نیتی آیوگ
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آیوش کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے موضوع پر قومی ورکشاپ
نیتی آیوگ کے اسٹیٹ سپورٹ مشن (ایس ایس ایم) کے تحت ایک پہل
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 SEP 2026 9:00AM by PIB Delhi
نیتی آیوگ نے 8 ستمبر 2026 کو تلنگانہ کے حیدرآباد میں ”ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آیوش کےماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے“ کے موضوع پر ایک قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ یہ ورکشاپ حکومت ہند کی وزارت آیوش اور حکومت تلنگانہ کے محکمہ آیوش کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ ورکشاپ کا مقصد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آیوش کے نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات کو آگے بڑھانا، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کو فروغ دینا اور ایسے بہتر طریقہ کار کی نشاندہی کرنا تھا جنہیں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اپنی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اختیار اور دیگر مقامات پر نافذ کیا جاسکے۔
ایک روزہ قومی سطح کی اس ورکشاپ کا افتتاح مہمان خصوصی کے طور پر آیوش کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ گنپت راؤ جادھو نے کیا۔ ورکشاپ کی صدارت نیتی آیوگ کے رکن (صحت) پروفیسر (ڈاکٹر) ایم سرینواس نے کی۔ وزارت آیوش کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا کے علاوہ وزیر اعظم کے دفتر، وزارت آیوش، وزارت خارجہ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس)، وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومت تلنگانہ اور 29 دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اعلیٰ حکام نے ورکشاپ میں شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں آیوش کے ضابطہ کار اداروں، تحقیقی کونسلوں، تعلیمی اداروں، معیار بندی اور معیار کی یقین دہانی سے متعلق تنظیموں، صنعتی انجمنوں اور دیگر قومی سطح کے اداروں کے شعبہ جاتی اور تکنیکی ماہرین نے بھی شرکت کی۔ یہ ورکشاپ اسٹیٹ سپورٹ مشن (ایس ایس ایم) کے تحت نیتی-ریاستی ورکشاپس کے سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر منعقد کی گئی تھی۔
افتتاحی اجلاس کے دوران نیتی آیوگ اور وزارت آیوش نے مشترکہ طور پر ”وکست بھارت@2047 کے لیے مضبوط آیوش نظام کی تشکیل“ کے موضوع پر ایک خاکہ پیش کیا۔ اس پیشکش میں وکست بھارت@2047 کے تحت آیوش سے متعلق اہداف کے حصول کے لیے اہم ترجیحات کو اجاگر کیا گیا اور آیوش کےماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اہم کردار پر زور دیا گیا۔
ورکشاپ میں تین باہمی تبادلہ خیال پر مبنی گول میز اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان میں عوامی صحت اور جامع نگہداشت صحت میں آیوش کے کردار کو مضبوط بنانا؛ آیوش کی تعلیم، تحقیق اور اختراع کو مستحکم کرنا؛ اور آیوش کو عالمی سطح پر فروغ دینا، جس میں ضابطہ کاری، معیار، معیارات، طبی قدر پر مبنی سفر اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں، جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ان اجلاسوں میں ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اہم چیلنجوں پر غور و خوض، تجربات اور بہتر طریقہ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے اور آیوش کے ماحولیاتی نظام(ایکو سسٹم) کو مضبوط بنانے کے لیے عملی راستے تلاش کرنے کا موقع ملا۔ بات چیت کے دوران مقامی حالات کے مطابق حکمت عملی اختیار کرنے، مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی اور مرکز و ریاست کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ آیوش کی ترقی کو تیز کیا جاسکے۔
اختتامی خطاب میں نیتی آیوگ کے رکن (صحت) پروفیسر (ڈاکٹر) ایم. سرینواس نے زور دیا کہ ورکشاپ میں ہونے والی بات چیت محض سفارشات تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ انہیں ٹھوس، قابل پیمائش اور ریاستی ضروریات کے مطابق اقدامات میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
اس طرح یہ ورکشاپ مربوط اقدامات، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مرکز و ریاست کے درمیان شراکت داری کے ذریعے آیوش کے ماحولیاتی نظام(ایکو سسٹم) کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔ اس کا وسیع تر مقصد آیوش کو ہندوستان کے عوامی صحت اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کا ایک لازمی حصہ بنانا اور وکست بھارت@2047 کے وژن میں بامعنی تعاون کرنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش آ۔ ن م۔
U-3558
(ریلیز آئی ڈی: 2310386)
وزیٹر کاؤنٹر : 5