وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ ثقافت کے تحت قائم اکادمیوں نے ‘ہر گھر ترنگا’ مہم اور ‘وندے ماترم’ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک گیر ثقافتی پروگراموں کے ذریعے 80واں یومِ آزادی منایا

प्रविष्टि तिथि: 15 AUG 2026 8:07PM by PIB Delhi

وزارتِ ثقافت کے تحت قائم اکادمیوں نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت متنوع ثقافتی اور عوامی شرکت پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ 80واں یومِ آزادی منایا۔ ملک بھر میں منعقدہ تقریبات میں ترنگا ریلیاں اور یاترائیں، پرچم کشائی کی تقریبات، ’وندے ماترم‘ کا اجتماعی گیت، حب الوطنی پر مبنی ڈرامائی اور موسیقی کی پیشکشیں، فنونِ لطیفہ اور مصوری کی ورکشاپس، دیواری مصوری، مٹی سے مجسمہ سازی، روایتی دستکاری، نمائشیں اور طلبہ پر مرکوز سرگرمیاں شامل تھیں۔ ان اقدامات نے طلبہ، فنکاروں، ثقافتی کارکنوں اور شہریوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور بھارت کی ثقافتی رنگا رنگی اور کثرت میں وحدت کے جذبے کو اجاگر کیا، ساتھ ہی حب الوطنی، قومی افتخار اور اجتماعی شرکت کے احساس کو فروغ دیتے ہوئے ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد بھی منائی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0017EC0.jpg

نیشنل اسکول آف ڈراما (این ایس ڈی) اور اس کے ملک بھر میں قائم مراکز نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم اور 80ویں یومِ آزادی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگراموں کے ذریعے شہریوں اور طلبہ کو سرگرم انداز میں شریک کیا۔ این ایس ڈی نے اپنے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے پلیٹ فارموں کے ذریعے یومِ آزادی کی تقریبات اور ’وندے ماترم‘ کے 150ویں سال کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کی، قومی پرچم کو درست طریقے سے لہرانے کے بارے میں شعور اجاگر کیا، اور لوگوں کو ’ترنگا کے ساتھ سیلفی‘ مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ این ایس ڈی سے وابستہ 250 سے زائد افراد نے اپنی سیلفیاں پورٹل پر اپ لوڈ کیں۔ این ایس ڈی نے اپنے کیمپس میں ’وندے ماترم‘ کا اجتماعی گیت بھی پیش کیا اور 14 اگست کو منڈی ہاؤس کے علاقے میں تقریباً 400 شرکاء پر مشتمل ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ 15 اگست کو این ایس ڈی دہلی کیمپس میں طلبہ کے لیے حب الوطنی کے موضوع پر ایک تبادلۂ خیال پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

این ایس ڈی کے علاقائی مراکز میں این ایس ڈی بنگلورو نے ایک موٹر سائیکل ریلی نکالی اور حب الوطنی پر مبنی تین ڈرامے پیش کیے۔ این ایس ڈی ٹی آئی ای مرکز، تریپورہ نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے فروغ کے لیے ایک جلوس نکالا، للت کلا اکادمی کے اشتراک سے ترنگا موضوع پر دیواری مصوری کا منصوبہ منعقد کیا اور ایک ثقافتی پروگرام کا بھی اہتمام کیا۔ این ایس ڈی وارانسی مرکز نے رنگ سنگیت اور حب الوطنی پر مبنی فنّی پیشکشوں کے ساتھ ایک ریلی کا انعقاد کیا، جب کہ این ایس ڈی سکّم مرکز نے بھی اس موقع کی مناسبت سے مختلف پروگرام منعقد کیے۔ سری نگر میں این ایس ڈی کے پہلے سال کے طلبہ نے 14 اگست کو لال منڈی میں کشمیری فنکاروں کے ساتھ ’وطن کے رنگ، کشمیر کے سنگ‘ پروگرام میں شرکت کی، جس میں ڈراما، کشمیری لوک رقص، بانڈ پاتھر اور لال دید کے واکھ پیش کیے گئے۔ پروگرام کا آغاز ’وندے ماترم‘ سے ہوا اور اختتام ’جن گن من‘ پر کیا گیا۔ ساہتیہ اکادمی نے ترنگا یاتراؤں، ترنگا کے ساتھ سیلفی کی سرگرمیوں، اپنے احاطے کو ترنگے کی روشنیوں سے منور کرنے اور سجانے اور ’وندے ماترم‘ کے اجتماعی گیت کے ذریعے ملک گیر تقریبات میں حصہ لیا۔

اکادمی نے دہلی یونیورسٹی کے ہنس راج کالج میں ’تقسیمِ ہند کی ہولناکیوں کا یادگاری دن‘ بھی منایا، جس میں تقریباً 200 طلبہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں تقسیمِ ہند سے وابستہ انسانی مصائب، نقل مکانی اور اس کے بھاری انسانی نقصان کو یاد کیا گیا، ساتھ ہی نوجوانوں کو قومی تاریخ کے اس اہم باب سے آگاہ ہونے کی ترغیب دی گئی اور امن، ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کی اقدار کو مزید مستحکم کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے اکادمی نے اس امر کو اجاگر کیا کہ ادب اور ثقافتی سرگرمیاں شہریوں کے قومی تعلق اور وابستگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سنگیت ناٹک اکادمی نے پانچ حصوں پر مشتمل ایک موضوعاتی موسیقی پروگرام پیش کیا، جس میں چھتیس گڑھ اور بستر، مہاراشٹر، گوا اور مدھیہ پردیش کی لوک اور روایتی موسیقی کی بھرپور روایت کو پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کا آغاز منگل دھن سے ہوا، جس کے بعد مہاراشٹر کی اجتماعی جشن کی دھنیں، گوا کے کونکن ساحل کی تہواروں سے وابستہ روایات اور مدھیہ پردیش کی مقامی موسیقی کی روایات پیش کی گئیں۔ پروگرام کا اختتام ایک مشترکہ پیشکش پر ہوا، جس میں چاروں خطوں کے فنکار اور ساز ایک ساتھ شریک ہوئے اور ’ثرت میں وحدت‘ کا پیغام پیش کیا گیا۔ اکادمی نے معزز مہمانوں کے استقبال کے لیے تاشا، توتاری، ڈھول اور شنکھ پر مشتمل روایتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002FSAK.jpg

للت کلا اکادمی نے اپنے صدر دفتر اور علاقائی مراکز میں بصری فنون کی سرگرمیوں، ریلیوں، ورکشاپس اور عوامی شرکت پر مبنی پروگراموں کے ذریعے یومِ آزادی منایا۔ اکادمی نے 13 اگست 2026 کو نئی دہلی میں واقع اپنے صدر دفتر میں، ساہتیہ اکادمی اور سنگیت ناٹک اکادمی کے اشتراک سے، ’ہر گھر ترنگا‘ پروگرام اور رابندر بھون میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی۔ اس پروگرام کے بعد ترنگا ریلی نکالی گئی، جس میں 1,500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء میں اسکولی طلبہ، پیشہ ور فنکار، فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور مقامی باشندے شامل تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0030S0N.jpg

للت کلا اکادمی کے علاقائی مراکز نے بھی مختلف ثقافتی اور عوامی سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ اگرتلہ میں نظرل کلا کشیتر میں طلبہ کی ایک ریلی اور دیواری مصوری کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ اور سینئر فنکاروں نے شرکت کی۔ شملہ میں 13 اگست کو پی ایم شری کیندریہ ودیالیہ، جاکھو ہلز اور جواہر لعل نہرو کالج آف فائن آرٹس، شملہ کے طلبہ کے ساتھ ایک ترنگا ریلی نکالی گئی، جبکہ للت کلا اکادمی آرٹ گیلری، گیئٹی تھیٹر میں مصوری کی ایک ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔ احمد آباد کے علاقائی مرکز نے 15 اگست کو ’ترقی یافتہ بھارت 2047 – مٹی سے بھارت‘ کے عنوان سے ترنگا ریلی اور مٹی سے مجسمہ سازی کی ورکشاپ کا اہتمام کیا، جس میں تقریباً 15 اسکولی بچوں نے حصہ لیا۔

کولکاتا کے علاقائی مرکز نے ’ہر گھر ترنگا‘ پروگرام، فنونِ لطیفہ کی ورکشاپ اور بیٹھ کر مصوری کرنے کے پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں 1,000 سے زائد اسکولی طلبہ، 300 پیشہ ور فنکار، کالج کے طلبہ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس کے بعد 1,500 سے زائد شرکاء پر مشتمل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ 15 اگست کو دونوں کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں اور عمارتوں کو ترنگے کی روشنیوں سے منور کیا گیا۔

لکھنؤ کے علاقائی مرکز نے 12 اگست کو بچوں کی مصوری کی ورکشاپ منعقد کی، جس کے بعد 13 اگست کو ایک ترنگا ریلی نکالی گئی، جس میں تقریباً 1,500 افراد نے شرکت کی۔ اس کے ساتھ ایک حب الوطنی پر مبنی ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ 15 اگست کو مرکز میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ چنئی کے علاقائی مرکز نے یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں عملے کے ارکان، فنکاروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004TK0Y.jpg

کالاکشیتر فاؤنڈیشن نے اپنے چاروں مراکز میں تعلیمی، فنّی اور عوامی شرکت پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے ’ہر گھر ترنگا مہم 2026‘ منائی۔ اس مہم کے تحت عہد کی تجدید، ترنگے کی روشنیوں سے عمارتوں کو منور کرنا، قومی پرچم کی تقسیم، ترنگا موضوع پر آرائش اور طلبہ و عملے کی جانب سے ’وندے ماترم‘ اور قومی ترانے کا اجتماعی گیت پیش کیا گیا۔ طلبہ نے ترنگا موضوع پر رنگولی، ضائع شدہ اشیا سے فن پارے تیار کرنے، مٹی سے مجسمہ سازی، سبزیوں پر نقش و نگار تراشنے اور سلاد سازی جیسی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جبکہ ’سوچھ بھارت‘ اور ’ترقی یافتہ بھارت‘ کے موضوعات پر مختلف پیشکشیں بھی کی گئیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image005AW3N.jpg

فاؤنڈیشن نے روایتی دستکاری کی متعدد سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا، جن میں ترنگا بنائی، قدرتی رنگائی، کلام کاری اور قومی پرچم و ترنگا موضوع پر دستکاری کی اشیا کی تیاری شامل تھی۔ تقریبات میں گمنام قومی ہیروز، خواتین مجاہدات اور مجاہدینِ آزادی پر مبنی پتلی تماشہ پیش کیا گیا، جبکہ قومی رہنماؤں اور مجاہدینِ آزادی کے کرداروں پر مبنی فینسی ڈریس مقابلہ، ریلیاں اور عوامی نمائشیں بھی منعقد کی گئیں، جن میں طلبہ، اساتذہ، فنکاروں، دستکاروں اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ یہ مہم 15 اگست 2026 کو 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔

اکادمیوں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں ’ہر گھر ترنگا‘ کا جذبہ ملک بھر کے ثقافتی مراکز اور فنّی حلقوں تک پہنچا۔ ڈراما، موسیقی، مصوری، ادب، روایتی دستکاری اور عوامی شرکت پر مشتمل ان پروگراموں نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو حب الوطنی، قومی فخر اور ثقافتی ورثے کی اقدار سے جوڑنے کے لیے متنوع مواقع فراہم کیے۔ ان تقریبات میں ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد بھی منائی گئی، ساتھ ہی بھارت کی ثقافتی شناخت کو تشکیل دینے والی مختلف فنّی روایات کو بھی نمایاں کیا گیا۔ ملک گیر سرگرمیوں کے ذریعے اکادمیوں نے کثرت میں وحدت اور قوم کے لیے مشترکہ عزم و وابستگی کے پیغام کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-2170

 


(रिलीज़ आईडी: 2300053) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी