جل شکتی وزارت
ملک بھر میں سوچھتا ہی سیوا- 2026 کے لئے تیاریاں زوروں پر
مرکزی وزراء جناب سی آر پاٹل، جناب توکھن ساہو اور جناب وی سومنا نے سوچھتا ہی سیوا- 2026 میں ملک گیر شرکت کی اپیل کی
سوچھتا ہی سیو-ا 2026 مہم میں سوچھتا کے لیے مستقل طرز عمل میں تبدیلی کے مرکز میں اسٹوڈنٹس اور نوجوانوں کو رکھا گیا ہے
’سوچھتا میں ساجھے داری، سوچھ بھارت، وکست بھارت‘کو سوچھتا ہی سیوا- 2026 مہم کا موضوع قرار دیا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 9:57PM by PIB Delhi
جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل اور ہاؤسنگ و شہری امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب توکھن ساہو نے آج نئی دہلی کے نیشنل میڈیا سینٹر میں سوچھتا ہی سیو-ا 2026 کے سلسلے میں منعقدہ مہم کے آغاز سے قبل میڈیا سے بات چیت کی۔
سال2017سے ہر سال منائی جانے والی سوچھتا ہی سیوا- 2026 اس سال 17 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے۔ یہ مہم سوچھتا کے لیے رضاکارانہ جذبے اور اجتماعی اقدامات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے شہریوں، اداروں اور قیادت کو ایک ساتھ لاتی ہے۔ سوچھتا ہی سیوا- 2026 کا موضوع ’سوچھتا میں ساجھے داری،سوچھ بھارت، وکست بھارت‘ اس بات پر زور دیتا ہے کہ سوچھتا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سوچھ وکست بھارت کا خواب تمام شہریوں کی فعال شرکت سے ہی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔
ملک گیر مہم کے کل سے آغاز سے قبل قومی سطح کی یہ افتتاحی تقریب اور میڈیا سے بات چیت منعقد کی گئی۔ جل شکتی کی وزارت کے محکمہ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) اور ہاؤسنگ و شہری امور کی وزارت کے محکمہ شہری ترقی (ڈی او یو ڈی) کے مشترکہ زیر اہتمام سوچھتا ہی سیوا 2026 میں مرکزی وزارتیں اور محکمے، ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے، دیہی و شہری مقامی ادارے، ادارے اور دیگر متعلقہ فریق سوچھتا کے لیے اجتماعی اقدامات میں شامل ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں سوچھتا، عوامی شراکت داری سے چلنے والی ایک قومی تحریک بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مسلسل آگے بڑھ کر اس تحریک کی قیادت کی ہے اور ملک بھر کے شہریوں کو اس میں حصہ لینے کے لیے ترغیب دی ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صفائی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے ہر شہری، بالخصوص اسٹوڈنٹس اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوچھتا ہی سیوا- 2026 میں پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں اور سوچھ بھارت اور وکست بھارت کے لیے اجتماعی عزم کو مضبوط کریں۔ وزیر موصوف نے وزیر اعظم کے دورہ سے قبل نوساری میں ’سوچھتا سے سواگت‘ مائیکرو سوچھتا ابھیان کی مثال پیش کی، جہاں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے دیہات میں صفائی کے چھوٹے پیمانے پر اقدامات کے لیے مل کر کام کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال گنپتی وسرجن کے بعد سورت میں فوری صفائی کی مثال بھی پیش کی اور بتایا کہ لوگ صفائی کارکنوں کی حمایت، ان کی خدمات کے اعتراف اور اعزاز کے لیے بھی متحد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ بڑھ چڑھ کر سوچھتا میں حصہ لینے اور اپنا تعاون دینے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔ یہ وزیر اعظم کی جانب سے ملک میں پیدا کی گئی بیداری اور طرز عمل میں تبدیلی کا نتیجہ ہے۔
ایک ورچوئل پیغام میں ہاؤسنگ و شہری امور کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ سوچھتا ہی سیوا - 2026 مہم میں پُرجوش شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری 17 ستمبر کو اپنے گھروں کی صفائی سے اس مہم کا آغاز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وزراء، اراکین اسمبلی، میئر، ڈپٹی میئر، وارڈ کونسلر، کمشنر اور ریاست کی ممتاز شخصیات یکم اکتوبر کو ملک گیر شرم دان میں حصہ لیں۔ انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ مہاتما گاندھی کی یاد میں 2 اکتوبر، یعنی سوچھ بھارت دیوس کے موقع پر عوامی مقامات پر صفائی کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں، کھلاڑیوں، فن کاروں، روحانی رہنماؤں اور سوچھتا کے دیگر سفیروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے وسیع تر عوامی شرکت اور نچلی سطح پر اجتماعی اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہاؤسنگ و شہری امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب توکھن ساہو نے کہا ’’سوچھتا کا پیغام اسی وقت مؤثر ہوگا جب ہمارے سرکاری دفاتر اور ادارے خود مثال قائم کریں۔ تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ اپنے دفاتر، احاطوں اور ماتحت اداروں میں نمایاں صفائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی متحرک کریں، تاکہ یہ مہم شرکت کی ایک مؤثر مثال بن سکے اور ’حکومت کی مجموعی شرکت‘ اور ’معاشرے کی مجموعی شرکت‘ کے نقطہ نظر کو فروغ دے۔ ہر شہری مقامی ادارہ، گرام پنچایت، ہر وارڈ، ہر ادارہ اور ہر برادری اس مہم سے جڑی ہونی چاہیے، تاکہ صفائی ایک مشترکہ قومی عزم بن سکے۔‘‘
محکمہ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی اور محکمہ شہری ترقیات کے سکریٹریوں نے مہم کے لائحہ عمل کو اجاگر کیا۔
سوچھتا ہی سیوا - 2026 کے پانچ اہم ستون یہ ہیں:
- صفائی کے ہدف والے مقامات (سی ٹی یوز) کی کایا پلٹ اور صاف عوامی مقامات: مشکل اور گندے مقامات کی نشاندہی، نقشہ سازی اور مقررہ مدت میں ان کی حالت بہتر بنانا، نیز صفائی کے ہدف والے مقامات اور زیادہ آمدورفت والے عوامی مقامات پر صفائی مہم چلانا۔
- سوچھ پاٹھ شالا- سوچھتا کے لیے یوا: طلبہ اور نوجوانوں کو ’سوچھتا گیان یاترا‘ کے ذریعے ٹھوس کچرے کے انتظام کی سہولتوں کے مطالعاتی دوروں اور ’سوچھتا ایوم جل سنچیہ سمواد‘ کے ذریعہ سوچھتا، بارش کے پانی کو جمع کرنے اور پانی کے انتظام سے متعلق سرگرمیوں میں شامل کرنا۔
- صفائی مترا سرکشا ایوم سمان شور: ایک ہی جگہ پر صحت کی جانچ، ذاتی تحفظ کے سامان (پی پی ای) اور حفاظتی آلات کی فراہمی اور اہل افراد کو مرکزی و ریاستی فلاحی اسکیموں سے جوڑنے کے لیے یکساں سہولت والے کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ سوچھتا کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں صفائی متروں، سوچھاگرہیوں اور صفائی کارکنوں کو مقامی سطح پر اعزاز بھی دیا جائے گا۔
- سوچھتا کے لیے جن بھاگیداری: شہریوں کی شرکت، ٹھوس کچرے کے انتظام کے ضابطہ- 2026 اور کچرے کو ماخذ پر چار طرح سے الگ کرنے اور کمپوسٹنگ کے بارے میں بیداری پیدا کرنا۔ سرگرمیوں میں سوچھتا کے لیے کھیل؛ سوچھ پرو، ہریت پرو؛ ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کے تحت شجرکاری مہم؛ عالمی یوم سیاحت (27 ستمبر- 2026) کی سرگرمیاں اور سوچھ بھارت دیوس (2 اکتوبر 2026) کے موقع پر خصوصی گرام سبھائیں اور کونسل اجلاس بھی شامل ہوں گے۔
- سوچھتا سے سمردھی: ’ویسٹ ٹو ویلتھ‘ اور ’ویسٹ ٹو آرٹ‘ کے ذریعے وسائل کے دوبارہ استعمال اور گردش پذیر معیشت کو فروغ دینا؛ پرانی کتابوں، کھلونوں اور کپڑوں کے عطیہ اور آر آر آر اقدامات، نیز بڑی مقدار میں کچرا پیدا کرنے والے اداروں کی شمولیت سے پلاسٹک ری سائیکلنگ میلوں کا انعقاد۔
بچوں اور نوجوانوں کو تبدیلی کے محرک اور سوچھ بھارت کے مستقبل کے نگہبان تسلیم کرتے ہوئے سوچھتا ہی سیوا- 2026 میں سوچھ پاٹھ شالا- سوچھتا کے لیے یوا کے ذریعے ان کی فعال شرکت کا تصور پیش کیا گیا ہے، تاکہ صفائی، ٹھوس کچرے کے انتظام کے ضابطہ- 2026 اور کچرے کو ماخذ پر چار طرح سے الگ کرنے کی مستقل عادتیں فروغ دی جا سکیں۔ سوچھتا کے لیے کھیل جیسی پہل کے ذریعے مقامی اور علاقائی کھیلوں کو بچوں، نوجوانوں اور برادریوں کو سوچھتا سے جوڑنے اور اسے اسکولوں، اداروں، شہروں اور دیہات تک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یکم اکتوبر- 2026 کو صبح 8 سے 9 بجے تک ملک گیر سطح پر بیک وقت شرمدان، ’ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری ایک گھنٹے کی رضاکارانہ سوچھتا خدمت کے لیے ایک ساتھ آئیں گے۔
2اکتوبر 2026 کو جسے سوچھ بھارت دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے، دیہی علاقوں میں خصوصی گرام سبھائیں اور شہری علاقوں میں خصوصی کونسل اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ خصوصی گرام سبھاؤں میں دیگر امور کے ساتھ سوچھتا ہی سیوا- 2026 کے نتائج اور ٹھوس کچرے کے انتظام کے ضابطے- 2026 کے بارے میں بیداری پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ دیہی علاقوں کے لیے محکمہ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی جانب سے 15 ستمبر- 2026 کو شروع کیے گئے سوچھ سیوا آنکلن پر بھی خصوصی گرام سبھاؤں کے دوران تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شہروں اور دیہات دونوں میں اس روز ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کے تحت شجرکاری مہم چلائی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر کے شہری مائی گوو پلیٹ فارم کے ذریعے رضاکارانہ طور پر سوچھتا عہد بھی لیں گے۔
تقریب کے دوران سوچھتا ہی سیوا- 2026 کا موضوع، لوگو، مہم کا کتابچہ اور پورٹل جاری کیے گئے، جبکہ سوچھتا ہی سیوا - 2026 کا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ سوچھتا ہی سیوا 2026 کے سلسلے میں مہم کے آغاز سے قبل ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
وسیع پیمانے پر جن بھاگیداری کے ذریعے سوچھتا ہی سیوا- 2026 کا مقصد سوچھتا کو مشترکہ ذمہ داری کے طور پر مزید مضبوط کرنا اور شہریوں کی شرکت کو سوچھ اور وکست بھارت کی جانب مستقل اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔ شہریوں اور شرکت کرنے والی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیاں انجام دیں اور انہیں #SHS2026 اور #SwachhataHiSeva2026 ہیش ٹیگز کے ساتھ شیئر کریں۔
*****
ش ح – ظ الف – ش ہ ب
UR No. 3688
(ریلیز آئی ڈی: 2311237)
وزیٹر کاؤنٹر : 4