راجیہ سبھا سکریٹریٹ
راجیہ سبھا کے عزت مآب ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش کی قیادت میں ہندوستانی پارلیمانی وفد نے تنزانیہ کے شہر اروشا میں منعقدہ آئی پی یو کی 153ویں اسمبلی کے چوتھے روز، یعنی 8 اکتوبر 2026 کو بھی اپنی شرکت جاری رکھی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 5:35PM by PIB Delhi
راجیہ سبھا کے عزت مآب ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش اور وفد کے ارکان نے بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی کے تیسرے روز نیپال کی جانب سے پیش کیے گئے اور منظور شدہ ہنگامی موضوع پر ہونے والی بحث میں حصہ لیا۔ اس موضوع کا عنوان تھا: ’’ہمالیائی خطے اور دیگر حساس علاقوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آفات سے نمٹنے اور ان کے مقابلے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے فوری پارلیمانی اقدامات‘‘۔ہندوستانی وفد نے ’’ شمولیت، اعتماد اور مواقع کے ذریعے بہتر حکمرانی کو فروغ دینے اور برادریوں کو بااختیار بنانے‘‘ کے موضوع پر جاری عام بحث میں بھی شرکت کی۔
لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے مذکورہ ہنگامی موضوع پر ہونے والی بحث میں حصہ لیا اور اس کی حمایت میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ہندوستان کا نقطۂ نظر پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے بیورو کے اجلاس میں شرکت کی اور مستقبل میں کسی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کے لیے کمیٹی کے زیرِ غور آنے والے آئندہ موضوعات کے بارے میں ہندوستانی پارلیمنٹ کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے مذکورہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور قرارداد کی منظوری میں اپنا تعاون پیش کیا۔
راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سسمت پاترا نے اقوام متحدہ کے امور سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور ’’تنازعات کی روک تھام اور حل کے لیے اقوام متحدہ کا نظام کیسے کام کرتا ہے؟‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے میں حصہ لیا۔ انہوں نے آئی پی یو کے صدر کے عہدے کے امیدواروں کے ساتھ منعقدہ سماعت میں بھی شرکت کی۔ یہ سماعت تنزانیہ کے شہر اروشا میں آئی پی یو کی 153ویں اسمبلی کے آخری روز، 9 اکتوبر 2026 کو ہونے والے انتخاب سے قبل منعقد کی گئی۔
لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لتا وانکھیڑے نے پائیدار ترقی سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور ’’مصنوعی ذہانت اور کام کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے میں حصہ لیا۔
راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے پارلیمانوں کے سکریٹری جنرلوں کی انجمن (اے ایس جی پی) کے اجلاس میں شرکت کی اور ’’پارلیمنٹ کے اخراجات کے لیے مالی وسائل کیسے فراہم کیے جاتے ہیں اور بجٹ مختص کرنے اور اس کی منظوری کے کیا طریقۂ کار ہیں؟‘‘ کے موضوع پر عام بحث سے متعلق غیر رسمی گروپ کی گفتگو میں حصہ لیا۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے شرکاء کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے بجٹ سے متعلق طریقۂ کار کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
آسٹریلیا کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر جناب ملٹن ڈک کو آج، 9 اکتوبر 2026 کو، متحدہ جمہوریہ تنزانیہ کے شہر اروشا میں منعقدہ بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی میں آئی پی یو کا صدر منتخب کیا گیا۔ نتائج کے اعلان کے فوراً بعد راجیہ سبھا کے عزت مآب ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش اور اروشا میں موجود ہندوستانی پارلیمانی وفد کے دیگر ارکان نے ذاتی طور پر انہیں مبارک باد پیش کی اور آئی پی یو کے صدر کی حیثیت سے ان کی کامیاب مدت کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
_20261009173620_5cd0c8.jpeg)

***
ش ح۔ م ع ن۔ ن ع
U-NO-4921
(ریلیز آئی ڈی: 2321495)
وزیٹر کاؤنٹر : 8