وزارت آیوش
مرکزی آیوروید تحقیقی ادارہ، گوہاٹی میں 11ویں آیوروید ڈے کی 10 روزہ تقریبات کا اختتام
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 SEP 2026 8:45PM by PIB Delhi
مرکزی آیوروید تحقیقی ادارہ (سی اے آر آئی)، گوہاٹی نے آج عوامی واک تھون کے ساتھ 11ویں آیوروید ڈے 2026 کے موقع پر منعقدہ 10 روزہ پروگراموں کی سلسلہ وار تقریبات کا اختتام کیا۔
’’صحت مند کل کےلئے آیوروید’’ کے موضوع کے تحت منعقدہ تقریبات میں صحت کیمپ، بیداری پروگرام، لیکچر، نمائش اور برادری سے رابطے کی سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں احتیاطی صحت نگہداشت، صحت مند طرز زندگی کی عادات اور آیوروید پر توجہ مرکوز کی گئی۔
تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، سی اے آر آئی گوہاٹی نے آسام کے مختلف مقامات پر مفت صحت جانچ کیمپ منعقد کیے، جہاں طبی مشاورت، تشخیصی جانچ اور آیورویدک ادویات فراہم کی گئیں۔ کیمپوں میں بیماریوں کی ابتدائی مرحلے میں شناخت اور اقدامات کے ساتھ ساتھ احتیاطی صحت نگہداشت کے طریقوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔
ادارے کی او پی ڈی میں آیوروید کے مختلف پہلوؤں پر بیداری لیکچر منعقد کئے گئے، جن میں روزمرہ کےمعمولات، موسمی معمول اور مناسب غذا شامل تھے۔ دواؤں کے پودوں سے متعلق معلوماتی نمائش اور بیداری کی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں تاکہ عوام کو ان کے روایتی استعمال اور اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔
سی اے آر آئی گوہاٹی نے آئی او سی ایل، بونگائی گاؤں میں مرکزی صنعتی سلامتی دستے (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں کے لیے بھی رابطہ پروگرام منعقد کیے، جن میں تناؤ سے نمٹنے، یو گ اور جسمانی و ذہنی صحت برقرار رکھنے کے لیے آیوروید پر مبنی طریقہ کار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
مرم چکِتسا پر ماہرین کی ایک نشست ڈاکٹر ٹکین در جیت شرما، ایسوسی ایٹ پروفیسر، سرکاری آیورویدک کالج، گوہاٹی نے منعقد کی۔ اجلاس میں مرم پوائنٹس سے متعلق روایتی آیورویدک طریقہ کار اور صحت نگہداشت میں ان کی اہمیت کا جائزہ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پی ایل بھارتی، ریسرچ آفیسر (انچارج)، سی اے آر آئی گوہاٹی نے احتیاطی صحت نگہداشت اور صحت مند زندگی کو فروغ دینے میں آیوروید کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 روزہ پروگرام کا مقصد آیورویدک اصولوں کو موجودہ طرز زندگی کی ضروریات سے جوڑنا اور لوگوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔
تقریبات کا اختتام ایک عوامی واک تھون کے ساتھ ہوا، جسے گوہاٹی میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 43 کی کونسلر محترمہ انجنا بورا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ صحت نگہداشت سے وابستہ پیشہ ور افراد، نوجوانوں اور مقامی برادری کے ارکان نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
10 روزہ تقریبات نے سی اے آر آئی گوہاٹی کو صحت خدمات، بیداری سرگرمیوں اور تعلیمی پروگراموں کے ذریعے برادری سے رابطہ قائم کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کیا، جس میں آیوروید کے احتیاطی اور صحت بخش پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔


***
ش ح۔ ک ا۔ م ش
U.NO.4012
(ریلیز آئی ڈی: 2314319)
وزیٹر کاؤنٹر : 5