وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

مشترکہ عملیاتی جائزہ اور تجزیاتی (کور) پروگرام 2026 نئی دہلی کے مانک شا مرکز میں اختتام پذیر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 SEP 2026 9:18PM by PIB Delhi

ہیڈکوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ایچ کیو آئی ڈی ایس) کے زیرِ اہتمام اور سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز کے ذریعے منعقد کیا جانے والا مشترکہ عملیاتی جائزہ اور تجزیاتی (کور) پروگرام 2026 آج نئی دہلی کے مانک شا مرکز میں اختتام پذیر ہوا۔ 14 سے 18 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والے پانچ روزہ پروگرام میں تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور وزارتِ دفاع، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کے حکام نے شرکت کی اور قومی سلامتی کو درپیش موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں پر غور و خوض کیا۔

اس پروگرام نے اعلیٰ فوجی اور سول حکام کو مشترکہ عمل، انضمام، جاری تنازعات، جنگ لڑنے کے جدید طریقۂ کار، قومی سلامتی کے غیر حرکی پہلوؤں، دفاعی پیداوار اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے حوالے سے اپنے نقطۂ نظر کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، جن میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ شامل ہیں، کے استعمال کے ساتھ ساتھ ذہنی جنگ، تزویراتی ابلاغ اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کی کارروائیوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پروگرام کی ایک اہم خصوصیت اعلیٰ فوجی قیادت کی شرکت اور تربیتی پروگرام کے شرکا کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال تھا۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف دی نیول اسٹاف اور سی آئی ایس سی نے شرکا کے ساتھ بات چیت کی اور جدید دور میں جنگی کارروائیوں، اعلیٰ ترین سطح پر فیصلہ سازی اور موجودہ سلامتی کے چیلنجوں سے متعلق عصری امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وائس چیف آف ایئر اسٹاف اور وائس چیف آف آرمی اسٹاف نے بھی افسران کے ساتھ بات چیت کی اور عصری امور کے بارے میں اپنے نقطۂ نظر پیش کیے۔

پروگرام میں مختلف شعبوں کے ماہرین، تعلیمی حلقوں، تھنک ٹینکس اور مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ متنوع شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا کی شرکت نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت اور ابھرتے ہوئے سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مربوط قومی ردِعمل کی ضرورت پر جامع تبادلۂ خیال کو ممکن بنایا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260918211907_cc2eae.jpg

کور پروگرام نے دفاعی افواج، سول وزارتوں اور اہم اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرکے بین محکمانہ تال میل اور مختلف اداروں کے درمیان مشترکہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ غور و خوض کے دوران سفارتی، اطلاعاتی، معاشی اور فوجی شعبوں کے درمیان مزید قریبی تال میل کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور قومی سلامتی کے لیے ’’پوری قوم کے متحدہ نقطۂ نظر‘‘ کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ذہنی جنگ اور تزویراتی ابلاغ سے متعلق منظرنامے پر مبنی مشقوں نے سیکھنے کے عمل اور غور و خوض کو مزید مؤثر اور جامع بنایا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-3771


(ریلیز آئی ڈی: 2312332) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी