ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
مرکزی وزیر ماحولیات نے این سی آر میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے زمینی سطح پر عوامی شراکت داری پر زور دیا
اپنی نوعیت کا پہلا مکالمہ: این سی آر کے 63 شہروں کے میئرز اور مقامی بلدیاتی اداروں کے نمائندے صاف ہوا کا عہد لینے کے لیے یکجا
فضائی آلودگی پر قابو پانے اور کچرے کے مؤثربندوبست کے لیے سائنسی، اعداد و شمار پر مبنی طریقۂ کار کو زمینی سطح تک پہنچنا چاہیے؛ عوامی نمائندوں کو قیادت کرنی چاہیے: جناب بھوپیندر یادو
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
07 SEP 2026 7:08PM by PIB Delhi
ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے زمینی سطح پر عوام کی مضبوط شراکت داری پر زور دیا۔ انہوں نے شہری مقامی بلدیاتی اداروں کے میئرز اور نمائندوں پر زور دیا کہ وہ صاف ہوا کے مشن کو آگے بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ این سی آر کے 63 شہروں کے میئرز اور مقامی نمائندوں پر مشتمل یہ ڈائیلاگ ، فضائی آلودگی کے مسئلے پر مقامی بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کے ساتھ وزارت کی جانب سے منعقد کی گئی اپنی نوعیت کی پہلی اور اتنے بڑے پیمانے کی شمولیتی سرگرمی ہے۔
جناب یادو نے اس بات پر زور دیا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سائنسی اور اعداد و شمار پر مبنی طریقۂ کار کو زمینی سطح تک پہنچنا چاہیے، اور عوامی نمائندوں کو عملی منصوبوں کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنے میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے میئرز اور مقامی نمائندوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مثال قائم کرتے ہوئے قیادت کریں اور شہریوں کو قابلِ تدارک آلودگی سے بچاؤ اور صاف ستھرے اور صحت مند شہری ماحول کو یقینی بنانے کے لیے متحرک کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری مقامی بلدیاتی ادارے اولین سطح پر کارروائی کرنے والے ادارے ہیں اور رہنمائی پر مبنی اقدامات کے ذریعے غیر معمولی تبدیلی لا سکتے ہیں، اس لیے اس مسئلے سے نمٹنے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
شہری علاقوں کی تیزی سے توسیع اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ٹھوس کچرے کے چیلنج کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے زمینی سطح پر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز ، 2026 اور کنسٹرکشن اینڈ ڈیمولیشن (سی اینڈ ڈی) ویسٹ مینجمنٹ رولز ، 2025 کے مؤثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ٹھوس کچرے کے انتظام میں مقامی بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور ذمہ داریوں سے واقف ہوں اور شہریوں کے لیے قابلِ تقلید مثالیں قائم کرنے کی غرض سے پہلے مثبت اقدامات خود اٹھائیں۔
جناب یادو نے مقامی بلدیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں کے کنارے مقامی اور خشک سالی برداشت کرنے والی گھاس کی اقسام لگا کر سبز احاطے میں اضافہ کریں، تاکہ گرد و غبار سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے مؤثر صفائی کو یقینی بنانے، پلاسٹک کے استعمال اور بایوماس جلانے کی روک تھام، نیز غیر موافق صنعتوں اور گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے میں عوامی شراکت داری کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیرِ موصوف نے اجتماع کو بتایا کہ این سی آر کے بلدیاتی اداروں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ مرکزی سطح پر 25 سے زائد مسلسل جائزہ اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے این سی آر کی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے تفصیلی عملی منصوبوں کی تیاری کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی اداروں کے ساتھ قریبی تال میل قائم کریں اور نچلی سطح پر ان منصوبوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔
جناب یادو نے اس بات کو اجاگر کیا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ایک مرکزی ادارہ جاتی نظام، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم)، قائم کیا گیا ہے، جو این سی آر میں فضائی معیار کے انتظام سے متعلق اقدامات کے نفاذ کی نگرانی کرتا ہے۔ انہوں نے مقامی بلدیاتی اداروں کو یقین دلایا کہ وزارت اور سی اے کیو ایم زمینی سطح پر نفاذ کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تکنیکی تعاون فراہم کریں گے، جس میں ان کے تکنیکی ذخیرے اور عملی منصوبوں تک رسائی بھی شامل ہے۔
اجلاس کے اختتام پر مرکزی وزیر نے تمام موجود عوامی نمائندوں کو صاف ہوا کا عہد دلایا اور مؤثر فضائی معیار کے انتظام کی سمت میں اپنے اپنے علاقوں کے شہریوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی قیادت کی۔ اس سے قبل شرکا کو ’’دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات‘‘ کے موضوع پر 2 پریزنٹیشنز، جبکہ ’’ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز ، 2026‘‘ اور ’’سی اینڈ ڈی ویسٹ مینجمنٹ رولز، 2025‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن دی گئی۔ اس کا مقصد عوامی نمائندوں کو حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی اہم خصوصیات سے آگاہ کرنا، نیز فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ٹھوس کچرا انتظام کے شعبوں میں ان کے فرائض، ذمہ داریوں اور اختیارات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 3130
(ریلیز آئی ڈی: 2307651)
وزیٹر کاؤنٹر : 7