندی کے شعبوں میں حصہ لیا۔

اس ملاقات میں ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری کے علاوہ حکومتِ ہند کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

***

ش ح۔   م ع ن۔ ن ع

U-NO-4925


(ریلیز آئی ڈی: 2321497) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी