قومی انسانی حقوق کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کے قومی کمیشن  برائے انسانی حقوق نے گجرات کے بھاؤ نگر ضلع میں مقامی طور پر تیار کردہ نقلی  غیر ملکی شراب پینے کے بعد کم از کم 9 افراد کی ہلاکت اور مزید39 افراد کی تشویش ناک صورت حال کی خبروں کا ازخود نوٹس لیا


کمیشن نے گجرات کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی

رپورٹ میں ہلاکتوں کی تعداد کی تازہ صورت  حال، زیرعلاج متاثرین،معاملے کی تحقیقات، ذمہ دار افسران کے خلاف شروع کی گئی محکمانہ کارروائی، مہلوکین کےلواحقین اور بچ جانے والے متاثرین کو فراہم کی گئی امداد، معاوضے اور طبی سہولیات کی تفصیلات شامل کرنے کی ہدایت دی گئی

ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے طویل مدتی اقدامات سے متعلق معلومات بھی طلب کی گئیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 AUG 2026 5:57PM by PIB Delhi

بھارت کےقومی کمیشن برائے انسانی حقوق(این ایچ آر سی) نے میڈیا میں شائع ان خبروں کا ازخود نوٹس لیا ہے جن میں گجرات کے بھاؤ نگر ضلع میں مبینہ طور پرمقامی طور پر تیار کردہ نقلی غیر ملکی شراب (آئی ایم ایف ایل)پینے کے بعد کم از کم 9 افراد کی ہلاکت، جبکہ 39 دیگر افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کرائے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، غیر قانونی شراب میں میتھانول کی بہت زیادہ مقدار ملائی گئی تھی اور اسے ایک معروف برانڈ کے نام والے جعلی بوتلوں میں بھر کر فروخت کیا جا رہا تھا۔ غیر قانونی شراب کے اس کاروبار کا انکشاف پولیس میں بھرتی ہونے والے ایک امیدوار کی موت کے سلسلے میں درج حادثاتی موت کے معاملے کی تحقیقات کے دوران ہوا۔

کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر خبر میں دی گئی اطلاعات درست ہیں تو یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے متعلق تشویش ناک معاملہ ہے۔ لہٰذا کمیشن نے گجرات کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

رپورٹ میں ہلاکتوں کی تعداد، اسپتال میں زیرعلاج متاثرین اور تحقیقات کی تازہ صورت حال شامل ہونی چاہیے، جس میں میتھانول اور دیگر خام مال کی پوری سپلائی چین کا سراغ لگانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی شامل ہوں۔ اس کے علاوہ معطل کیے گئے پولیس اہلکاروں اور دیگر قصوروار عہدیداروں کے خلاف شروع کی گئی محکمانہ کارروائی، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور بچ جانے والے متاثرین کو فراہم کی گئی امداد، معاوضے اور طبی سہولیات کی تفصیلات بھی رپورٹ میں دی جانی چاہئیں۔اس کے علاوہ کمیشن نے شراب بندی کے قانون پر مؤثر عمل درآمد کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے طویل مدتی اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، پولیس نے ایک بڑے پیمانے پر قائم غیر قانونی شراب سازی کے اڈے کا پردہ فاش کیا، جہاں سے کیمیکل، رنگ دینے والے مادے، نقلی شراب سے بھری ہوئی تیار بوتلیں، معروف برانڈ کے نام والی نقلی اسٹیکرز اور اسٹیکر رول، بوتلوں کے ڈھکن اور گتے کی پیکنگ کا سامان برآمد اور ضبط کیا گیاہے۔

******

ش ح۔م ش۔اش ق

U. No. 2583


(ریلیز آئی ڈی: 2303236) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , हिन्दी