وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
محکمہ مویشی پروری و ڈیری کے سکریٹری کا ممبئی میں مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم (مغربی خطہ) کا دورہ؛ پولٹری کے بنیادی ڈھانچے، تربیت اور حیاتیاتی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے پر زور
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 SEP 2026 7:43PM by PIB Delhi

حکومت ہند کے مویشی پروری و ڈیری کے محکمہ کے سکریٹری جناب نریش پال گنگوار نے آج ممبئی کے گورے گاؤں میں واقع مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم (مغربی خطہ) کا دورہ کیا۔ محکمہ مویشی پروری و ڈیری کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر متھوکماراسامی بی اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جناب گنگوار نے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم (مغربی خطہ) کے کام کاج کا جائزہ لیا، جس میں افزائش نسل، انڈوں سے چوزے نکالنے، پرورش اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ انہوں نے ہیچری، بروڈر ہاؤسز، والدین پرندوں، خوراک تیار کرنے کے پلانٹ اور تربیتی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل لائیو اسٹاک مشن (این ایل ایم) اور پولٹری کی ترقی سے متعلق دیگر اسکیموں کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ سکریٹری نے کم وسائل میں پرورش کیے جانے والے پرندوں کی حوصلہ افزائی، مقامی پولٹری نسلوں کے جینیاتی وسائل کے تحفظ، حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور پولٹری کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے پر زور دیا۔ جناب گنگوار نے ہدایت دی کہ کسانوں پر مرکوز تربیت اور معیاری چوزوں کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔
سکریٹری نے ممبئی کے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم میں تربیت حاصل کرنے والے پولٹری کے کاروباری افراد سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ کاروباری افراد نے اپنی کامیابیوں اور تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پولٹری کے شعبے میں کاروبار شروع کرنے اور اسے آگے بڑھانے میں مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم کے تربیتی پروگراموں نے کس طرح مدد کی ہے۔ تکنیکی معلومات تک آسان رسائی اور علاقائی زبانوں میں پولٹری سے متعلق معلومات اور تربیت کو فروغ دینے کے مقصد سے ہندی اور مراٹھی زبان میں پولٹری کے انتظام سے متعلق کتابوں کا اجرا کیا گیا۔ ممبئی کے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم میں تربیت حاصل کرنے والے کامیاب طلبہ کو ان کی نمایاں کامیابیوں اور حوصلہ افزا کارکردگی کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔


’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم کے تحت معزز شخصیات نے پودے لگائے اور ماحول کے تحفظ اور سرسبز مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا۔ معزز شخصیات نے پولٹری گیلری کا بھی دورہ کیا اور مرکزی تعمیراتی محکمے (سی پی ڈبلیو ڈی) کے افسران کے ساتھ ممبئی کے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم کی ازسر نو تعمیر سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ممبئی ویٹرنری کالج کے بی وی ایس سی اور اے ایچ کے آخری سال کے طلبہ کے ساتھ ویٹرنری اور پولٹری کے شعبوں میں مواقع، چیلنجز اور ابھرتے ہوئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سکریٹری نے ممبئی میں واقع انیمل کورنٹائن اور سرٹیفیکیشن خدمات (اے کیو سی ایس) مرکز کا بھی دورہ کیا۔ یہ مرکز زندہ جانوروں اورمویشیوں سے متعلق مصنوعات کی درآمد کے ذریعے ملک میں جانوروں کی بیماریوں کے داخلے کو روکنے اور حیاتیاتی تحفظ کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جناب گنگوار نے مرکز کے کام کاج کا جائزہ لیا اور اس کے بنیادی ڈھانچے اور کام کرنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری اور مجوزہ ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دورے سے ممبئی کے مرکزی پولٹری ترقیاتی تنظیم (مغربی خطہ) کو پولٹری کی ترقی، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے مرکز کے طور پر مزید بہتر بنانے اور اسے مستقبل میں ایک بہترین مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے اہم رہنمائی حاصل ہوئی ہے ۔
********
(ش ح ۔ش ت ۔ت ا )
U. No. 3403
(ریلیز آئی ڈی: 2310002)
وزیٹر کاؤنٹر : 5