سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار نے ’’سوچھتا ہی سیوا 2026‘‘ مہم کے تحت قومی سطح پر صفائی متروں کے تحفظ اور اعزاز کے لیے کیمپ کا انعقاد کیا
کیمپ میں صفائی متروں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا گیا اور صحت، تحفظ و سماجی تحفظ کے اقدامات تک رسائی فراہم کی گئی
’’نمستے‘‘ اسکیم پر فلم دکھائی گئی؛ موقع پر ہی صفائی اور نشہ مکت بھارت ابھیان کے عہد لیے گئے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 SEP 2026 7:47PM by PIB Delhi
سوچھتا ہی سیوا (ایس ایچ ایس) 2026 مہم کے تحت، جس کا موضوع ’’سوچھتا میں سَہ بھاگ، سوچھ بھارت، وِکست بھارت‘‘ ہے، وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار نے آج قومی دارالحکومت نئی دہلی میں قومی سطح کے ’’صفائی متر تحفظ و اعزاز کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا۔
کیمپ کا موضوع ’’صفائی متروں کا اعزاز، سوچھ بھارت کا عہد‘‘ تھا۔ قومی سطح کے اس پروگرام کا انعقاد ہائبرڈ طریقے سے کیا گیا، جس میں ملک بھر سے شہری مقامی اداروں، دیہی مقامی اداروں اور متعلقہ محکموں نے آن لائن شرکت کی۔
پروگرام میں دہلی قومی دارالحکومت خطے کی معزز وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا؛ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کے معزز مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار؛ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کے معزز وزیرِ مملکت جناب بی. ایل. ورما؛ دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر جناب پرویش واہی؛ دہلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جناب سنجیو کِھروار؛ وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر سندیپ آر. راٹھوڑ؛ نیشنل صفائی کرمچاریس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب پربھات کمار سنگھ، نیز وزارت کے اعلیٰ افسران اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداران سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
کیدارناتھ ساہنی آڈیٹوریم، ڈاکٹر ایس. پی. ایم. سِوک سینٹر میں منعقدہ اس کیمپ کا مقصد صفائی متروں اور صفائی کارکنوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازنا اور صحت کی دیکھ بھال، تحفظ، فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ سے متعلق اقدامات تک ان کی رسائی کو آسان بنانا تھا۔ اس کیمپ میں صفائی کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو حکومت کی مختلف اسکیموں اور خدمات سے متعلق معلومات اور مدد فراہم کرنے کے لیے ون پوائنٹ سہولت مرکز مہیا کیا گیا۔ اس کے ذریعے عوامی صحت، صفائی اور معاشرے کی فلاح و بہبود میں صفائی کارکنوں کی خدمات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دہلی قومی دارالحکومت خطے کی معزز وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا نے کہا کہ صفائی کارکنوں کو مناسب حفاظتی سازوسامان فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی خدمات کو عزت و وقار کے ساتھ تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے دہلی حکومت کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات کا ذکر کیا، جن میں خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت فراہم کرنے والا پنک کارڈ، لکھ پتی بیٹی یوجنا، مختلف طبی جانچ کے لیے 450 آروگیہ مندر اور کام کرنے والی خواتین کے بچوں کے لیے 611 پالنہ مراکز شامل ہیں۔
محترمہ ریکھا گپتا نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی برقرار رکھنا صرف صفائی متروں اور صفائی کارکنوں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ صفائی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق اور مراعات حاصل ہوں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صفائی کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کے تحفظ اور وقار پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے صفائی کے کام میں مشینی آلات کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ ان میں حال ہی میں 1,000 کچرا اٹھانے والی مشینوں اور 100 صفائی کرنے والی مشینوں کی منظوری شامل ہے، جن کا مقصد ہاتھ سے صفائی کے کام سے وابستہ خطرات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ 5 لاکھ روپے کی آیوشمان بھارت صحت بیمہ کوریج کے علاوہ 5 لاکھ روپے کی اضافی صحت کوریج فراہم کی جائے گی، جس کے نتیجے میں مستفیدین کے لیے دستیاب مجموعی صحت کوریج 10 لاکھ روپے ہو جائے گی۔
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کے معزز مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے نمستے اسکیم کے تحت سیور اور سیپٹک ٹینک کے کارکنوں اور کچرا چننے والوں کو تعاون اور فلاحی اقدامات فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صفائی کارکنوں کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر ویریندر کمار نے واضح کیا کہ نمستے اسکیم محض فلاحی امداد تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں صفائی کارکنوں کے تحفظ، وقار اور طویل مدتی سماجی و معاشی شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے سیور اور سیپٹک ٹینک کے کارکنوں اور کچرا چننے والوں تک فوائد کی توسیع کو اجاگر کیا اور اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ اہل کارکنوں کو صحت کی دیکھ بھال، سماجی تحفظ اور تحفظ سے متعلق اقدامات سے مربوط کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صفائی کارکنوں کو باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنایا جانا چاہیے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے کا ایک لازمی حصہ بنانا چاہیے۔
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار کے معزز وزیرِ مملکت جناب بی۔ ایل۔ ورما نے 2014 سے صفائی ستھرائی اور صفائی کارکنوں کی فلاح و بہبود پر حکومت کی مسلسل توجہ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نمستے اسکیم کا دائرہ کار فضلہ کیچڑ صفائی مراکز (ایف ایس ٹی پیز) اور گندے پانی کی صفائی کے مراکز (ایس ٹی پیز) سے وابستہ کارکنوں تک بھی بڑھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں آیوشمان کارڈ اور ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹس جیسی سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
جناب بی۔ ایل۔ ورما نے اس بات پر زور دیا کہ فلاحی فوائد تک رسائی کے ساتھ ساتھ مقررہ حفاظتی رہنما ہدایات اور ضابطوں کی پابندی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں کی شرکت اور صفائی کارکنوں کے ساتھ ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ صفائی اور صفائی کے کام سے وابستہ افراد کے وقار کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر جناب پرویش واہی نے صفائی کارکنوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں3,000 سے زیادہ صفائی متروں کو باقاعدہ طور پر شامل کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ صفائی کارکنوں کو مناسب حفاظتی سازوسامان، بشمول ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹس فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ اپنے فرائض محفوظ طریقے سے انجام دے سکیں۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جناب سنجیو کِھروار نے صفائی کے کام کو مضبوط بنانے اور صفائی کارکنوں کے لیے معاونت کو بہتر بنانے کی خاطر وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیار اور دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے صفائی کارکنوں کے لیے فلاحی اور معاونتی اقدامات کی فراہمی میں سہولت پیدا کرنے کے سلسلے میں نیشنل صفائی کرمچاریس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) کے تعاون کو بھی سراہا۔
کیمپ نے صفائی کارکنوں اور ان کے زیرِ کفالت افراد کو صحت، تحفظ اور سماجی تحفظ سے متعلق مختلف خدمات تک رسائی حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ صفائی متروں اور ان کے زیرِ کفالت افراد کے لیے احتیاطی طبی معائنے اور مختلف بیماریوں کی جانچ کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹس اور دیگر حفاظتی آلات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔اہل صفائی کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی فلاحی اور سماجی تحفظ کی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے میں سہولت فراہم کی گئی۔ پروگرام کے دوران اہلیت کی شرائط کے مطابق آیوشمان بھارت / پی ایم جے اے وائی، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا، سوچھتا ادیامی یوجنا اور پردھان منتری جن دھن یوجنا جیسی اسکیموں اور خدمات سے متعلق معلومات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔اس کے علاوہ مختلف فلاحی اور سماجی تحفظ کی اسکیموں کے لیے اہلیت کے معیار، درخواست دینے کے طریقۂ کار اور رجسٹریشن کے عمل سے متعلق بھی معاونت فراہم کی گئی۔
ملک بھر میں شہری مقامی اداروں کی جانب سے متوازی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔ ان پروگراموں میں قومی سطح کے پروگرام کی براہِ راست ویب نشریات دکھائی گئیں اور صفائی کارکنوں کے وقار، تحفظ، صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اہل صفائی متروں، صفائی کارکنوں اور کچرا چننے والوں کو پی پی ای کٹس، آیوشمان کارڈز اور دیگر فلاحی و سماجی تحفظ کے اقدامات سمیت متعلقہ فوائد اور خدمات حاصل کرنے میں سہولت فراہم کی گئی۔
اجتماع میں صفائی کا عہد بھی لیا گیا، جس کے ذریعے صفائی، حفظانِ صحت اور ذمہ دار شہری شرکت کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس عہد کے ذریعے ’’سوچھتا میں سَہ بھاگ‘‘ کے جذبے کو تقویت دی گئی اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند بھارت بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔
اس کے علاوہ ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کا عہد بھی دلایا گیا، جس میں اجتماع کے شرکاء نے شرکت کرتے ہوئے ’’نشہ سے پاک معاشرہ، نشہ سے پاک بھارت‘‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ’’نمستے‘‘ اسکیم پر مبنی ایک فلم بھی دکھائی گئی۔
اس موقع پر صفائی متروں میں 5 لاکھ روپے تک کی صحت کی سہولت کی کوریج فراہم کرنے والے آیوشمان کارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔
صفائی متر تحفظ و اعزاز کیمپ نے سوچھتا ہی سیوا مہم کے مرکز میں صفائی کارکنوں کی صحت، تحفظ، وقار اور سماجی تحفظ کو ترجیح دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروگرام میں ملک بھر کی برادریوں کی عوامی صحت، صفائی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں صفائی متروں اور صفائی کارکنوں کی اہم خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر ماہرین نے ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹس اور دیگر حفاظتی آلات پہن کر حفاظتی مشق کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
ملک گیر سطح پر منعقد ہونے والے اس پروگرام نے صفائی متروں اور صفائی کارکنوں کی اہم خدمات کو تسلیم کرنے اور ان کی قدر و تحسین کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ، وقار، فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس پروگرام کے ذریعے یہ پیغام بھی اجاگر کیا گیا کہ سوچھ بھارت اور وِکست بھارت کا ویژن صفائی اور ستھرائی میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہر فرد کی فعال شرکت، تحفظ اور خدمات کے اعتراف کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4394
(ریلیز آئی ڈی: 2317357)
وزیٹر کاؤنٹر : 13