مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
سکریٹری، محکمہ شہری ترقی، ایم او ایچ یو اے نے سی ایس ایم سی کے 9ویں اجلاس کی صدارت کی
پردھان منتری آواس یوجنا-اربن 2.0 کے تحت 29,000 سے زیادہ اضافی مکانات کی منظوری دی گئی ، منظور شدہ مکانات کی مجموعی تعداد اب 18.77 لاکھ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 SEP 2026 10:01PM by PIB Delhi
ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) نے پردھان منتری آواس یوجنا-اربن 2.0 (پی ایم اے وائی-یو 2.0) کے تحت مجموعی طور پر 18.77 لاکھ مکانات کی منظوری دی، جس سے اسکیم کے نفاذ کو مزید تقویت ملی اور شہری علاقوں میں ’ہاؤسنگ فار آل (سب کے لیے رہائش)‘ کے مقصد کی جانب پیش رفت میں تیزی آئی۔ یہ فیصلہ 10 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں شہری امور کے محکمے کے سکریٹری جناب ستیندر سنگھ کی صدارت میں منعقدہ مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی (سی ایس ایم سی) کے نویں اجلاس میں کیا گیا۔
میٹنگ میں جناب کمار روی کانت سنگھ، جوائنٹ سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر (جے ایس اینڈ ایم ڈی)، ہاؤسنگ فار آل (ایچ ایف اے)، جناب سنجیت، جوائنٹ سکریٹری اور مالیاتی مشیر (جے ایس اینڈ ایف اے)، وزارت کے سینئر افسران اور متعلقہ ریاستوں کے مشن ڈائریکٹروں نے بھی شرکت کی۔ آج کی میٹنگ میں چھ ریاستوں—آسام، بہار، گجرات، تلنگانہ، تریپورہ اور اتر پردیش—میں پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے بینیفشری لیڈ کنسٹرکشن (بی ایل سی) اور افورڈیبل ہاؤسنگ اِن پارٹنرشپ (اے ایچ پی) ورٹیکلز کے تحت 29,000 سے زیادہ مکانات کی منظوری دی گئی۔

ریاستوں سے خطاب کرتے ہوئے شہری امور کے محکمے (ایم او ایچ یو اے) کے سکریٹری نے کہا کہ پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے بروقت اور مؤثر نفاذ اور نگرانی کے لیے مربوط کوششیں یقینی بنائی جانی چاہئیں، تاکہ اسکیم کے فوائد تمام اہل مستفیدین تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی رکاوٹ کی فوری نشاندہی کی جانی چاہیے اور ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مشاورت سے اسے دور کیا جانا چاہیے۔
یو ڈی کے سکریٹری نے واضح کیا کہ باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنانے اور پی ایم اے وائی-یو 2.0 کی پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے سی ایس ایم سی کی میٹنگیں ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ ہر ماہ کے آخر تک منظور شدہ پروجیکٹ پیش کریں، تاکہ ان پر بروقت غور کیا جا سکے اور بعد کی سی ایس ایم سی میٹنگوں میں منظوری دی جا سکے۔
18 لاکھ سے زیادہ خاندان مستفید ہو رہے ہیں
پی ایم اے وائی-یو 2.0 اپنے مختلف ورٹیکلز کے ذریعے اہل شہری ای ڈبلیو ایس/ایل آئی جی اور ایم آئی جی خاندانوں کو رہائش کے لیے امداد فراہم کرنے کا مقصد رکھتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستفیدین اپنا پکا مکان تعمیر کر سکتے ہیں، اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے پروجیکٹوں میں مکان خرید سکتے ہیں، کرایے پر سستی رہائش حاصل کر سکتے ہیں یا اہل ہاؤسنگ لون پر سود میں رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس طرح انہیں ان کی ضروریات، اہلیت اور مالی حالات کے مطابق رہائش کے حل فراہم کیے جاتے ہیں۔
پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے تحت اب تک مجموعی طور پر 18.77 لاکھ مکانات کی منظوری دی جا چکی ہے، جس کے ساتھ یہ اسکیم محفوظ، سستی اور پکی رہائش تک رسائی کو مسلسل وسعت دے رہی ہے۔ یہ منظوری ’ہاؤسنگ فوار آل (سب کے لیے رہائش)‘ کے مقصد کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ شہری خاندان اپنے محفوظ گھر کے مالک بننے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
’ہاؤسنگ فار آل (سب کے لیے رہائش)‘ کی جانب بڑا قدم
پی ایم اے وائی-یو 2.0، پی ایم اے وائی-یو کے تحت حاصل ہونے والی مسلسل پیش رفت کو آگے بڑھاتی ہے۔ پی ایم اے وائی-یو اور پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے تحت مجموعی طور پر 1.25 کروڑ سے زیادہ مکانات کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ ایک کروڑ سے زیادہ مکانات مکمل کر کے مستفیدین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
وقار اور بااختیار بنانے کی بنیاد کے طور پر رہائش
یہ اسکیم ای ڈبلیو ایس/ایل آئی جی اور ایم آئی جی خاندانوں کی رہائشی ضروریات پوری کرتی ہے، جن کی سالانہ گھریلو آمدنی 9 لاکھ روپے تک ہے۔ اس کے ذریعے انہیں کچے، ناکافی یا کرائے کے مکانات سے محفوظ اور باوقار گھروں میں منتقل ہونے کا موقع ملتا ہے۔ کمزور خاندانوں کو مناسب رہائش تک رسائی فراہم کرکے، اس اسکیم نے انہیں تحفظ اور استحکام کا نیا احساس دیا ہے اور بہتر معیارِ زندگی کی جانب آگے بڑھنے میں مدد کی ہے۔
اس اسکیم میں خواتین کی جانب سے مکانات کی ملکیت پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت منظور شدہ مکانات یا تو گھر کی خاتون کے نام پر یا مشترکہ ملکیت میں ہوتے ہیں، جس سے گھر کے اندر خواتین کی معاشی اور سماجی حیثیت کو تقویت ملتی ہے۔ پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے تحت منظور شدہ 18.77 لاکھ مکانات میں سے 17.19 لاکھ مکانات (92 فیصد) خواتین کو الاٹ کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، شمولیت کو یقینی بنانے اور معاشرے کے کمزور طبقات تک اسکیم کے فوائد پہنچانے کے لیے بزرگ شہریوں کو 1.80 لاکھ مکانات الاٹ کیے گئے ہیں۔ ایس سی مستفیدین کے لیے 3.25 لاکھ، ایس ٹی مستفیدین کے لیے 1.02 لاکھ اور او بی سی مستفیدین کے لیے 8.22 لاکھ مکانات منظور کیے گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار محفوظ، سستی اور باوقار رہائش تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اسکیم کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے تحت منظور شدہ مکانات کی مجموعی تعداد اب 20 لاکھ کے سنگ میل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ہر اہل شہری خاندان کے پاس اپنا گھر ہو۔ منظور کیا جانے والا ہر مکان ایک ایسے خاندان کی نمائندگی کرتا ہے جو ایک محفوظ، مستحکم اور باوقار مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
***
UR-3341
(ش ح۔اس ک۔ت ع )
(ریلیز آئی ڈی: 2309477)
وزیٹر کاؤنٹر : 20