عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عملہ، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنس کی وزارتوں میں ’خصوصی سوچھتا مہم 6.0‘ کا آغاز کیا
صفائی ستھرائی کی مہم اچھی حکمرانی، وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی خدمت کی پائیدار ثقافت میں تبدیل ہو رہی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
ای-کچرے اور اسکریپ کو ٹھکانے لگانے سے 5,102.91 کروڑ روپے حاصل ہوئے؛ پانچ سالوں میں 1,049.54 لاکھ مربع فٹ سے زیادہ دفتری جگہ خالی کرائی گئی: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
ڈی او پی ٹی-ڈی اے آر پی جی، سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹر اور وزارت ارضیاتی سائنس میں مہم کو آگے بڑھایا گیا؛ 100 سے زیادہ سائنسی ادارے مہم میں شامل ہوئے
سی ایس آئی آر کی ’کچرے سے دولت‘ کی ٹیکنالوجیز کچرے کے انتظام کو وسائل کی بازیابی، اختراع اور قدر افزائی تک وسعت دیتی ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 5:31PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنس کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے وزیراعظم کے دفتر، محکمہ جوہری توانائی، محکمہ خلا، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج خصوصی مہم 6.0 کے نفاذ کے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سوچھتا کی اپیل اب اچھی حکمرانی، عوامی وسائل کے موثر استعمال، زیر التوا معاملات میں کمی اور کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کے پائیدار کلچر میں تبدیل ہو چکی ہے۔
2014 میں لال قلعہ سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی سوچھتا کی اپیل کو یاد کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ پہل رفتہ رفتہ ایک عوامی تحریک میں تبدیل ہو گئی اور بعد میں سرکاری دفاتر میں ایک ادارہ جاتی عمل بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم نے بیت الخلاء اور صفائی ستھرائی سے لے کر پرانی فائلوں، غیر ضروری فرنیچر، ای-فائلوں اور الیکٹرانک اسکریپ کو ٹھکانے لگانے تک مسلسل نئی جہتیں اختیار کی ہیں۔ اس طرح سوچھتا کو انتظامی کارکردگی، عوامی جگہ کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور وسائل کے پیداواری انتظام سے جوڑا گیا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دن کا آغاز انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کی جانب سے نامزد مقام پر خصوصی مہم 6.0 کی افتتاحی سرگرمیوں میں حصہ لے کر کیا۔ انہوں نے شرم دان میں حصہ لیا، ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ پہل کے تحت شجرکاری کی اور حفاظتی کٹس اور مٹھائیاں تقسیم کرکے صفائی متروں کو اعزاز سے نوازا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پرانے ریکارڈ کو تلف کرنے کے علامتی آغاز میں بھی حصہ لیا۔
محترمہ نویدیتا شکلا ورما، سکریٹری، ڈی اے آر پی جی؛ محترمہ راچنا شاہ، سکریٹری، ڈی او پی ٹی؛ اور ڈاکٹر سریندر کمار بگڈے، ڈائریکٹر جنرل، نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس (این سی جی جی)، موجود سینئر عہدیداروں میں شامل تھے۔ ڈی اے آر پی جی خصوصی مہم کے لیے نوڈل محکمہ ہے۔
اس کے بعد وزیر موصوف سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹر کے لیے روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے سائنسی اور تکنیکی ماحولیاتی نظام میں خصوصی مہم 6.0 کو آگے بڑھایا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بڑے پیمانے پر صفائی مہم کی قیادت کی، سوچھتا دستخطی مہم اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور صفائی متروں کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر این. کلائیسلوی، ڈائریکٹر جنرل، سی ایس آئی آر اور سکریٹری، ڈی ایس آئی آر؛ پروفیسر امیش وی. واگھمارے، سکریٹری، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی)؛ اور ڈاکٹر راجیش ایس. گوکھلے، سکریٹری، محکمہ بایوٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی)، نے ڈی ایس ٹی، ڈی بی ٹی اور سی ایس آئی آر کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ پروگرام میں شرکت کی۔ سی ایس آئی آر کی سرگرمیوں میں جن بھاگیداری پر زور دیتے ہوئے فرسودہ ریکارڈ اور اسکریپ کا جائزہ لینے اور انہیں ٹھکانے لگانے، کام کی جگہ کو بہتر بنانے اور دفتری جگہ کا موثر انتظام کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
افتتاحی سرگرمیوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد کیا کہ کس طرح صفائی ستھرائی پر اپنی ابتدائی توجہ کے بعد سوچھتا تحریک رفتہ رفتہ سرکاری دفاتر تک پہنچی اور فائلوں اور ریکارڈ کے ان بڑے ذخیروں سے نمٹنے کا ذریعہ بنی، جن کی اب ضرورت نہیں تھی لیکن وہ قیمتی جگہ گھیرے ہوئے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ مشق بعد میں 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک جاری رہنے والی ایک مخصوص سالانہ مہم میں تبدیل ہو گئی، جس میں ہر مہم نے نئی جہتوں کا اضافہ کیا۔ فزیکل فائلوں اور ضائع شدہ فرنیچر سے شروع ہونے والی یہ مشق اب ای-فائلوں اور ای-اسکریپ تک پھیل گئی ہے، جو سرکاری کام کی جگہوں کی بدلتی ہوئی نوعیت اور الیکٹرانک اثاثوں کے ذمہ دارانہ انتظام کی بڑھتی ہوئی ضرورت کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ خصوصی مہمات کے تجربے سے ظاہر ہوا ہے کہ غیر ضروری مواد کو منظم طریقے سے ٹھکانے لگانے سے سرکاری خزانے کے لیے مالی قدر اور سرکاری دفاتر کے لیے قابلِ استعمال جگہ، دونوں پیدا ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ای-کچرے اور اسکریپ کو ٹھکانے لگانے کے ذریعے 5,102.91 کروڑ روپے حاصل کیے گئے ہیں، جبکہ 1,049.54 لاکھ مربع فٹ سے زیادہ دفتری جگہ کو خالی کرکے اسے پیداواری استعمال میں لایا گیا ہے۔ ملک بھر میں 180.48 لاکھ سے زیادہ فائلوں کو بند یا تلف کیا گیا ہے اور 24.20 لاکھ صفائی کے مقامات کی نشاندہی کرکے ان کی صفائی کی گئی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مہم کے ذریعے خالی کرائی گئی جگہ کو بعد میں نتیجہ خیز استعمال میں لایا جا سکتا ہے، جس میں سبز علاقوں کی تخلیق اور ان جگہوں کی بحالی شامل ہے جو بند یا کم استعمال ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ مہم ایسے عمل کے لیے ایک نئے عزم کے طور پر کام کرتی ہے جسے سال بھر جاری رہنا چاہیے، جبکہ بار بار چلائی جانے والی مہمات نے سوچھتا کو سرکاری اداروں کے کام کرنے کے طریقۂ کار کا حصہ بنانے میں مدد کی ہے۔
اس کے بعد وزیر موصوف نے ارضیاتی سائنس کی وزارت کا دورہ کیا، جہاں پرتھوی بھون اور موسم بھون سے ای-کچرے اور متروک آلات کو خصوصی مہم 6.0 کے تحت ٹھکانے لگانے کے لیے جمع کیا گیا تھا۔ وزارت ارضیاتی سائنس کے سکریٹری ڈاکٹر سرینواسا کمار تممالا پروگرام کے دوران موجود تھے اور انہوں نے وزیر موصوف کو ٹھکانے لگانے کے لیے شناخت کی گئی اشیا کے بارے میں آگاہ کیا۔
انوینٹری میں مجموعی طور پر 705 اشیا شامل ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزارت ارضیاتی سائنس میں یہ مشق سائنسی ماحولیاتی نظام میں چلائی جانے والی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت وزارت ارضیاتی سائنس، سی ایس آئی آر اور ڈی ایس ٹی کے تحت اداروں میں اسی طرح کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زیادہ سائنسی اداروں نے 2 اکتوبر سے اس مہم کا آغاز کیا ہے، جس میں سوچھتا کا پیغام عام کرنے اور ملک کے سائنسی اداروں میں فرسودہ مواد کو ذمہ دارانہ طریقے سے ٹھکانے لگانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر موصوف نے اس مہم کو ہندوستان کے سائنسی ماحولیاتی نظام میں ’’کچرے سے دولت‘‘ کے وسیع تر تصور سے بھی جوڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد محض کچرے کو ٹھکانے لگانے سے آگے بڑھ کر ایسی ٹیکنالوجیز تیار کرنا ہے جو کچرے کو مفید مصنوعات، مواد، توانائی اور نئے اقتصادی مواقع میں تبدیل کر سکیں۔ سی ایس آئی آر کے ٹیکنالوجی پورٹ فولیو میں میونسپل ٹھوس کچرے کا انتظام، پلاسٹک کچرے کی ری سائیکلنگ، ای-کچرے سے اہم دھاتوں اور نایاب ارضی عناصر کی بازیابی، لیتھیم آئن بیٹریوں کی ری سائیکلنگ، بایو میتھینیشن، زرعی کچرے کو حیاتی طور پر تحلیل پذیر مصنوعات میں تبدیل کرنا، گندے پانی سے وسائل کی بازیابی اور قدر افزا مصنوعات کی تیاری کے لیے صنعتی کچرے کا استعمال شامل ہے۔ ان ٹیکنالوجیز کو صنعت اور دیگر تنظیموں کو استعمال اور مزید ترقی کے لیے منتقل کیا جا چکا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ خصوصی مہمات کے تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح صفائی ستھرائی کی پہل بتدریج انتظامی اصلاحات، وسائل کے بہتر استعمال اور ادارہ جاتی کارکردگی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ سائنسی ماحولیاتی نظام میں اس نقطۂ نظر کو ایسی ٹیکنالوجیز کے ذریعے مزید وسعت دی جا رہی ہے جو کچرے کی شناخت اور اسے ٹھکانے لگانے سے آگے بڑھتے ہوئے بازیابی، ری سائیکلنگ، اختراع اور دولت کی تخلیق تک ایک وسیع ویلیو چین کو ممکن بناتی ہیں۔
خصوصی مہم 6.0 کا نفاذی مرحلہ 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس سے قبل ستمبر کے دوران وزارتوں اور محکموں نے تیاری کا مرحلہ مکمل کیا۔ یہ مہم سوچھتا، زیر التوا معاملات میں کمی، ریکارڈوں کے جائزے اور تلفی، دفتری جگہ کے موثر استعمال، ای-کچرے اور غیر ضروری مواد کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے اور سرکاری دفاتر میں ریکارڈ کے بہتر انتظام پر مرکوز ہے۔ اس مہم کو وزارتوں اور محکموں میں ادارہ جاتی اہداف کے ساتھ ایک جامع حکومتی کوشش کے طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔




****
(ش ح۔اس ک )
UR-4543
(ریلیز آئی ڈی: 2318286)
وزیٹر کاؤنٹر : 12