ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے پرالی جلانے کی روک تھام، گاڑیوں اور صنعتی اخراج پر قابو پانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا
فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات پر سخت، مربوط اور مقررہ مدت میں عمل درآمد کی ہدایت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 SEP 2026 5:13PM by PIB Delhi
قومی راجدھانی خطہ اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے انتظام کے کمیشن (سی اے کیو ایم) کی تحفظ اور نفاذ سے متعلق ذیلی کمیٹی کا 26واں اجلاس29ستمبر2026 کو سی اے کیو ایم کے چیئرمین جناب راجیش ورما کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں فضائی آلودگی میں کمی لانے کے لیے متعلقہ این سی آر ریاستی حکومتوں، دہلی حکومت اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے کی جا رہی تیاریوں، نفاذ اور تعمیلی اقدامات کی جامع طور پر جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف شعبوں سے متعلق اقدامات اور کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مختلف قانونی ہدایات پر عمل درآمد کے سلسلے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ذیلی کمیٹی نے پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش میں 2026 کے دوران دھان کی پرالی جلانے کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے کمیشن کی15.05.2026 کی ہدایت نمبر 99 اور متعلقہ ریاستوں کے عملی منصوبوں پر عمل درآمد کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس کا مقصد پرالی جلانے کے واقعات کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔ جائزے میں فصلوں کی متنوع کاشت، براہِ راست بیجائی والے چاول (ڈی ایس آر) کو فروغ دینے، فصلوں کی باقیات کے استعمال اور کسانوں کے درمیان بیداری اور اطلاعات، تعلیم و مواصلات (آئی ای سی) سے متعلق سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات بھی شامل تھے۔
ذیلی کمیٹی نے گاڑیوں سے ہونے والی فضائی آلودگی میں کمی لانے کے اقدامات کا بھی جامع جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں کمیشن کی23.04.2025 کی ہدایت نمبر 88، جس میں17اکتوبر2025 کو ترمیم کی گئی تھی، کے تحت بی ایس-IV اور اس سے کم معیار کی ٹرانسپورٹ اور تجارتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کے دہلی میں داخلے پر عائد پابندیوں سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ دہلی میں داخل ہونے والی بسوں، بشمول آل انڈیا ٹورسٹ پرمٹ کے تحت چلنے والی بسوں اور دیگر سروس نظام کے تحت چلنے والی بسوں کو صاف ستھرے ذرائع کی جانب منتقل کرنے سے متعلق 03.06.2025 کی ہدایت نمبر 93 پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں این سی آر کی ریاستی حکومتوں اور دہلی حکومت کی جانب سے ایندھن اور سی این جی اسٹیشنوں پر خودکار نمبر پلیٹ شناخت (اے این پی آر) نظام نصب کرنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ اقدام 15.05.2026 کی ہدایت نمبر 101 کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد این سی آر میں یکم اکتوبر 2026 سے درست آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ (پی یو سی سی) کے بغیر گاڑیوں میں ایندھن بھرنے پر عائد پابندیوں کو نافذ کرنا ہے۔ ذیلی کمیٹی نے موٹر گاڑیوں کے ایگریگیٹرز، ڈیلیوری سروس فراہم کرنے والوں اور ای کامرس اداروں کی خدمات میں صاف ستھری نقل و حرکت کو تیز کرنے سے متعلق 03.06.2025 کی ہدایت نمبر 94، جس میں 23.12.2025 کو ترمیم کی گئی تھی، پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ اس میں اچانک معائنوں کے ذریعے تعمیل کی جانچ بھی شامل ہے۔
سپریم کورٹ آف انڈیا کے 17.12.2025 کے حکم کی تعمیل میں پرانی اور مدتِ استعمال مکمل کرچکی (اینڈ آف لائف) گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔ ایسی گاڑیوں کو ضبط کرنے اور انہیں اسکریپ میں تبدیل کرنے کے لیے کارروائی مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ ذیلی کمیٹی نے 30.11.2022 کی ہدایت نمبر 70 کے مطابق این سی آر کے اضلاع سے 31.12.2026 تک ڈیزل آٹو رکشوں کو مکمل طور پر مرحلہ وار ہٹانے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ دہلی اور این سی آر کے شہروں میں ٹریفک جام کے اہم مقامات اور چوراہوں کی نشاندہی اور وہاں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں اے این پی آر پر مبنی خودکار چالان کے ساتھ مربوط ٹریفک مینجمنٹ نظام (آئی ٹی ایم ایس) کی تنصیب بھی شامل ہے۔
ذیلی کمیٹی نے این سی آر میں پتھر توڑنے والے یونٹوں سے ہونے والی فضائی آلودگی کی روک تھام اور اس پر قابو پانے سے متعلق 19.08.2026 کی ہدایت نمبر 103 پر عمل درآمد کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔ دہلی-این سی آر میں صنعتوں کے لیے سخت اخراجی معیارات سے متعلق 20.02.2026 کی ہدایت نمبر 98 پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سردیوں کا موسم قریب آنے کے پیش نظر اجلاس میں اضافی مکینیکل روڈ سویپنگ مشینوں (ایم آر ایس ایم) کی خریداری اور سردیوں کا موسم شروع ہونے سے قبل ان کی تعیناتی پر خصوصی توجہ دی گئی، بالخصوص ان مقامات پر جہاں سڑکوں کی دھول کے زیادہ پھیلاؤ کی نشاندہی کی گئی ہے، تاکہ وہاں سے دھول کو مؤثر طریقے سے ہٹایا جا سکے۔
ذیلی کمیٹی نے تعمیرات و انہدام (سی اینڈ ڈی) کے مقامات، صنعتی یونٹوں اور ڈیزل جنریٹر سیٹس کے خفیہ/اچانک معائنوں سے متعلق کارروائی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔ یہ معائنے کمیشن کی قانونی ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی اور نفاذ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے تحت کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے موصول ہونے والی اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کی جانب سے دہلی حکومت اور این سی آر کی ریاستوں کی متعلقہ ایجنسیوں کو بھیجی گئی شکایات کے بروقت ازالے کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ کارروائی سپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق کی جا رہی ہے۔
متعلقہ عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا گیا کہ وہ کمیشن کی قانونی ہدایات پر سختی سے، باہمی تال میل کے ساتھ اور مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں آنے والے موسم سرما کی تیاریوں، گاڑیوں اور صنعتی شعبوں میں مؤثر نفاذ، پرالی جلانے کی روک تھام، سڑکوں اور تعمیرات و انہدام سے پیدا ہونے والی دھول میں کمی اور پورے این سی آر میں معائنہ اور تعمیل کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔
ذیلی کمیٹی نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے مسلسل اور مربوط کوششوں کی اہمیت کو دوہرایا، تاکہ مختلف شعبوں سے متعلق اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور نفاذ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ تمام عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں نے بھی کمیشن کی ہدایات پر مؤثر عمل درآمد کے لیے سخت، ہدف پر مبنی اور مقررہ مدت کے اندر کارروائی کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م ح۔ف ر
U- 4419
(ریلیز آئی ڈی: 2317471)
وزیٹر کاؤنٹر : 5