سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این آئی ایس ڈی نے ’’جیریاٹرک کیئر پرووائیڈر‘‘ کے جاب رول کے لیے ماسٹر ٹرینروں کی 11 روزہ ٹریننگ کا انعقاد کیا


پروگرام میں، جسمانی نظام میں عمر سے متعلق تبدیلیوں اور ان سے وابستہ صحت کے مسائل، صحت مند اور فعال عمر رسیدگی، نگہداشت کے طریقہ کار، احتیاطی صحت نگہداشت، بزرگوں کی غذائیت، ابلاغ اور رفاقت، ڈیمنشیا کی نگہداشت، بزرگ افراد کی ذہنی صحت، غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور انتظام، باوقار عمر رسیدگی، ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی نگہداشت، یوگا اور مراقبہ، نگہداشت کنندگان کی خود نگہداشت اور روزگار سے متعلق مہارتوں کا احاطہ کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 SEP 2026 3:46PM by PIB Delhi

سماجی انصاف و تفویض اختیارات  کی مرکزی وزارت کے تحت قومی ادارہ برائے سماجی دفاع ( نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشل ڈیفنس -این آئی ایس ڈی) نے یہاں قومی راجدھانی کے دوارکا میں واقع این آئی ایس ڈی میں "جیریاٹرک کیئر پرووائیڈر" جاب رول کے لیے ماسٹر ٹرینروں کی 11 روزہ ٹریننگ آف ٹرینرز(ٹی او ٹی) پروگرام کا انعقاد کیا۔

وزارت کے ،قومی ادارہ برائے سماجی دفاع(این آئی ایس ڈی) کے سینئر سٹیزن ڈویژن کی جانب سے 7 سے 18 ستمبر 2026 تک منعقد کیے گئے اس پروگرام کا مقصد جیریاٹرک کیئر کی تربیت میں معیار، یکسانیت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو مضبوط بنانا اور تربیت یافتہ و سرٹیفائیڈ ماسٹر ٹرینروں کا ایک قومی ذخیرہ تیار کرنا تھا، جو ملک بھر میں جیریاٹرک کیئر گیورز کو اعلی معیار کی اہلیت پر مبنی تربیت فراہم کرنے کے قابل ہوں۔

این آئی ایس ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس پروگرام میں مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا نے حصہ لیا، جن میں جی این ایم، بی ایس سی نرسنگ، پوسٹ بیسک بی ایس سی نرسنگ، ایم ایس سی نرسنگ اور ایم بی بی ایس شامل ہیں۔ اس طرح بزرگ شہریوں کی نگہداشت، صحت اور بہبود سے متعلق کثیر شعبہ جاتی تعلیمی ماحول کو فروغ ملا۔

انہوں نے بتایا کہ افتتاحی اجلاس کے دوران قومی ادارہ برائے سماجی دفاع (این آئی ایس ڈی) کے سینئر سٹیزن ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ایچ سی سدھارا چنّاکیشو رنگا ریڈی نے ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کے مقاصد اور اہمیت کو اجاگر کیا۔

ڈاکٹر رنگا ریڈی نے ماسٹر ٹرینروں سے متوقع کردار، ذمہ داریوں، اوصاف اور صلاحیتوں کی وضاحت کی اور مؤثر اہلیت پر مبنی جیریاٹرک کیئر ٹریننگ کی فراہمی کے لیے ڈومین اسکلز اور پلیٹ فارم اسکلز کو یکجا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

این آئی ایس ڈی کے عہدیدار نے بتایا کہ ٹی او ٹی پروگرام کو دو اہم اجزا یعنی ڈومین اسکلز اور پلیٹ فارم اسکلز کے گرد ترتیب دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈومین اسکلز کے جزو میں جیریاٹرک کیئر پرووائیڈر کے جاب رول کے لیے درکار پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ پلیٹ فارم اسکلز کے ذریعے شرکا کی ابلاغ، تربیت کی سہولت کاری، تدریسی عمل، سیکھنے والوں کی شمولیت، تربیتی طریقہ کار اور جائزے کے طریقوں سے متعلق صلاحیتوں کو مضبوط کیا گیا۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ پروگرام میں جیریاٹرک کیئر سے متعلق موضوعات کی ایک جامع رینج کا احاطہ کیا گیا، جن میں جسمانی نظام میں عمر سے متعلق تبدیلیاں اور ان سے وابستہ صحت کے مسائل، صحت مند اور فعال عمر رسیدگی، نگہداشت کے طریقہ کار، احتیاطی صحت نگہداشت، بزرگوں کی غذائیت، ابلاغ اور رفاقت، ڈیمنشیا کی نگہداشت، بزرگ افراد کی ذہنی صحت، غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور ان کا انتظام، باوقار عمر رسیدگی، ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی نگہداشت، یوگا اور مراقبہ، نگہداشت کنندگان کی خود نگہداشت اور روزگار سے متعلق مہارتیں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شرکا کو جائزے کی ضروریات، دستاویزات کے طریقہ کار، اہلیت کے معیارات اور سرٹیفیکیشن کے عمل سے بھی روشناس کرایا گیا، جس میں جیریاٹرک کیئر کے تربیتی پروگراموں کی فراہمی میں یکسانیت، تسلسل اور معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

ماہرین کی زیر قیادت اور شرکا کی فعال شرکت پر مبنی تربیتی طریقہ کار کے بارے میں عہدیدار نے بتایا کہ جیریاٹرک کیئر اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور ریسورس پرسنز کے ایک ممتاز پینل نے پورے پروگرام کے دوران خصوصی اور باہمی طور پر فعال سیشنز کا انعقاد کیا۔

 

محترمہ جیسمین حسین نے پلیٹ فارم اسکلز سے متعلق سیشنز کی سہولت کاری کی، جبکہ ڈاکٹر گہن ایس جوئس، ڈاکٹر کےایس باگھوٹیا، جناب پریم پوددار، جناب اروند نارائنن، جناب آر نریندر، جناب وشنو شنکر، محترمہ دییکا شرما، محترمہ سدھا جھجھیریا اور محترمہ تیجسوینی نے ڈومین اسکلز کے مختلف شعبوں سے متعلق سیشنز منعقد کیے، جن میں ڈیمنشیا کی نگہداشت اور انتظام، ذہنی صحت، غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور کنٹرول، باوقار عمر رسیدگی، یوگا، مراقبہ، ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی نگہداشت شامل ہیں۔

این آئی ایس ڈی کے عہدیدار نے بتایا کہ تربیت میں شرکا کی فعال شرکت، اہلیت پر مبنی اور عملی نوعیت کے طریقہ کار کو اپنایا گیا، جس میں ماہرین کے لیکچرز، باہمی تبادلہ خیال، کردار ادا کرنے کی مشقیں، عملی مشقیں، عملی مظاہرے، گروپ سرگرمیاں، کیس پر مبنی سیکھنے اور تجربات کا تبادلہ شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کا مقصد شرکا کے تکنیکی علم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے جیریاٹرک کیئر گیورز کو مؤثر طریقے سے علم اور مہارتیں منتقل کرنے کی ان کی صلاحیت کو بھی فروغ دینا تھا۔

عہدیدار نے بتایا کہ پروگرام کے اختتام پر شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرکا نے تربیت کے منظم، باہمی اور عملی طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا اور پیشہ ورانہ معیار کو مضبوط بنانے اور جیریاٹرک کیئر کی تربیت کے معیار کو بہتر بنانے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بزرگ شہریوں کے لیے باوقار، ہمدردانہ اور معیاری نگہداشت کو فروغ دینے اور ہندوستان میں ایک مضبوط اور پیشہ ورانہ نگہداشت کے نظام کی ترقی میں معاونت کے لیے این آئی ایس ڈی کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام جیسے اقدامات کے ذریعے قومی ادارہ برائے سماجی دفاع (این آئی ایس ڈی) بزرگوں کی نگہداشت کے شعبے میں صلاحیت سازی، ہنرمندی کی ترقی اور معیار بندی کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ اقدام ایک ایسی ہنرمند، سند یافتہ اور معیاری نگہداشت پر توجہ مرکوز کرنے والی جیریاٹرک کیئر افرادی قوت تیار کرنے میں معاون ہے، جو ہندوستان کی بڑھتی ہوئی بزرگ شہری آبادی کی بدلتی ہوئی نگہداشت کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ این آئی ایس ڈی کو نیشنل کونسل فار ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی وی ای ٹی) کی جانب سے ایوارڈنگ باڈی کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، جو سماجی دفاع کے شعبے، خصوصاً جیریاٹرک کیئر کے میدان میں پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

****

) ش ح ۔م م۔م ذ)

U.No. 4097


(ریلیز آئی ڈی: 2314997) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी