ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ماحولیات کےمرکزی وزیرنے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے این سی آر کی ریاستوں کی مربوط کوششوں کا جائزہ لیا


ریاستوں نے فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے متعلقہ فریقوں کو ہدف بنا کر شامل کرنے اور رویوں میں تبدیلی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عملی منصوبوں کو حتمی شکل دی

ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز (ایس پی سی بی )آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس پر توجہ مرکوز کریں اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف ’برداشت نہ کرنے‘ کی پالیسی اپنائیں: جناب بھوپیندر یادو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 SEP 2026 4:54PM by PIB Delhi

 ماحولیات، جنگلات  اور موسمیاتی تبدیلی  کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج قومی راجدھانی خطے (این سی آر) کی ریاستوں کی جانب سے پیش کیے گئے جامع منصوبوں کا جائزہ لیا، جن میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے متعلقہ فریقوں کو شامل کرنے اور رویوں میں تبدیلی سے متعلق ابلاغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

وزیر موصوف  نے گزشتہ ایک سال کے دوران 25 سے زائد اجلاس منعقد کیے، جن میں قومی راجدھانی خطے کی میونسپل باڈیز کے انفرادی فضائی معیار کے انتظامی منصوبوں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس عمل کے نتیجے میں ریاستی سطح کے انفرادی عملی منصوبوں کو حتمی شکل دی گئی، جن میں فضائی آلودگی کے شناخت شدہ ذرائع سے نمٹنے کے لیے زمینی سطح پر مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آج متعلقہ فریقوں کو شامل کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

 

قومی راجدھانی خطے(این سی آر ) کی ریاستی حکومتوں کی جانب سے فضائی آلودگی سے نمٹنے میں شہریوں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے تیار کیے گئے تفصیلی عملی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر  موصوف نے ریاستوں کی جانب سے کیے گئے خصوصی اقدامات کو اجاگر کیا اور دیگر ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بہترین طریقۂ کار اختیار کرکے انہیں اپنے یہاں بھی نافذ کریں۔ جناب یادو نے آئی ای سی سرگرمیوں اور رویوں میں تبدیلی سے متعلق ابلاغ کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا اور کہا کہ اس مہم کو زمینی سطح تک پہنچایا جائے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اس میں شامل کیا جائے۔

این سی آر کی ریاستی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر موصوف نے زور دیا کہ فضائی آلودگی سے نمٹنے کی کوششوں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ فریقوں کی مربوط اور مرکوز شمولیت ضروری ہے۔ وزیر موصوف نے مختلف ریاستوں کی جانب سے تجویز کردہ آئی ای سی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی اور مؤثر نتائج کے لیے ان سرگرمیوں کو مربوط انداز میں انجام دیا جانا چاہیے۔

جناب یادو نے تجویز دی کہ زراعت، ماحولیات اور شہری ترقی کے مرکزی وزراء کو اپنے متعلقہ ریاستی ہم منصبوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی تیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز کو فضائی آلودگی کے شناخت شدہ ہاٹ اسپاٹس پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور ان کی روک تھام کے لیے عملی اور مؤثر ایکشن پلان تیار کرنا چاہیے۔

ریاستی حکام کے ساتھ بات چیت میں وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ ’’ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور ’ برداشت نہ کرنے ‘ کی پالیسی اپنائی جانی چاہیے۔‘‘انہوں نے خلاف ورزیوں اور کوتاہیوں کے لیے ذمہ داری طے کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جواب دہی اور ضوابط کی پابندی یقینی بنانے کے لیے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ فریقوں کے نام عوام کے سامنے لانے کا اقدام بھی اختیار کیا جانا چاہیے۔

وزیر  موصوف نے کہا کہ صرف آئی ای سی سرگرمیاں کافی نہیں ہوں گی، بلکہ فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مؤثر نفاذ اور نگرانی بھی نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقدامات اور متعلقہ ریاستوں کی جانب سے کیے گئے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ستمبر میں مرکزی وزیر کی سطح پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے این سی آر کی ریاستی حکومتوں کو یقین دلایا کہ حکومتِ ہند فضائی معیار کے انتظام کے لیے ان کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس میں وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی )کے سیکریٹری، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم ) کے چیئرمین اور وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی اور کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ریاستی حکومتوں کی جانب سے دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش کے ماحولیات کے وزراء اور سیکریٹریز، آلودگی کنٹرول بورڈز کے چیئرمین اور ممبر سیکریٹریز، جبکہ پنجاب کی جانب سے وزیرِ زراعت، سیکریٹری زراعت اور سیکریٹری ماحولیات، نیز راجستھان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ماحولیات شریک ہوئے۔

(Link to State Action Plans: https://caqm.nic.in/landingpage/pages/documents/state-action-plans)

***

(ش ح ۔ م م ع ۔م ذ)

U.No: 2998


(ریلیز آئی ڈی: 2306474) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil