کارپوریٹ امور کی وزارتت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرخزانہ و کارپوریٹ امور نے نئی دہلی میں پی ایم انٹرن شپ اسکیم کے انٹرنز سے بات چیت کی


محترمہ نرملا سیتارمن نے اس اسکیم کے ذریعے کلاس روم میں حاصل ہونے والی تعلیم اور صنعت کی توقعات کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا

اس تقریب میں 24 شراکت دار کمپنیوں کے 86 انٹرنز نے شرکت کی

प्रविष्टि तिथि: 14 AUG 2026 10:23PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن نے نئی دہلی میں وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم(پی ایم آئی ایس)کے انٹرنز سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس بات چیت میں پی ایم آئی ایس کے تحت 24 سے زائد معروف شراکت دار کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے 86 انٹرنز نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے انٹرنز سےپی ایم آئی ایس کے تحت ان کے تجربات، عزائم اور سفر کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے ان سے یہ بھی بات کی کہ انہیں اس اسکیم میں حصہ لینے کی ترغیب کس چیز سے ملی، انٹرن شپ کے دوران انہوں نے کیا سیکھا اور کون سی نئی مہارتیں حاصل کیں، نیز ان کے مستقبل کے اہداف کیا ہیں۔

کئی ایسے انٹرنز جنہوں نے اپنی انٹرن شپ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہیں متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے مستقل ملازمتوں کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔محترمہ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم انٹرن شپ اسکیم(پی ایم آئی ایس)کو صنعت کے نمائندوں کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آجروں کی توقع ہوتی ہے کہ نئے گریجویٹس عملی طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہوں، جبکہ بہت سے نوجوان گریجویٹس کو ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے عملی تجربے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم نوجوانوں کو صنعت میں عملی تجربہ فراہم کرکے عملی ملازمت کے تقاضوں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنے میں مدد دے رہی ہے۔

انٹرنز سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ وزیرخزانہ نے زور دیا کہ پی ایم آئی ایس صرف امیدوار کی تعلیمی قابلیت تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم نوجوانوں کو اپنی دلچسپی کے شعبوں میں انٹرن شپ کے مواقع حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے، جس سے انہیں ان شعبوں میں عملی تربیت اور پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے انٹرنز کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں توجہ، سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ معمولی سی غلطی کے بھی دوسروں، بشمول حتمی صارفین، پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور اس سے کمپنی کی مصنوعات یا خدمات کے معیار اور ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس تقریب میں پی ایم آئی ایس کے ذریعے نوجوانوں کی زندگیوں میں آنے والی نمایاں مثبت تبدیلیوں اور کامیابیوں کی متاثر کن کہانیاں بھی سامنے آئیں۔

ایسی ہی ایک کہانی دہلی کے دھرو گپتا کی ہے، جو اس وقت این ایس ای میں انٹرن شپ کر رہے ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دھرو ہمیشہ سے مالیاتی شعبے میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے خواہش مند تھے۔ اس اسکیم کے ذریعے انہیں فنانس کے شعبے میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اب وہ انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والی مالیاتی مہارتوں کو اپنی تکنیکی معلومات کے ساتھ یکجا کرکے فن ٹیک کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانے کے خواہش مند ہیں۔

اپنے تجربے کے بارے میں دھرو گپتا نے کہا،:پی ایم آئی ایس نے میرے آئی ٹی پس منظر کے باوجود مجھے مالیاتی شعبے میں قدم رکھنے کا موقع دیا۔ اس تجربے نے مجھے یہ سمجھنے میں مدد دی کہ ٹیکنالوجی اور فنانس کس طرح ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں اور اب میں فن ٹیک کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانا چاہتا ہوں۔

ایک اور متاثر کن کہانی اتر پردیش کی نینا کی ہے، جنہیں دمن میں الکیم کے ساتھ انٹرن شپ کا موقع ملا۔ اگرچہ اس موقع کے لیے انہیں گھر سے دور ایک نئے شہر منتقل ہونا پڑا، لیکن نینا نئے تجربات حاصل کرنے کے عزم پر قائم رہیں اور ان کے خاندان نے بھی پورے سفر کے دوران ان کی بھرپور حمایت کی۔اپنی انٹرن شپ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد نینا کو الکیم میں مستقل ملازمت کی پیشکش کی گئی، جو ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔انہوں  نے کہا،گھر سے دور جانا ایک بڑا قدم تھا، لیکن میرے والد نے مجھے یہ موقع قبول کرنے کے لیے حوصلہ دیا۔پی ایم آئی ایس نے مجھے قیمتی عملی تجربہ حاصل کرنے میں مدد دی اور آج الکیم میں مستقل ملازمت کی پیشکش ملنا میرے لیے ایک نئے سفر کا آغاز محسوس ہوتا ہے۔

اسی طرح ہریانہ کی پارول راجپوت، جو ہیرو موٹو کورپ میں انٹرن شپ کر رہی ہیں، نے بتایا کہ جب انہیں ہیرو موٹو کورپ جیسے معروف برانڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ بہت خوش ہوئیں۔ دو پہیہ گاڑیوں کے ایک پیداواری پلانٹ میں کام کرتے ہوئے پارول خود کو ایک بڑی ذمہ داری کا حامل محسوس کرتی ہیں، کیونکہ ان کی مدد سے تیار ہونے والے ہر پرزے کے لیے معیار اور حفاظت کے اعلیٰ ترین اصولوں پر پورا اترنا ضروری ہے۔پارول راجپوت نے کہا،مجھے محسوس ہوتا ہے کہ صارفین کی حفاظت بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ مجھے اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ جن پرزوں پر میں کام کرتی ہوں، ان میں کوئی غلطی نہ ہو اور میں اسی توجہ اور لگن کے ساتھ اپنا کام جاری رکھنا چاہتی ہوں۔

اس بات چیت  نے پی ایم آئی ایس کے بڑھتے ہوئے اثرات کو اجاگر کیا اور وکست بھارت 2047کے وژن کے مطابق مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کرنے کے لیے حکومت کے عزم کو مزید تقویت دی۔

وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم(پی ایم آئی ایس)وزیراعظم کے پانچ اقدامات پر مشتمل پیکیج کا حصہ ہے، جس کا مقصد پانچ سال کے عرصے میں ہندوستانی  نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنرمندی کی ترقی اور دیگر مواقع کی فراہمی میں سہولت پیدا کرنا ہے۔اس اسکیم کے تحت ہندوستان  بھر کی معروف کمپنیوں میں معاوضے کے ساتھ انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔پی ایم آئی ایس کو اس مقصد سے تیار کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کو عملی تربیت اور صنعتی تجربہ فراہم کرکے ان کی ملازمت حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔

اس اسکیم کے بارے میں مزید معلومات کے لیے: https://pminternship.mca.gov.in/

تقریب کی تصاویر:

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003K63Q.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002JN3F.jpg

***

 

ش ح ۔م ش۔م ش

U. No.2195


(रिलीज़ आईडी: 2300336) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी