محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای پی ایف او کی اہل اداروں سے اپیل: وشواس  2026 کے تحت طویل عرصے سے زیر التوا ای پی ایف نقصانات کے تنازعات انتہائی کم شرح پر نمٹائیں


ہائی کورٹس نے اسکیم کی توثیق کی، اداروں کو فوائد حاصل کرنے کی ترغیب دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 SEP 2026 5:54PM by PIB Delhi

حکومت ہند نے وشواس، 2026 شروع کیا ہے، جو ایک یک وقتی تصفیہ اسکیم ہے اور آجروں کو انتہائی کم جرمانہ ادا کرکے طویل عرصے سے زیرِ التوا تنازعات کو نمٹانے کی اجازت دیتی ہے۔ یہ اسکیم 28 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ آجروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ اس مدت کے اندر درخواست دیں، کیونکہ اختتامی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

معمول کے ضابطہ کے تحت پی ایف جمع کرانے میں تاخیر پر جرمانہ سالانہ 37فیصد تک ہوسکتا ہے۔ وشواس، 2026 کے تحت جرمانے میں درج ذیل کمی کی گئی ہے:

  • 2 ماہ تک کی تاخیر: صرف 0.25فیصدماہانہ ادا کریں،
  • 2 سے 4 ماہ تک کی تاخیر: صرف 0.50فیصد  ماہانہ ادا کریں،
  • 4 ماہ سے زیادہ کی تاخیر: صرف 1فیصدماہانہ ادا کریں۔

معزز بامبے ہائی کورٹ (پونے بنچ) نے ڈبلیو پی نمبر 4246 آف 2018 میں ایک آجر کو دو ہفتوں کے اندر وشواس، 2026 کے تحت درخواست دینے کا حکم دیا، اسی مناسبت سے پہلے کے ٹریبونل کے حکم میں ترمیم کی اور رِٹ پٹیشن نمٹا دی۔ معزز مدراس ہائی کورٹ نے ڈبلیو پی نمبر 38008 آف 2024 کو اس وقت نمٹا دیا جب آجر نے اسکیم سے فائدہ اٹھانے پر آمادگی ظاہر کی، اور رِٹ پٹیشن اور متعلقہ ٹریبونل کی کارروائی کو بیک وقت ختم کردیا۔ معزز کیرالہ ہائی کورٹ (ارناکولم بنچ) نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے الگ الگ 19 مقدمات میں اسی طرح کی ہدایات جاری کی ہیں، جن میں ان اداروں کو ای پی ایف او سے رجوع کرنے اور وشواس، 2026 کے تحت تصفیہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آجروں کے لیے ایک اہم راحت کے اقدام کے طور پر، 14 جون  2024 سے قبل پروویڈنٹ فنڈ (پی ایف) کی شراکت کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق معاملات کو قابلِ اطلاق دفعات کے تحت زیرِ غور لایا جاسکتا ہے، بشرطیکہ آجر متعین زمروں میں شامل ہو۔ اس میں وہ معاملات شامل ہیں جہاں جرمانے سے متعلق کارروائی فی الحال کسی عدالت یا ٹریبونل کے سامنے زیرِ التوا ہے؛ وہ معاملات جہاں ملازمین کا پروویڈنٹ فنڈ ادارہ (ای پی ایف او) پہلے ہی جرمانے کا حکم جاری کرچکا ہے لیکن مکمل یا جزوی طور پر وصولی اب بھی زیرِ التوا ہے؛ وہ معاملات جہاں ای پی ایف او نے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز پر مشتمل نوٹس جاری کیا ہے لیکن ابھی حتمی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے؛ اور وہ معاملات جہاں ای پی ایف او کے ریکارڈ میں پی ایف کی ادائیگی میں تاخیر ظاہر ہوتی ہے لیکن اب تک جرمانے کا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے۔

پورا عمل آن لائن طریقۂ کار کے ذریعے دستیاب کرایا گیا ہے۔ آجروں کے لیے ضروری ہے کہ درخواست جمع کرانے سے پہلے تاخیر سے کی گئی پی ایف کی شراکت پر تمام بقایا سود ادا کردیں۔ اس کے بعد وہ ای پی ایف او ایمپلائر پورٹل پر لاگ اِن کرکے وشواس، 2026 ماڈیول تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، قابلِ اطلاق زمرے کا انتخاب کرسکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرسکتے ہیں اور ڈیجیٹل تصدیق کے ذریعے عمل مکمل کرسکتے ہیں۔

نظام ازخود نظرثانی شدہ جرمانے کی رقم کا حساب کرے گا۔ آجروں کو ادائیگی کے لیے 15 دن کا وقت دیا جائے گا، اور جہاں ضرورت ہوگی، مزید 15 دن کی خودکار توسیع بھی دی جائے گی۔ ادائیگی کی تصدیق کے بعد، ای پی ایف او ڈیجیٹل طور پر دستخط شدہ تصفیہ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، جس کے بعد عدالت یا ٹریبونل کے سامنے زیرِ التوا متعلقہ کارروائی ختم سمجھی جائے گی۔

آجروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ 28 دسمبر 2026 کو اسکیم کے اختتام سے قبل اس کے فوائد حاصل کریں۔ درخواست دہندگان کی سہولت اور مدد کے لیے ملک بھر میں ای پی ایف او کے تمام 153 علاقائی دفاتر میں معاونت دستیاب ہے، جہاں خصوصی وشواس سیل اور ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔ تفصیلی رہنما خطوط اور اکثر پوچھے جانے والے سوالات ای پی ایف او کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ مزید مدد کے لیے آجر ٹول فری ہیلپ لائن 1800-180-1820 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

 

***

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 3003


(ریلیز آئی ڈی: 2306523) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी