ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے اتر پردیش کے شہر ہاپوڑ میں صنعتوں کے خصوصی معائنے کا اہتمام کیا؛ معائنہ کی گئیں 22 میں سے 16 اکائیاں قواعد کی خلاف ورزی کرتی ہوئی پائی گئیں، 12 کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 6:39PM by PIB Delhi
فضائی معیار کے انتظام کے کمیشن(سی اے کیو ایم) نے این سی آر اور ملحقہ علاقوں میں 15 ستمبر 2026 کو اتر پردیش کے ضلع ہاپڑ میں سرگرم صنعتوں کا ایک خصوصی معائنہ کیا۔ اس مہم کے دوران 22 صنعتی یونٹوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 16 یونٹ لاگو قوانین اور قانونی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے، اور 12 یونٹوں کو 'وجہ بتاؤ نوٹس' (ایس سی این) جاری کیے گئے ہیں۔
یہ معائنہ مہم سی اے کیو ایم کے 7 فلائنگ اسکواڈز نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر چلائی۔ ان معائنوں میں مسوری-گلاوٹھی روڈ، پِلکھوا، راولی/شیخ پور/ایم جی روڈ، تاتار پور/گڑھ روڈ، ریلوے روڈ/ٹیکسٹائل سینٹر روڈ اور راولا/شیکھر کے صنعتی علاقے شامل تھے۔ جانچ کیے گئے 22 یونٹوں میں سے 6 قوانین کے مطابق پائے گئے، جبکہ 16 یونٹ لاگو ضوابط اور قانونی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔

معائنوں کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات مشاہدے میں آئے، جن میں شدید نظر آنے والا دھواں، فضائی آلودگی پر قابو پانے والے ناقص آلات (اے پی سی ڈیز)، آن لائن مسلسل اخراج کی نگرانی کرنے والے نظام (او سی ای ایم ایس) کا نصب نہ ہونا یا ان کا صحیح طریقے سے کام نہ کرنا، ویٹ اسکربر سسٹمز میں بائی پاس انتظامات، اور فضائی آلودگی کنٹرول آلات یا ویٹ اسکربر سسٹمز میں رسساؤ شامل ہیں۔ ڈیزل جنریٹر سیٹس کا قانونی ہدایات پر پورا نہ اترنا، کام شروع کرنے کی اجازت اور جنریٹر کی صلاحیت یا ایندھن کی تفصیلات میں تضاد، چمنی سے اخراج کی رپورٹس کا دستیاب نہ ہونا، اور چمنیوں کا 'ایمیشن ریگولیشن پارٹ- III کی گائیڈ لائنز کے مطابق نہ ہونا بھی مشاہدے میں آیا۔

معائنہ مہم کے دوران، دو مشتبہ غیر قانونی یونٹوں کی جانب سے داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر ان کے خلاف سخت کارروائی اور دوبارہ معائنے کی تجویز دی گئی ہے۔ غیر قانونی یا ضوابط کے خلاف چلنے والے صنعتی یونٹوں، خطرناک فضلے کے ساتھ لکڑی سے چلنے والی گڑھے والی بھٹی کے استعمال، اور اسٹیک مانیٹرنگ یا ریٹروفٹڈ ایمیشن کنٹرول ڈیوائس (آر ای سی ڈی) سسٹمز کے نصب نہ ہونے کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ خطرناک فضلے کے ساتھ لکڑی سے چلنے والی بھٹی استعمال کرنے والے ایک یونٹ اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ایک دوسرے یونٹ کو اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ (یو پی پی سی بی) نے سیل کر دیا ہے۔

معائنہ کرنے والی ٹیموں نے ایسے صنعتی یونٹوں کی بھی نشاندہی کی جو لاگو ضوابط کے مطابق کام کر رہے تھے۔ تفتیشی ٹیموں کے ان نتائج کو دستاویزی شکل دے دی گئی ہے تاکہ متعلقہ حکام مزید ضروری کارروائی کر سکیں۔
معائنہ مہم کے دوران کیے گئے مشاہدات کی بنیاد پر، متعلقہ یونٹوں کو 12 'وجہ بتاؤ نوٹس' (ایس سی این) جاری کیے گئے ہیں۔ سی اے کیو ایم نے اس بات کو دہرایا ہے کہ تمام صنعتی یونٹوں کے لیے لاگو ماحولیاتی ضوابط، قانونی ہدایات، سی ٹی او کی شرائط اور دیگر مقررہ اقدامات پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہے۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے کسی بھی واقعے سے متعلقہ ماحولیاتی قوانین اور قواعد کے مطابق نمٹا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضروری کارروائی کریں۔

سی اے کیو ایم این سی آر بھر میں خصوصی معائنہ مہمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات کی نشاندہی کی جا سکے، قانونی نفاذ کو مضبوط بنایا جا سکے اور صنعتوں اور آلودگی پھیلانے والے دیگر شعبوں کی جانب سے قانونی ہدایات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:3668
(ریلیز آئی ڈی: 2311169)
وزیٹر کاؤنٹر : 6