سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
این بی سی ایف ڈی سی پسماندہ طبقات میں کاروبار اور تعلیم کو فروغ دے رہی ہے
آمدنی پیدا کرنے والی سرگرمیوں کے لیے 25 لاکھ روپے تک کے رعایتی انفرادی قرضے دستیاب ہیں
تعلیمی قرضے 25 لاکھ روپے تک، 8 فیصد سالانہ کی شرح سود اور 10 سال تک کی واپسی کی مدت کے ساتھ دستیاب ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 SEP 2026 7:24PM by PIB Delhi
نیشنل بیکورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، جو وزارت سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے تحت حکومتِ ہند کا ایک ادارہ ہے، ریاستی چینلائزنگ ایجنسیوں اور بینکوں کے ذریعے پسماندہ طبقات کے اہل افراد کو رعایتی مالی امداد فراہم کرتی ہے۔
کارپوریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ دیگر پسماندہ طبقات کے زمرے میں شامل وہ افراد جن کی سالانہ خاندانی آمدنی 5 لاکھ روپے تک ہے، وہ ایسی سرگرمیوں کے لیے مدد حاصل کر سکتے ہیں جن میں پائیدار آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت ہو؛ تاہم اس کے لیے اہلیت کے مقررہ معیارات اور چینل پارٹنر کے طریقہ کار کی پابندی لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی قرض اسکیم کے تحت، پروجیکٹ کی لاگت کا 85 فیصد تک حصہ امداد کے طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے، جس میں فی مستفید فرد زیادہ سے زیادہ قرض کی حد 25 لاکھ روپے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1.25 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر سود کی شرح 7 فیصد سالانہ ہے، جبکہ 1.25 لاکھ روپے سے زائد اور 25 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر شرح سود 8 فیصد سالانہ ہے۔
این بی سی ایف ڈی سی کے عہدیدار نے کہا کہ 25 لاکھ روپے تک کے تعلیمی قرضے 8 فیصد سالانہ کی شرح سود پر دستیاب ہیں، جن کی واپسی کی مدت (بشمول مہلت کی مدت) 10 سال تک ہو سکتی ہے؛ یہ قرضےاین بی سی ایف ڈی سی کی مقرر کردہ شرائط کے مطابق فراہم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارپوریشن معاشی و ترقیاتی سرگرمیوں، مہارتوں کی ترقی اور خود روزگار کو فروغ دیتی ہے؛ اس کارپوریشن کا قیام 13 جنوری 1992 کو عمل میں آیا تھا۔
این بی سی ایف ڈی سی کے عہدیدار نے مزید کہا کہ گروپ لون اسکیم کے تحت سیلف ہیلپ گروپس (خود امدادی گروپوں) کو فی گروپ 25 لاکھ روپے تک کی امداد فراہم کی جاتی ہے، جس میں فی مستفید فرد قرض کی حد 1.25 لاکھ روپے مقرر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی چینلائزنگ ایجنسیوں یا بینکوں کے ذریعے حاصل کردہ قرضوں میں پروجیکٹ کی لاگت کا 90 فیصد تک حصہ شامل ہو سکتا ہے اور اس پر سود کی شرح 7 فیصد سالانہ ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ کے کم از کم 60 فیصد ارکان کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہونا ضروری ہے، جبکہ دیگر ارکان کا تعلق کمزور طبقات کے اہل زمروں سے ہو سکتا ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ این بی سی ایف ڈی سی کے مالیاتی نظام کے تحت بروقت سالانہ ادائیگی پر 1 فیصد رعایت کی سہولت موجود ہے، جس کا فائدہچینل پارٹنر اورمستفید ہونے والے فرد کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ اہل درخواست دہندگان اپنے ضلع میں متعلقہ چینل پارٹنر سے رابطہ کر سکتے ہیں یا این بی سی ایف ڈی سی کی ویب سائٹ پر موجود رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
اسکیم کی تفصیلات اور درخواستوں کے لیے، دلچسپی رکھنے والے افراد
www.nbcfdc.gov.in/nbcfdc/web
ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 4055
(ریلیز آئی ڈی: 2314620)
وزیٹر کاؤنٹر : 6