سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے پسماندہ طبقات کی ہمہ جہت ترقی اور بااختیاری کے لیے عزم کا اعادہ کیا
نمستے، ایس ای ای ڈی اور پی ایم-اے جے اے وائی اسکیمیں کمزور طبقوں کے لیے تحفظ، روزگار، تعلیم اور مواقع کو مضبوط کرنے کے لیے ہیں
ڈاکٹر وریندر کمار نے ایس ای ای ڈی، نمستے اور پی ایم-اے جے اے وائی اسکیموں کے مستفیدین کے ساتھ بات چیت کی؛ نیز منشیات کے استعمال کے خلاف حلف بھی دلایا
प्रविष्टि तिथि:
14 AUG 2026 9:00PM by PIB Delhi
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ملک کی ترقی میں کوئی بھی شہری یا طبقہ پیچھے نہ چھوٹ جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی انصاف کا حقیقی مطلب یہ یقینی بنانا ہے کہ ترقی کے فوائد پسماندہ افراد تک پہنچیں اور ہر شہری کو مساوی مواقع، وقار اور احترام ملے۔
قومی دارالحکومت کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ پروگرام میں وزارت سماجی انصاف وتفویض اختیارات کی ایس ای ای ڈی، نمستے اور پی ایم-اے جے اے وائی اسکیموں کے مستفیدین سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر وریندر کمار نے سماج کے محروم، کمزور اور ضرورت مند طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے وزارتِ سماجی انصاف وتفویض اختیارات کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر سکریٹری جناب سُدھانش پنت، ایڈیشنل سکریٹری محترمہ مونا اے کھنڈار، جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر سندیپ آر راٹھور، این ایس کے ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب پربھات کمار سنگھ، وزارت کے دیگر سینئر حکام اور ملازمین موجود تھے۔
ڈاکٹروریندر کمار نے کہا کہ ایس ای ای ڈی، نمستے اور پی ایم-اے جے اے وائی جیسی اسکیموں کے ذریعے، حکومت نہ صرف امداد فراہم کرنے کے لیے، بلکہ تعلیم، روزگار، سماجی تحفظ اور باوقار زندگی کے واسطے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ 'نمستے' اسکیم کے تحت، حکومت محفوظ طور پر اور مشین کے ذریعے صفائی کو فروغ دینے کے ساتھ ہی صفائی کے عملے کی حفاظت، وقار اور پائیدار روزگار کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیور اور سیپٹک ٹینک کی صفائی کے ملازمین کی پروفائلنگ، ذاتی حفاظتی سامان (پی پی ای) کٹ، ہیلتھ انشورنس، حفاظتی تربیت اور ہنگامی ردِعمل پر مبنی صفائی کے یونٹوں کی فراہمی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس اسکیم میں کوڑا چننے والوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، تاکہ انہیں باقاعدہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں شامل کیا جا سکے اور ان کے لیے محفوظ و باوقار روزگار کے مواقع یقینی بنائے جا سکیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ہاتھوں سے گندگی اٹھانے والوں کی باز آبادکاری اور خطرناک طریقوں سے کی جانے والی صفائی کے خاتمے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ ہر صفائی ملازم محفوظ جائے عمل، سماجی تحفظ اور باوقار زندگی کا حقدار ہے۔


مرکزی وزیر نے ڈی نوٹیفائیڈ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش (ڈی این ٹی، این ٹی اور ایس این ٹی) برادریوں کی سماجی اور اقتصادی بااختیاری کی سمت میں کام کرنے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 'ایس ای ای ڈی' (ڈی این ٹی کی اقتصادی بااختیاری کی اسکیم) وزارت کے تاریخی اقدامات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پہل صرف مالی امداد تک محدود نہیں ہے، بلکہ پائیدار روزگار، ہنر مندی کی ترقی، خود کفالت اور باوقار زندگی کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش پر مرکوز ہے۔

ڈاکٹر وریندر کمار نے کہا کہ ڈی این ٹی برادریوں کی خواتین کی بااختیاری پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے، جس میں ایس ای ای ڈی پہل کا وسیع مقصد بااختیار عورت، بااختیار خاندان، بااختیار برادری اور بالآخر خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کرنا ہے۔
ڈاکٹر وریندر کمار نے پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا (پی ایم-اے جے اے وائی) کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو درج فہرست ذات (ایس سی) کی برادریوں کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی بااختیاری کے مقصد سے شروع کی جانے والی اہم پہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم غربت میں کمی لانے، روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع بڑھانے، درج فہرست ذات کی اکثریتی آبادی والے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور اسکول نیز اعلیٰ تعلیم میں درج فہرست ذات کے طلبہ کی شمولیت کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔

مرکزی وزیر نے مئی 2026 میں پی ایم-اے جے اے وائی موبائل ایپلی کیشن اور پورٹل کے افتتاح کا بھی ذکر کیا، جس کا مقصد اسکیم کے نفاذ کو کاغذی کارروائیوں کے بجائے ریئل ٹائم ڈیجیٹل ورک فلو کی طرف لے جانا ہے، تاکہ نگرانی، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ مل سکے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر نے حاضرین کو ’منشیات کے استعمال کے خلاف حلف‘ دلایا، جس میں تمام شرکاء نے ہندوستان کو منشیات سے پاک ملک بنانے کے واسطے منشیات کے استعمال کے خلاف کام کرنے اور اس کے شکار افراد کی فلاح و بہبود اور بازآبادکاری کے لیے سرگرمی سے کام کرنے کا عزم کیا۔
ڈاکٹر وریندر کمار نے ایس ای ای ڈی، نمستے اور پی ایم- اے جے اے وائی اسکیموں کے مستفیدین کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا مقصد صرف فلاحی اسکیموں کو نافذ کرنا ہی نہیں، بلکہ مواقع میں اضافہ کرنا اور برادریوں کو خود کفیل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار خواتین، خاندان اور برادریاں ہی خود کفیل اور ترقی یافتہ ہندوستان کی مضبوط بنیاد ہیں۔
جشن یومِ آزادی کے موقع پر، مرکزی وزیر نے ان پہلوں سے وابستہ تمام مستفیدین اور شراکت داروں کو مبارکباد دی اور ان کی سخت محنت، صلاحیت اور خود اعتمادی کو ملک کی اہم طاقت کے طور پر تسلیم کیا۔
مرکزی وزیر نے ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کی جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع ملیں اور ہر طبقہ ملک کی تعمیر میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ تعاون دے سکے۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 'ترقی یافتہ ہندوستان @2047' کے سفر میں کوئی بھی فرد پیچھے نہ چھوٹے اور ہر شہری کو احترام و مساوی مواقع حاصل ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔م ش ع ۔ع ن)
U. No. 2194
(रिलीज़ आईडी: 2300327)
आगंतुक पटल : 6