مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پرنسپل چیف کنٹرولر آف اکاؤنٹس کے  دہلی  دفترمیں بزرگ شہریوں کے قومی دن کا انعقاد؛ معمر ترین پنشن یافتگان کی پذیرائی


صحت کی جانچ کے کیمپ، سائبر سیکیورٹی کے تعلق سے بیداری کے اجلاس اور آیوش صحت و تندرستی پر لیکچر کے ذریعے  بزرگ شہریوں کے قوم دن  کی تقریبات کا انعقاد

प्रविष्टि तिथि: 21 AUG 2026 4:50PM by PIB Delhi

محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن، وزارتِ مواصلات کے تحت پرنسپل کنٹرولر آف کمیونیکیشن اکاؤنٹس، دہلی کے دفتر نے آج نئی دہلی کے پرساد نگر میں واقع سنچار لیکھا بھون میں  بزرگ شہریوں کا قومی دن منایا۔ محکمہ کے پنشن یافتگان کے لیے منعقدہ اس پروگرام کی صدارت محترمہ وندنا گپتا، کنٹرولر جنرل آف کمیونیکیشن اکاؤنٹس (سی جی سی اے) نے کی۔ اس تقریب کا مقصد محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کے بزرگ اور معمر ترین پنشن یافتگان کی جانب سے ملک کے لیے دی گئی قیمتی خدمات اور ان کے اہم تعاون کی پذیرائی اور انہیں اعزاز پیش کرنا تھا۔

تقریب کا سب سے اہم حصہ پنشن یافتگان کی پذیرائی کی تقریب تھی۔ محکمہ اور ملک کے لیے طویل عرصے تک وقف اور مخلصانہ خدمات انجام دینے والے بزرگ پنشنرز، جن میں 90 سال سے زائد عمر کے کئی پنشنرز بھی شامل تھے، کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سب سے زیادہ عمر والے پنشنر جناب پرشورام شرما تھے، جن کی عمر 99 سال ہے۔ وہ 1987 میں محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) سے ریٹائر ہوئے تھے۔ 90 سال سے زائد عمر کے پنشنرز کی پذیرائی کو تقریب میں موجود افراد نے بھرپور انداز میں سراہا۔

   

   

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ وندنا گپتا، کنٹرولر جنرل آف کمیونیکیشن اکاؤنٹس (سی جی سی اے) نے کہا کہ ہمارے بزرگ پنشن یافتگان اس محکمے کی زندہ یادگار ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے دن ہماری ذمہ داری ختم نہیں ہوئی بلکہ اس کی نوعیت بدل گئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانا کہ انہیں وقت پر پنشن ملے، ان کی بات سنی جائے، ان کا احترام کیا جائے اور ان کی مناسب دیکھ بھال ہو، اس دفتر کی جانب سے کوئی احسان نہیں بلکہ اس کی ذمہ داری ہے۔

پروگرام کے دوران صحت کی جانچ کا کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں موجود بزرگ شہریوں اور پنشن یافتگان نے بنیادی صحت کی جانچ، پھیپھڑوں کی کارکردگی کا ٹیسٹ (پی ایف ٹی) اور آنکھوں کی جانچ کرائی۔ یہ تمام جانچ ماہر طبی عملے کی ٹیم نے موقع پر ہی کی۔ شرکاء کی طبی جانچ کے بعد انہیں نتائج کے بارے میں ضروری مشورے دیے گئے اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ بڑھتی عمر میں باقاعدگی سے صحت کی نگرانی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس اقدام کو بزرگ پنشن یافتگان نے سراہا، کیونکہ تقریب کے مقام پر ہی یہ سہولیات دستیاب ہونے سے انہیں کافی سہولت حاصل ہوئی۔

پروگرام میں بزرگ شہریوں کے لیے سائبر سیکیورٹی اور مالی تحفظ سے متعلق  بیداری سیشن بھی منعقد کیے گئے۔ چونکہ بزرگ شہری اکثر آن لائن  دھوکہ دہی،  جعل سازی اور مالی دھوکہ دہی کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے ان سیشنز میں محفوظ ڈیجیٹل طریقوں کو اپنانے اور آن لائن خدمات استعمال کرتے وقت محتاط رہنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ماہرین نے ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے، دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی نشاندہی کرنے اور محفوظ مالی لین دین کے طریقوں کے بارے میں   عملی معلومات فراہم کیں۔ یہ پروگرام اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد بزرگ شہریوں میں ڈیجیٹل اور مالی معاملات سے متعلق  بیداری کو فروغ دینا اور انہیں سائبر اور مالی خطرات سے محفوظ رہتے ہوئے اعتماد کے ساتھ ڈیجیٹل خدمات استعمال کرنے کے قابل بنانا تھا۔

اس کے بعد وزارتِ آیوش کی سینئر تحقیقی افسر ڈاکٹر ببیتا یادو نے معلوماتی لیکچر  پیش کیا۔ انہوں نے بڑھتی عمر میں فعال اور خودمختار زندگی گزارنے کے لیے صحت مند طرزِ زندگی، احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور ہندوستان کے روایتی نظامِ صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پنشن یافتگان کو یوگا، متوازن غذا اور آیوروید کے روزمرہ معمولات (دِن چریہ) سمیت آسان اور پائیدار طریقوں کے بارے میں بتایا گیا، جنہیں زندگی کے آخری مراحل میں جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے آسانی سے اپنایا جا سکتا ہے۔

تقریب کے دوران اپنی پنشن کے بارے میں جانیں (کے وائی پی ) اور ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی ) کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔ کے وائی پی  کاؤنٹر پر پنشن یافتگان کو سمپن پورٹل پر اپنے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے اور اسے سمجھنے میں مدد فراہم کی گئی۔ ڈی ایل سی  کاؤنٹر پر جیون پرمان کے ذریعے چہرے کی شناخت سے تصدیق کرتے ہوئے لائف سرٹیفکیٹ موقع پر ہی جمع کرائے گئے۔

اس پروگرام نے بزرگ پنشن یافتگان اور محکمہ کے افسران کے درمیان براہِ راست بات چیت اور تبادلے کے لیے ایک مفید پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس موقع نے محکمہ کی جانب سے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود، عزت اور بہتر زندگی کے لیے مسلسل عزم کو بھی ظاہر کیا۔

 

****
 

ش ح۔   ع و ۔ ش ب ن

U-NO-2435

 


(रिलीज़ आईडी: 2302013) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी