سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی کمیونٹی اقدام سے راجستھان میں ٹی بی کی تشخیص اور روک تھام میں بہتری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 SEP 2026 3:32PM by PIB Delhi

 

سائنسی اعداد و شمار پر مبنی کمیونٹی سے چلنے والی ایک نئی پہل نے راجستھان کے دور دراز اور سہولیات سے محروم علاقوں میں ٹی بی کی تشخیص اور اس پر قابو پانے کے عمل میں نمایاں بہتری لائی ہے۔

تپ دق (ٹی بی) راجستھان کے قبائلی اضلاع جیسے بہت سے دور دراز علاقوں میں اب بھی صحت عامہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ دشوار گزار جغرافیائی حالات، کم بیداری، سماجی ناپسندیدگی، موسمی نقل مکانی اور تشخیص میں تاخیر جیسے عوامل طویل عرصے سے ٹی بی پر قابو پانے کی کوششوں میں رکاوٹ بنتے رہے ہیں اور اس بیماری کے بوجھ میں اضافے کا سبب رہے ہیں۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اے آئی آئی ایم ایس جودھپور نے کلسٹر پر مبنی آبادی کا سروے، فعال طور پر مریضوں کی تلاش اور لیبارٹری کے ذریعے تصدیق کی، تاکہ قبائلی آبادی میں ٹی بی (فعال اور پوشیدہ دونوں اقسام) کے بوجھ اور ٹی بی مخالف ادویات کے خلاف مزاحمت کے رجحان کا اندازہ لگایا جا سکے۔

مطالعے میں جنوبی راجستھان کے قبائلی اضلاع میں ٹی بی کی منتقلی کو محدود کرنے کے طریقے سامنے آئے ہیں۔ ان میں ابتدائی تشخیص، کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے مریضوں کو احتیاطی جانچ کے لیے منظم کرنا اور بروقت علاج تک رسائی یقینی بنانا شامل ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260917153327_40994d.jpg

محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے ایس ای ای ڈی ڈویژن کے تعاون سے سیروہی، اودے پور، چتوڑ گڑھ، ڈونگر پور، پرتاپ گڑھ اور بانسواڑہ اضلاع کے 6,000 سے زائد افراد کے درمیان گھر گھر سروے، علامات کی جانچ، لعاب کے نمونوں کی جانچ، این ٹی ای پی کے تشخیصی طریقہ کار اور اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔

اے آئی آئی ایم ایس جودھپور کے شعبہ فارماکولوجی کے ایڈیشنل پروفیسر ڈاکٹر شوبھن بابو ورتھیا کی قیادت میں محققین نے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ورکشاپس منعقد کیں۔ ابتدائی تشخیص کو بہتر بنانے کے لیے وبا سے متعلق سروے، صحت کارکنوں (ایس سی ڈبلیوز) اور پنچایتی نمائندوں کی بنیادی سطح پر شرکت کو یکجا کیا گیا۔ فعال طور پر مریضوں کی تلاش اور لیبارٹری کے ذریعے تشخیص کی تصدیق بھی کی گئی۔

تپ دق کی علامات والے افراد اور جن کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے، ان کی شناخت کرکے قومی رہنما خطوط کے مطابق ٹی بی کا علاج فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ٹی بی کے بارے میں بہتر سمجھ بوجھ پیدا کرنے کے لیے کمیونٹی میں بیداری پیدا کی گئی، تاکہ ابتدائی تشخیص کے ذریعے ٹی بی کے پھیلاو کو محدود کرنے میں مدد مل سکے اور مریضوں کو ان کے گھر کے افراد میں احتیاطی جانچ کرانے کے لیے منظم کیا جا سکے۔ اس سے سائنسی اعداد و شمار کے استعمال کے ذریعے ’’ٹی بی مکت پنچایت‘‘ ماڈل کے نفاذ میں مدد ملی۔

یہ پہل اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہدف پر مبنی سائنسی تحقیق کس طرح قابل عمل اعداد و شمار تیار کر سکتی ہے، جو براہ راست پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور کمزور آبادیوں میں ٹی بی پر قابو پانے کے اقدامات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

*****

ش ح ۔ت ف۔ خ م

U. No.3721


(ریلیز آئی ڈی: 2311572) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी