وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آئی ٹی آر اے، جام نگر میں خرد جانداروں کی تحقیق اور صحت و تندرستی کے موضوع پر سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 SEP 2026 9:09PM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت کے تحت قومی اہمیت کے حامل ادارے، انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اِن آیوروید (آئی ٹی آر اے)، جام نگر نے 9 سے 11 ستمبر 2026 تک ’’خرد جانداروں کی تحقیق کے ذریعے صحت اور تندرستی کو سمجھنا‘‘ کے موضوع پر سہ روزہ جامع ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو خرد جانداروں کی تحقیق کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفت سے روشناس کرانا اور آیوروید کے نقطۂ نظر سے صحت، تندرستی اور احتیاطی نگہداشتِ صحت کے لیے اس کی ممکنہ افادیت کا جائزہ لینا تھا۔

وزارتِ آیوش کی، آیوش ممتاز سائنس دان چیئر کی پروفیسر شرمِلا مانڈے اور آئی آئی آئی ٹی، دہلی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تارِنی شنکر گھوش نے ورکشاپ کے دوران مختلف اجلاسوں سے خطاب کیا اور خرد جانداروں کی سائنس سے متعلق عصری تصورات، تحقیقی طریقۂ کار اور سامنے آنے والے شواہد کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔ ان تبادلاتِ خیال کے ذریعے شرکاء کو انسانی صحت پر خرد جانداروں کی تحقیق کے ممکنہ اثرات کو سمجھنے کا موقع ملا۔

ورکشاپ میں آیوروید کے علم اور خرد جانداروں کی عصری سائنس کو یکجا کیا گیا۔ اس دوران غذا، ہاضمہ، جسمانی تحول، صحت کے فروغ اور صحت و تندرستی کے لیے فرد کی مخصوص ضروریات کے مطابق اختیار کیے جانے والے طریقوں سمیت مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پروگرام میں سائنسی طور پر مستند علم پیدا کرنے اور آیوروید کی سائنسی بنیاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بین شعبہ جاتی اور شواہد پر مبنی تحقیق کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

ورکشاپ کا اختتام پروفیسر تنوجا نیساری، ڈائریکٹر، آئی ٹی آر اے کی قیادت میں ایک غوروفکر کے اجلاس کے ساتھ ہوا، جس میں مشترکہ اور متعدد مراکز پر مبنی تحقیق کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔ اس دوران آیوروید کے مختلف تصورات، مثلاً اگنی (ہاضمہ اور جسمانی تحول)، آہار (غذا)، پرکرتی، صحت مند طرزِ زندگی کے طریقوں اور آیورویدک علاج کے طریقوں کا آنتوں میں موجود مختلف خرد جانداروں کے ساتھ تعلق کے حوالے سے سائنسی مطالعہ کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

تین روزہ ورکشاپ میں مجموعی طور پر 52 اساتذہ اور تحقیقی طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام کے ذریعے علم کے تبادلے، سائنسی مکالمے اور مشترکہ تحقیق کے لیے مستقبل کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی میں سہولت فراہم ہوئی۔

توقع ہے کہ یہ پہل آیوروید اور جدید سائنسی شعبوں کے باہمی تعلق کے مقام پر بین شعبہ جاتی تحقیق کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ خرد جانداروں کی تحقیق جدید سائنسی طریقۂ کار کے ذریعے روایتی آیورویدک تصورات کے مطالعے اور احتیاطی نگہداشتِ صحت، غذائیت، نظامِ ہاضمہ کی صحت، جسمانی تحول کی صحت اور مجموعی تندرستی جیسے شعبوں میں شواہد پر مبنی طریقۂ کار وضع کرنے کے لیے نئے امکانات فراہم کرتی ہے۔

یہ ورکشاپ آیوروید میں شواہد پر مبنی، بین شعبہ جاتی اور عوامی صحت پر مرکوز تحقیق کو فروغ دینے کے لیے آئی ٹی آر اے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد روایتی علم کو صحت اور بہبود کے فروغ کے لیے سائنسی طور پر مستند طریقۂ کار میں ڈھالنا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260912211157_5dd553.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260912211208_0664ae.jpg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-3359


(ریلیز آئی ڈی: 2309653) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी