وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

دہلی میں جانوروں میں جلد کی بیماری لمپی کی صورتحال کا جائزہ، مربوط ٹیکہ کاری اور بیماری پر قابو پانے کے اقدامات پر زور

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 SEP 2026 6:22PM by PIB Delhi

حکومت ہند کے مویشی پروری  و ڈیری  کے محکمہ  نے آج دہلی کے  مویشی پروری کے افسران کے ساتھ تال میل میں قومی دارالحکومت خطے دہلی میں لمپی جلد کی بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جائزے میں موجودہ بیماری کی صورتحال، ٹیکہ کاری کی کوریج، نگرانی، علاج اور بیماری سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

تیرہ ستمبر 2026 کو مویشی پروری کے کمشنر ڈاکٹر نوینا بی  مہیشورپا نے دہلی کے  مویشی پروری کے افسران کے ساتھ بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مسلسل ٹیکہ کاری، فعال نگرانی اور بیماری پر قابو پانے کے اقدامات پر بروقت عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دہلی میونسپل کارپوریشن، گؤ شالاؤں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تال میل پر بھی زور دیا، خاص طور پر آوارہ مویشیوں کے مؤثر انتظام اور ٹیکہ کاری اور حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے۔

دہلی میں لمپی جلد کی بیماری کے واقعات وقفے وقفے سے سامنے آ رہے ہیں اور فی الحال صورت حال قابو میں ہے۔ متاثرہ جانوروں میں بیماری کی شدت کم ہے اور صحت یابی کی شرح اچھی ہے۔ متاثرہ مویشیوں میں کسی موت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ 13 ستمبر 2026 تک تقریباً 584 فعال معاملات سامنے آئے ہیں، جو زیادہ تر غیر ٹیکہ شدہ اور کمزور جانوروں میں ہیں۔ ان میں وہ جانور بھی شامل ہیں جو دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، غذائی اعتبار سے کمزور ہیں یا دباؤ کی حالت میں ہیں۔

سال2026 کے دوران دہلی میں 45950 سے زیادہ جانوروں کو لمپی اسکن بیماری کے خلاف ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ ٹیکہ کاری اور بیماری پر قابو پانے کے دیگر اقدامات جاری ہیں، جن میں بروقت ٹیکہ کاری، نگرانی، متاثرہ جانوروں کو الگ رکھنا، بیماری پھیلانے والے کیڑوں پر قابو پانا، جراثیم کشی اور حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔

جائزے کے دوران مویشی پروری و ڈیری  کے محکمہ  نے دہلی کے حکام کو ٹیکہ کاری، علاج اور جانوروں کے انتظام کے بارے میں تکنیکی رہنمائی فراہم کی اور مشورہ دیا کہ آوارہ مویشیوں کے مؤثر انتظام اور ٹیکہ کاری، متاثرہ جانوروں کو الگ رکھنے، بیماری پھیلانے والے جراثیم کی روک تھام، جراثیم کشی اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات پر عمل درآمد کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن، گؤ شالاؤں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تال میل کو مضبوط کیا جائے۔ اس کے تحت نقل و حرکت پر قابو پانے کے لیے پڑوسی ریاستوں کی سرحدوں پر جسمانی جانچ چوکیوں کا قیام بھی شامل ہے۔

مویشیوں کے مالکان، مقامی نمائندوں، غیر سرکاری تنظیموں، اسکولوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو شامل کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر بیداری کی سرگرمیوں پر بھی زور دیا گیا، تاکہ ٹیکہ کاری اور جانوروں کی بہتر پرورش و نگہداشت کے طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔

محکمہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھے ہوئے ہے اور لمپی اسکن بیماری کی مؤثر روک تھام، قابو پانے اور پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے ہوئے ضروری مدد فراہم کر رہا ہے۔ ملک بھر میں بیماری کی صورتحال پر مسلسل قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔

*****

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  3339)


(ریلیز آئی ڈی: 2309862) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी