سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نئی اسمارٹ ٹیکنالوجی الزائمر کی بیماری کا پتہ لگانا آسان بنا سکتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 AUG 2026 5:44PM by PIB Delhi

ایک نیا اسمارٹ فون سے چلنے والا پلیٹ فارم، جس میں فلوروسینس-ریسپانسیوایک چھوٹے مالیکیول کو بطور پروب استعمال کیا گیا ہے، الزائمر کی بیماری (اے ڈی) کے بائیومارکر امائلائڈ-β (اے بیٹا) کی شناخت کے لیے ایک سادہ، کم لاگت اور قابلِ رسائی طریقہ پیش کرتا ہے۔

اے بیٹا کے ساتھ تعامل پر، ٹی زیڈ-48 نامی یہ چھوٹا مالیکیول فلوروسینس کی شدت میں تبدیلی پیدا کرتا ہے، جسے ایک مخصوص اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے ریکارڈ کرکے مقداری طور پر جانچا جاتا ہے۔ اس طرح تیز رفتار اور صارف دوست شناخت ممکن ہوتی ہے، جس کے ذریعے اے ڈی کی اسکریننگ اور بیماری کے مرحلے کے تعین میں مدد مل سکتی ہے۔

اے ڈی ایک بتدریج بڑھنے والا اعصابی انحطاطی عارضہ ہے، جس کی خصوصیت یادداشت میں کمی، ادراکی صلاحیتوں میں تنزلی اور رویے میں خرابی سے ہوتی ہے۔ اس کی بیماریاتی کیفیت میں امائلائڈ-β (اے بیٹا) کا غلط طور پر تہہ دار ہونا اور جمع ہونا بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اے بیٹا خود کو ریشوں کی شکل میں منظم کرتا ہے اور خلیوں کے باہر تختیوں کی صورت میں جمع ہو جاتا ہے، جو اعصابی زہریلے عمل کو متحرک کرتے ہیں اور نتیجتاً سینیپٹک افعال میں خرابی اور اعصابی خلیوں کے انحطاط کا سبب بنتے ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آن ایجنگ-الزائمرز ایسوسی ایشن (این آئی اے-اے اے) فریم ورک دماغ، دماغی نخاعی سیال (سی ایس ایف) اور خون میں اے بیٹا، ٹاؤ اور اعصابی انحطاط کو اے ڈی کے بنیادی بائیومارکرز کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اے بیٹا کی پیتھالوجی بیماری کے ابتدائی مرحلے میں ظاہر ہونے والا اور اے ڈی سے مخصوص بائیومارکر ہے، جس کی وجہ سے اے بیٹا ایک زیادہ قابلِ اعتماد تشخیصی اشاریہ بن جاتا ہے۔ اگرچہ پوزیٹرون ایمیشن ٹوموگرافی (پی ای ٹی) اور میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (ایم آر آئی) تشخیص کے لیے قیمتی معلومات فراہم کرتے ہیں، لیکن ان کی زیادہ لاگت، خصوصی بنیادی ڈھانچے اور تکنیکی مہارت کی ضرورت اور محدود دستیابی ان کے وسیع پیمانے پر استعمال میں رکاوٹ ہے۔ اے بیٹا اور ٹاؤ کو ہدف بنانے والے خون پر مبنی تجزیے امید افزا متبادل کے طور پر سامنے آئے ہیں، لیکن یہ بھی مہنگے اور پیچیدہ ہیں۔ یہ حدود ایسے سادہ، حساس اور بڑے پیمانے پر قابلِ استعمال تشخیصی پلیٹ فارم کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہیں، جو اے ڈی کی تشخیص کے لیے اے بیٹا کی ابتدائی اور درست شناخت کر سکے۔

فلوروسینس لائف ٹائم امیجنگ مائیکروسکوپی (ایف ایل آئی ایم) ایک مؤثر سینسنگ طریقے کے طور پر ابھری ہے، کیونکہ فلوروسینس لائف ٹائم بڑی حد تک پروب کے ارتکاز اور فوٹو بلیچنگ سے آزاد ہوتا ہے۔ اس طرح یہ بائیومارکرز کی قابلِ اعتماد شناخت اور تشخیصی درستگی میں بہتری کی صلاحیت رکھتا ہے۔

محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک خودمختار ادارے، جواہر لال نہرو سینٹر فار ایڈوانسڈ سائنٹیفک ریسرچ (جے این سی اے ایس آر) کے سائنس دانوں نے ایک اسمارٹ فلوروسینس لائف ٹائم-ریسپانسیو پروب تیار کیا ہے، جو ٹرن آن فلوروسینس اور مختلف لائف ٹائم سگنیچرز کے ذریعے اے بیٹا فائبرز (اے بیٹا ایف) کی انتہائی مخصوص، حساس اور امتیازی شناخت ممکن بناتا ہے۔

اے سی ایس کیمیکل نیورو سائنس جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں ٹی زیڈ-48 نامی اس پروب نے خون-دماغی رکاوٹ (بی بی بی) سے گزرنے کی بہترین صلاحیت، جینیاتی طور پر تبدیل شدہ اے ڈی چوہوں کے دماغوں میں اے بیٹا تختیوں کی مضبوط نشان دہی، اور بیماری کے مختلف مراحل میں اے بیٹا کے بوجھ کی مقداری نقشہ سازی کے لیے کنفوکل لیزر اسکیننگ مائیکروسکوپی (سی ایل ایس ایم) اور ایف ایل آئی ایم کے ساتھ مطابقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ بافتوں کی امیجنگ کے علاوہ، ٹی زیڈ-48 دماغی نخاعی سیال (سی ایس ایف) اور خون کے سیرم میں اے بیٹا کی حساس شناخت بھی ممکن بناتا ہے اور اے ڈی سے متاثرہ چوہوں کو صحت مند چوہوں سے درست طور پر الگ کرتا ہے۔

طبی استعمال کی جانب پیش رفت کو ممکن بنانے کے لیے، کریتھی کے. بھاگوتھ، مدھو رمیش، یوگیندر کمار، سبیاساچی منڈل، ہیریاکّانَوَر اِلا اور تھمیا گووندراجو پر مشتمل سائنس دانوں کی ٹیم نے اے ڈی ایکس فلور تیار کیا ہے۔ یہ ایک اسمارٹ فون سے مربوط پلیٹ فارم ہے، جو ٹی زیڈ-48 کے فلوروسینس ردِعمل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیرم میں اے بیٹا کی مقدار کی تیز رفتار اور غیر جانب دارانہ پیمائش کرتا ہے۔

یہ نظام دماغ کی دوہری نوعیت کی امیجنگ، حیاتیاتی سیالوں میں شناخت اور اسمارٹ فون پر مبنی اے بیٹا کی مقداری پیمائش کو یکجا کرتا ہے۔ اس طرح اے ڈی ایکس فلور کے ذریعے اے ڈی اور دیگر اعصابی انحطاطی بیماریوں کے لیے اگلی نسل کے اسمارٹ تشخیصی نظام کی بنیاد فراہم ہوتی ہے۔

اسمارٹ فون پر مبنی اے ڈی ایکس فلور پلیٹ فارم کے ساتھ ٹی زیڈ-48 کو مربوط کرنے سے ایک قابلِ نقل و حمل (پورٹیبل)، کم لاگت اور صارف دوست پوائنٹ آف کیئر تشخیصی نظام کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے، جو اے ڈی کی تشخیص کے میدان میں ایک اہم تکنیکی اور عملی اختراع کی نمائندگی کرتا ہے۔

اشاعت کا لنک:    https://doi.org/10.1021/acschemneuro.6c00230 

 

***

UR-2593

(ش ح۔اس ک  )

 


(ریلیز آئی ڈی: 2303289) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी