کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ایپیڈا نے عالمی غذائی تجارت کے مواقع کو مضبوط بنانے کے لیے گلفوڈ کے منتظم ادارے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے


بھارت مسلسل دوسرے سال گلفوڈ 2027 میں سرکاری شراکت دار ملک کی حیثیت سے شرکت کرے گا

گلفوڈ 2027 میں خرد، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں، کسان پیداواری تنظیموں، نئی کاروباری کمپنیوں اور خواتین نیز درج فہرست ذات و قبائل کی قیادت میں برآمدات کرنے والے اداروں کی شرکت میں توسیع کی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 SEP 2026 8:48PM by PIB Delhi

گلفوڈ 2027 میں بھارت کی شرکت کو اس وقت نمایاں تقویت ملی جب زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کی ترقی کی اتھارٹی (ایپیڈا) اور اِن ڈی ایونٹس دبئی کے درمیان نئی دہلی کے وانجیہ بھون میں، تجارت کے سکریٹری جناب راجیش اگروال کی موجودگی میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ بھارت گلفوڈ 2027 میں ایک مرتبہ پھر سرکاری شراکت دار ملک کی حیثیت سے شرکت کرے گا۔ یہ مسلسل دوسرے سال اس شراکت داری کی علامت ہے اور گلفوڈ 2026 میں بھارت کی شرکت کے ذریعے حاصل ہونے والی عالمی شناخت اور کاروباری رفتار کو مزید آگے بڑھائے گا۔

جناب راجیش اگروال نے کہا کہ گلفوڈ میں بھارت کا مسلسل سرکاری شراکت دار ملک کا درجہ ملک کے زرعی و غذائی شعبے کی بڑھتی ہوئی طاقت اور عالمی سطح پر حاصل ہونے والی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری بھارتی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں سے رابطہ قائم کرنے، منڈیوں تک رسائی مضبوط بنانے اور جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے وسیع تر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

اِن ڈی کے نمائشوں اور غذائی و مہمان نوازی کے شعبے میں ترقی کے نائب صدر جناب مارک نیپیئر نے کہا کہ بھارت کا مضبوط اور متنوع غذائی نظام، اس کی بڑھتی ہوئی برآمدی صلاحیتوں کے ساتھ مل کر، عالمی غذائی تجارت کے پلیٹ فارم پر بھارت کی شرکت کو انتہائی اہم بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین 2026 کی کامیابی کو مزید آگے بڑھانے اور بھارتی برآمد کنندگان اور دنیا بھر کے خریداروں کے درمیان مزید گہرے روابط قائم کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت پر ایپیڈا کی سکریٹری ڈاکٹر سسوتی بوس اور اِن ڈی کے نمائشوں اور غذائی و مہمان نوازی کے شعبے میں ترقی کے نائب صدر جناب مارک نیپیئر نے دستخط کیے۔

اس موقع پر حکومتِ ہند کے محکمۂ تجارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب نتن کمار یادو، حکومتِ ہند کے محکمۂ تجارت کی اقتصادی مشیر محترمہ پریا پی نائر، ایپیڈا کے چیئرمین جناب ابھیشیک دیو، محکمۂ تجارت کی ڈائریکٹر محترمہ مونیکا گور، اِن ڈی کے شعبۂ نمائشوں کی تجارتی امور کی اسسٹنٹ نائب صدر محترمہ سلیمہ، کوم نیٹ ایگزیبیشنز کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ چندریکا بہل اور وزارت و ایپیڈا کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھارت کی گلفوڈ 2027 میں موجودگی کو مزید مضبوط بنانے اور بھارت کی زرعی و پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کو عالمی سطح پر زیادہ نمایاں شناخت دلانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

اس شراکت داری سے توقع ہے کہ عالمی خریداروں کے سامنے بھارت کی متنوع زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کو پیش کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرکے بھارتی برآمد کنندگان کی بین الاقوامی سطح پر شناخت اور برآمدی مواقع میں اضافہ ہوگا۔ گلفوڈ 2027 کا انعقاد 15 سے 19 مارچ 2027 تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔ یہ دنیا کی معروف غذائی اور مشروبات کی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے، جو بین الاقوامی کاروباری روابط قائم کرنے اور نئی منڈیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

گزشتہ نمائش سے حاصل ہونے والی رفتار کو آگے بڑھاتے ہوئے، بھارت کا سرکاری شراکت دار ملک کی حیثیت سے مسلسل شرکت کرنا زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کے ایک قابلِ اعتماد اور متنوع فراہم کنندہ کے طور پر بھارت کی حیثیت کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ شراکت داری جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) کے تحت بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی روابط کو مزید گہرا کرنے میں بھی معاون ہوگی، جبکہ خلیجی تعاون کونسل، وسیع تر مشرقِ وسطیٰ اور افریقی منڈیوں تک رسائی کے دروازے کے طور پر دبئی کی تزویراتی حیثیت سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

گلفوڈ میں بھارت کی شرکت کے دوران ایک متحدہ قومی پلیٹ فارم کے تحت اعلیٰ معیار کی، برانڈ شدہ، اختراعی اور قدر میں اضافہ کی گئی غذائی مصنوعات کو نمایاں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان زرعی اجناس پر بھی توجہ دی جائے گی جن کی برآمد میں بھارت کو پہلے ہی مضبوط حیثیت حاصل ہے۔ اس پلیٹ فارم پر برآمد کنندگان، کسان پیداواری تنظیموں، خرد، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں، نئی کاروباری کمپنیوں، اجناس کے بورڈوں اور سرکاری اداروں کو ایک ساتھ لایا جائے گا۔ خصوصی طور پر ترتیب دی گئی کاروباری ملاقاتیں، مصنوعات کی نمائشیں، کانفرنسیں اور صنعتی سرگرمیاں بین الاقوامی خریداروں سے روابط قائم کرنے اور نئی کاروباری شراکت داریوں اور برآمدی مواقع پیدا کرنے میں معاون ہوں گی۔

اس شراکت داری کا ایک اہم مقصد پورے بھارت سے خرد، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں، کسان پیداواری تنظیموں، نئی کاروباری کمپنیوں اور خواتین نیز درج فہرست ذات و قبائل کی قیادت میں برآمدات کرنے والے اداروں کی شرکت کو وسیع کرنا ہوگا۔ اس سے ابھرتے ہوئے کاروباری اداروں اور پیداوار کنندگان کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ نمایاں ہونے اور عالمی منڈیوں سے براہِ راست روابط قائم کرنے کا موقع ملے گا۔

یہ شراکت داری جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) کے تحت بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط کرے گی اور اس خطے کے اس کردار کو مزید مستحکم کرے گی کہ وہ بھارتی غذائی مصنوعات کے لیے خلیجی تعاون کونسل، وسیع تر مشرقِ وسطیٰ اور افریقی منڈیوں تک رسائی کا ایک اہم دروازہ بن سکے۔

*****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-3680


(ریلیز آئی ڈی: 2311191) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी