دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این آر آئی ڈی اے اور آئی آئی ایم کولکاتا کے درمیان پی ایم جی ایس وائی-4 اور پی ایم-جن من کے چار سالہ اثرات کے جائزے کے مطالعے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط


پی ایم جی ایس وائی-4 اور پی ایم-جن من کے تحت دیہی سڑکوں کے طویل مدتی سماجی و اقتصادی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے چار سالہ مطالعہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 SEP 2026 9:14PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی  دیہی ترقی کی وزارت  کے تحت قومی دیہی بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی ایجنسی (این آر آئی ڈی اے) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کولکاتا (آئی آئی ایم کولکاتا)نے پی ایم جی ایس وائی-4 اور پی ایم-جن من کے تحت تعمیر کی گئی سڑکوں کے جامع چار سالہ طویل مدتی اثرات کے جائزے کے مطالعےکے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔

اس مفاہمت نامے پر این آر آئی ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ ادیتی سنگھ (آئی اے ایس) نے حکومت ہند کی  دیہی ترقی کی وزارت   کی جانب سے اور آئی آئی ایم کولکاتا کے ڈائریکٹر پروفیسر آلوک کمار رائے نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دیہی ترقی کے سکریٹری جناب روہت کنسل اور وزارت اور آئی آئی ایم کولکاتا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ یہ قدم دیہی رابطے کو بہتر بنانے کے اقدامات کے اثرات کا شواہد پر مبنی جائزے کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

مطالعے کی اہم جھلکیاں

  • دیہی سڑک رابطے کے طویل مدتی نتائج کا جائزہ لینے کے لیے چار سالہ طویل مدتی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
  • اس مطالعے میں 10 ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں، 50 اضلاع، 150 بلاکس اور 250 سڑکوں کو شامل کیا جائے گا۔ شامل کی جانے والی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے آندھرا پردیش، آسام، چھتیس گڑھ، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، راجستھان، سکم اور اتراکھنڈ ہیں۔
  • نقل و حرکت، رسائی اور سماجی و اقتصادی حالات میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے لیے تقریباً 5000 گھرانوں کا سروے کیا جائے گا۔
  • مطالعے میں طویل مدتی طریقہ کار اپنایا جائے گا، جس کے تحت وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے لیے بنیادی سروے (تعمیر سے قبل سروے) اور اختتامی سروے (تعمیر کے بعد سروے) کے ذریعے اعداد و شمار جمع کیے جائیں گے۔
  • دیہی سڑکوں کے نقل و حرکت، رسائی، سماجی و اقتصادی حالات اور ضروری خدمات تک رسائی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
  • بنیادی سروے (تعمیر سے قبل سروے): 14 ماہ
  • عبوری مدت: تقریباً 12 ماہ
  • اختتامی سروے (تعمیر کے بعد سروے): 22 ماہ

متوقع نتائج

اس طویل مدتی مطالعے سے پی ایم جی ایس وائی-4 اور پی ایم-جن من کے تحت دیہی سڑک رابطے کے دیرپا سماجی و اقتصادی اور ترقیاتی اثرات کے بارے میں ٹھوس شواہد حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے تحت یہ جائزہ لیا جائے گا کہ بہتر رابطے سے رسائی اور نقل و حرکت، روزگار کے ذرائع، ملازمت، آمدنی کے ذرائع میں تنوع، زراعت، غیر زرعی سرگرمیوں اور منڈیوں تک رسائی کے ساتھ ساتھ گھرانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی محرومی کی صورت حال پر کیا اثر پڑتا ہے۔

اس مطالعے میں بہتر دیہی سڑک رابطے کے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، خواتین کو بااختیار بنانے، تحفظ اور ضروری سرکاری و مالی خدمات تک رسائی پر پڑنے والے طویل مدتی اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ خاص طور پر سفر کے وقت اور آمدورفت کے اخراجات، نقل و حرکت، روزگار اور ذریعۂ معاش کے مواقع تک رسائی اور نقل مکانی کے رجحانات میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، وقت کے ساتھ  ساتھ ان نتائج میں ہونے والی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور مختلف خطوں اور کمزور طبقات کے درمیان پائے جانے والے فرق کا بھی تجزیہ کیا جائے گا۔ اس طرح دیہی سڑک رابطے کے طویل مدتی اثرات کی جامع سمجھ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک اہم نتیجہ ان فوائد کے پائیدار ہونے کا جائزہ لینا ہوگا، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سماجی و اقتصادی فوائد کو مسلسل برقرار رکھنے میں یہ کتنے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ مجوزہ مطالعہ عمل درآمد میں موجود خامیوں، ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور ان شعبوں کی نشاندہی میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے جہاں پالیسی کی سطح پر اقدامات کئے جانے  کی ضرورت ہے۔

مجموعی طور پر، این آر آئی ڈی اے، وزارت دیہی ترقی اور آئی آئی ایم کولکاتا کے درمیان یہ تعاون پروگرام کے جائزے، نتائج کی نگرانی، شواہد کی بنیاد پر پالیسی سازی اور دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مستقبل کی منصوبہ بندی میں اہم معلومات فراہم کرے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م م ع۔ن م۔

U-4333

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2316838) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी