پنچایتی راج کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دیہی مقامی اداروں (آر ایل بی) کے لیےسولہویں مالیاتی کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ گرانٹس

प्रविष्टि तिथि: 12 AUG 2026 2:36PM by PIB Delhi

سولہویں مالیاتی کمیشن (ایف سی-16) نے 2026-31 تک کی مدت کے لیے چھتیس گڑھ سمیت تمام 28 ریاستوں میں باقاعدہ طور پر تشکیل دیے گئے پنچایتی راج اداروں/دیہی مقامی اداروں (آر ایل بی) کے لیے مجموعی طور پر 4,35,236 کروڑ روپے کی گرانٹ کی سفارش کی ہے۔ اس میں سے چھتیس گڑھ ریاست کے لیے 11,664 کروڑ روپے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے اخراجات کے محکمہ نے 21.05.2026 کو ایک خط کے ذریعے سولہویں مالیاتی کمیشن (ایف سی-16) کی جانب سے تجویز کردہ دیہی مقامی اداروں کی گرانٹس کے نفاذ کے لیے عملی رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ایف سی-16 کی گرانٹس دو اجزا پر مشتمل ہیں، یعنی بنیادی گرانٹ اور کارکردگی پر مبنی گرانٹ، جن کا تناسب 80:20 ہے۔ بنیادی گرانٹ کو مزید مخصوص اور غیر مخصوص گرانٹس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بنیادی گرانٹ کا 50 فیصد مخصوص گرانٹ کے طور پر مختص ہے، جبکہ باقی 50 فیصد بنیادی گرانٹ اور پوری کارکردگی پر مبنی گرانٹ غیر مخصوص ہے۔ مخصوص گرانٹس کو ’صفائی ستھرائی اور ٹھوس کچرے کا بندوبست‘ اور/یا ’پانی کا انتظام‘ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ غیر مخصوص گرانٹس کو دیہی مقامی ادارے آئین کے گیارہویں شیڈول میں درج 29 موضوعات کے تحت مقامی ضروریات کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں۔

پنچایتی راج کی وزارت نے پنچایتوں کی اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) کو متحرک کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے ہیں:-

(i) پنچایتی راج کی وزارت نے آئی آئی ایم احمد آباد کے تعاون سے اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) کے بارے میں ایک تربیتی ماڈیول تیار کیا ہے، جس کا مقصد گرام پنچایتوں کی مالی خود انحصاری کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ ماڈیول منتخب نمائندوں اور پنچایت کے عہدیداروں کو یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ ٹیکس اور غیر ٹیکس ذرائع سے اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) کس طرح پیدا کیے جاتے ہیں۔ 10.07.2026 تک، راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) کے تحت اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) سے متعلق خصوصی ماڈیول کے ذریعے کل 2,75,893 شرکاء کو تربیت دی جا چکی ہے۔

(ii)  2025 میں پنچایتی راج کی وزارت نے پنچایتوں کی اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) میں اضافے کے ذریعے خود کفالت کو فروغ دینے کے لیے آتم نربھر پنچایت خصوصی ایوارڈ (اے این پی ایس اے) شروع کیاہے۔

(iii) پنچایتی راج کی وزارت (ایم او پی آر) نے سمرتھ پنچایت پورٹل بھی تیار کیا ہے، جو ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ یہ پلیٹ فارم ٹیکس اور غیر ٹیکس مطالبات پیدا کرنے اور ان کی وصولی، ٹیکس رجسٹروں کی دیکھ بھال اور آمدنی کی آن لائن نگرانی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

(iv) ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنی آمدنی کے ذرائع کو مضبوط بنانے کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی نظام کو مستحکم کرنے میں مدد دینے کے مقصد سے وزارت نے اپنی آمدنی کے ذرائع کے ماڈل قواعد مرتب کیے ہیں، جو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے غور کرنے کی غرض سے ایک رہنما نظام کے طور پر کام کریں گے۔ یہ ماڈل قواعد مشاورتی نوعیت کے ہیں اور پنچایتوں کی اپنی آمدنی کے ذرائع کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بطور حوالہ استعمال کیے جانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے موجودہ قانونی ضوابط، ادارہ جاتی انتظامات اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان ماڈل قواعد کو مکمل یا جزوی طور پر اپناکر، ان میں ترمیم کرکے یا انہیں اپنے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔

(v) اپریل 2020 میں شروع کی گئی سوامتو (گاؤں کی آبادی والے علاقوں کا سروے اور بہتر ٹیکنالوجی کے ذریعے نقشہ سازی) اسکیم کے نفاذ سے دیہی علاقوں میں جائیداد ٹیکس کے دائرے میں اضافے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) میں اضافہ اور دیہی مقامی اداروں کی مالی خود کفالت میں بہتری آئے گی۔

ریاستوں، بشمول چھتیس گڑھ، میں پنچایتی راج اداروں کی جانب سے مرکزی مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کی تقسیم اور استعمال کی بہتر نگرانی اور شفافیت و جواب دہی یقینی بنانے کے مقصد سے وزارت نے اپریل 2020 سے ای گرام سوراج ویب پورٹل (ای گرام سوراج) شروع کیا ہے، جو پنچایتوں کے تمام مالیاتی امور کو منصوبہ بندی سے ادائیگی تک مربوط کرتا ہے۔ اس نظام سے حاصل ہونے والی پیش رفت سے متعلق معلومات پورٹل پر عوامی سطح پر دستیاب ہیں، جس کے ذریعے ریاست، ضلع اور بلاک کی سطح پر بیک وقت نگرانی کی جا سکتی ہے۔

ای گرام سوراج کو پنچایتوں (جی پی ایس) کے لیے عوامی مالیاتی انتظامی نظام (پی ایف ایم ایس) کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے، جس سے سپلائرز اور خدمات فراہم کرنے والوں کو حقیقی وقت میں ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت ملتی ہے۔ اس کے علاوہ، پنچایتوں کے حسابات اور مالیاتی انتظام کی آن لائن جانچ کے لیے اپریل 2020 میں آڈٹ آن لائن ایپلی کیشن بھی شروع کی گئی تھی۔ یہ نظام مرکزی مالیاتی کمیشن کی رقوم کے شفاف استعمال میں سہولت فراہم کرتا ہے اور پنچایت کی سطح پر مالی نگرانی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

یہ معلومات مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے 12 اگست 2026 کو راجیہ سبھا میں تحریری جواب میں دیں۔

******

(ش ح ۔ م م ع۔م ا(

UR.No-1916


(रिलीज़ आईडी: 2298478) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Kannada