ٹیکسٹائلز کی وزارت
مرکزی وزیرٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ نے جن پتھ میں ہینڈلوم ہاٹ: دی ہینڈلوم ایکسپیریئنس سینٹر کا افتتاح کیا
प्रविष्टि तिथि:
14 AUG 2026 11:13PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ نے نئی دہلی کے جن پتھ میں ہینڈلوم ہاٹ: دی ہینڈلوم ایکسپیریئنس سینٹر کا افتتاح کیا، جس سے ہندوستان کی ہینڈلوم وراثت، روایتی علم، جدید ڈیزائن، کاروباری صلاحیت اور خوردہ فروخت جیسی سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوئیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ نے ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شمی راؤ اور ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈلومز) ڈاکٹر ایم بینا کی موجودگی میں ہینڈلوم ہاٹ کی عمارت کا افتتاح کرنے کے ساتھ اس کے لوگو کی بھی نقاب کشائی کی۔



افتتاح تقریب کے موقع پر نیشنل ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایچ ڈی سی)کے زیر اہتمام 24 ایوارڈ یافتہ بُنکروں کی تیار کردہ مصنوعات پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ ’ویو دی فیوچر 5.0‘کے ذریعے 30 سے زائد منتخب برانڈز نے بھی اس میں شرکت کی۔ویو دی فیوچر کے پانچویں ایڈیشن میں بُنکروں، ڈیزائنرز، برانڈز، محققین اور دیگر متعلقہ شراکت دار ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے، جہاں ٹیکسٹائل کے شعبے میں پائیدار، مدوّر معیشت پر مبنی اور دستکاری سے جڑے طریقہ کار کو اجاگر کیا گیا۔ اس نمائش میں ہینڈلوم اور ماحول دوست متبادل خام مال سے تیار کردہ جدید مصنوعات پیش کی گئیں، جن میں مقامی طور پر تیار کردہ ریشوں، خام مال میں اختراع اور ذمہ دارانہ ٹیکسٹائل طریقوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ ایسی تنصیبات بھی پیش کی گئیں جن میں ہندوستان کے مقامی ریشوں کی وسیع اقسام اور جغرافیہ، زراعت، ماحولیات اور ٹیکسٹائل کی پیداوار کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا۔
مرکزی وزیرِ ٹیکسٹائل نے مرکز میں موجود مختلف خوردہ اسٹورز کا دورہ کیا اور بُنکروں، دستکاروں اور ڈیزائنرز سے بات چیت کی۔ انہوں نے مرکز میں پیش کی جانے والی ہندوستان کی متنوع ہینڈلوم روایات، مصنوعات، تکنیکوں اور جدید اختراعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس دورے نے ہندوستان کی ہینڈلوم برادری کی شاندار دستکاری، تخلیقی صلاحیت اور کاروباری جذبے کو اجاگر کیا، جبکہ ہاتھ سے بنے ہوئے ٹیکسٹائل کے پسِ پردہ کام کرنے والے افراد اور ان کے روایتی و جدید طریقۂ کار کی ایک دل چسپ جھلک بھی پیش کی۔


ہینڈلوم ہاٹ میں ریٹیل کا تجربہ روایتی خریداری سے آگے بڑھ کرنمائش میں آنے والوں کو ہندوستانی ہینڈلوم کی تنوع، معیار اور عصری اہمیت کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔مرکزی وزیرِ ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ نے کہا،”ہینڈلوم ہاٹ بُنکروں اور ہینڈلوم سے وابستہ کاروباری اداروں کے لیے زیادہ نمایاں ہونے اور مارکیٹ کے بہتر مواقع پیدا کرے گا۔“
- ہینڈلوم کا کثیر جہتی تجربہ
افتتاحی تقریب کے دوران مہمانوں کو ہینڈلوم ہاٹ کی تین منزلوں پر مشتمل ایک خصوصی اور منظم سفر کا تجربہ فراہم کیا گیا، جہاں ہندوستان کے ہینڈلوم ماحولیاتی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔گراؤنڈ فلور پر ’ری امیجننگ اڈیشہ ویوز: کلاتھ، کرافٹ، کری ایٹیوٹی، کمیونٹی‘ کے عنوان سے وریکش ڈیزائن کی عارضی نمائش منعقد کی گئی ہے۔ اس نمائش میں دکھایا گیا ہے کہ ڈیزائنرز اور ماہر بُنکروں کے باہمی تعاون کے ذریعے عصری ڈیزائن کس طرح علاقائی ٹیکسٹائل روایات کے احیا ء اور انہیں نئی زندگی دینے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔نمائش میں اڈیشہ کی نسبتاً کم معروف روایات، جیسے گنجام بومکائی اور ڈھلاپتھر ٹیپسٹری کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اکت، جالا اور پھوڑا بُنائی میں ہونے والی اختراعات ، قدرتی رنگوں، نئے رنگوں کے امتزاج، بناوٹ، نقوش اور مصنوعات کے نئے فارمیٹ کو بھی پیش کیا گیا ہے۔
پہلی منزل پر ’وشوکرما گیلری‘ قائم کی گئی ہے، جو ایک مستقل گیلری ہے اور اس میں 1981 سے 1991 تک منعقد ہونے والی تاریخی وشوکرما نمائشوں کے سلسلے سے منتخب نایاب ٹیکسٹائلز کو یکجا کیا گیا ہے۔یہ ٹیکسٹائل ویورز سروس سینٹرز کے ذریعے بُنکروں کے ساتھ قریبی تعاون سے تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں تکنیکی مہارت، تخلیقی صلاحیت اور عصری تحقیق و جستجو کا حسین امتزاج نمایاں ہوتا ہے۔یہ گیلری آزادی کے بعد کے ہندوستان میں ہینڈلوم کے ارتقا اور اس کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ اس میں سنت کبیر ایوارڈ اور پدم شری ایوارڈ یافتہ بُنکروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جنہوں نے ہندوستانی ہینڈلوم کی روایت، اس کے فن اور عالمی سطح پر اس کی شناخت کو فروغ دینے میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔
دوسری منزل پر ڈیزائن کانکلیو کا انعقاد کیا گیا، جبکہ یہاں ایک عمیق اور دل چسپ تجربہ بھی پیش کیا گیا ہے جو ہندوستان کے جنگلات اور ملک کی متنوع ہینڈلوم روایات میں پائے جانے والے جانوروں، پرندوں، پھولوں اور قدرتی نقوش سے متاثر ہے۔
ہینڈلوم ایکسیلنس، ایکسپیریئنس اینڈ انٹرپرائز کے مربوط تصور کے ساتھ قائم کیا گیا ہینڈلوم ایکسپیریئنس سینٹر نمائش میں آنے والوں کو ہندوستان کے متحرک ٹیکسٹائل ورثے کے مختلف پہلوؤں کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہاں نمائش دیکھنے والے کپڑا تیار کرنے والے ماہر ہاتھوں اور روایتی طریقۂ کار سے لے کر ہینڈلوم کی عصری امکانات تک، اس بھرپور ورثے کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہو سکیں گے۔
***
ش ح ۔م ش۔م ش
U. No.2196
(रिलीज़ आईडी: 2300358)
आगंतुक पटल : 8