کیمیائی صنعتوں اور کھاد کی وزارت: کھاد سے متعلق محکمہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 AUG 2026 4:54PM by PIB Delhi
حکومت کھادوں کے مؤثر استعمال میں اضافہ، غذائی اجزا کی متوازن فراہمی کو فروغ دینے اور کھاد کے شعبے میں خود انحصاری کو مضبوط بنانے کے لیے ملک بھر میں نینو کھادوں کے استعمال کو فعال طور پر فروغ دے رہی ہے۔ کسانوں میں نینو کھادوں کے استعمال کو تیز کرنے کے لئے کسانوں میں بیداری پیدا کرنے، تکنیکی اقدامات، ادارہ جاتی شراکت داری اور ریاستی سطح پر ترغیبی پروگراموں سمیت کثیر الجہتی حکمتِ عملی اختیار کی گئی ہے۔
نینو کھادوں کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے حکومت ملک بھر میں وسیع پیمانے پر مہم چلا رہی ہے، جس میں بیداری کیمپ، ویبنار، کھیتوں میں عملی مظاہرے، کسان کانفرنسیں اور علاقائی زبانوں میں معلومات پر مبنی فلموں کی تشہیر شامل ہے۔ متعلقہ کھاد ساز کمپنیاں پردھان منتری کسان سمردھی کیندروں (پی ایم کے ایس کے) کے ذریعے کسانوں کو نینو یوریا اور نینو ڈی اے پی بھی فراہم کر رہی ہیں تاکہ ان کی وسیع پیمانے پر دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
پتوں پر چھڑکاؤ کے ذریعے نینو کھادوں کے مؤثر استعمال کو آسان بنانے کے لیے نینو یوریا اور نینو ڈی اے پی جیسی نینو کھادوں کے استعمال کی خاطر ‘کسان ڈرون’ جیسے جدید چھڑکاؤ کے طریقوں اور خوردہ مراکز پر بیٹری سے چلنے والے اسپرے پمپ فراہم کرنے جیسی پہل کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے گاؤں کی سطح کے کاروباری افراد کے ذریعے آزمائشی تربیت اور مناسب کرائے پر چھڑکاؤ کی خدمات کو بھی فعال طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔
کئی ریاستی حکومتوں نے نینو کھادوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ گجرات حکومت ایک خصوصی امدادی منصوبے کے تحت نینو کھادوں پر 50 فیصد سبسڈی فراہم کرتی ہے، جبکہ راجستھان حکومت نینو کھادوں کے چھڑکاؤ کی لاگت پر 50 فیصد سبسڈی دیتی ہے۔ اتراکھنڈ حکومت نے اے ٹی ایم اے، قومی غذائی تحفظ مشن (این ایف ایس ایم) اور مٹی کی صحت و زرخیزی جیسی مرکزی معاونت والی اسکیموں کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ ریاستی ترقیاتی منصوبے اور ریاستی باجرہ پالیسی کے تحت منعقد کیے جانے والے مظاہروں میں نینو کھادوں کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔ اوڈیشہ حکومت 2027-2026 کے دوران مختلف ریاستی منصوبوں کے تحت نینو کھادوں کے استعمال کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
نینو کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے کئے گئے اقدامات:
- اہم زرعی ریاستوں میں نینو کھادوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے نینو کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر بیداری اور تشہیری سرگرمیاں انجام دی ہیں۔ ان میں کسانوں کی میٹنگیں، فصل سے متعلق سیمینار، کھیتوں میں عملی مظاہرے، فیلڈ ڈے اور ادارہ جاتی آزمائشیں شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کسانوں کو مصنوعات کے استعمال، غذائی اجزا کے مؤثر استعمال، لاگت میں بچت اور فصل پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
- نینو کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں نے نینو کھادوں کے درست استعمال کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، کھیتوں میں آزمائش اور توسیعی کارکنوں، خوردہ فروشوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی غرض سے بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل کے اداروں، زرعی سائنس مراکز، ریاستی زرعی یونیورسٹیوں اور ریاستی محکمۂ زراعت کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔
- بیداری بڑھانے کے لیے کمپنیوں نے ٹیلی ویژن مہمات، کسان میلوں، زرعی نمائشوں، دیواروں پر تشہیری نقوش، اشتہاری تختیوں، ڈیلروں کے مراکز پر تشہیری مواد، موبائل مہمات، مطبوعہ مواد اور یوٹیوب و فیس بک جیسے ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال کیا ہے۔ کسانوں کی نشستیں، ‘وکست بھارت سنکلپ یاترا’ کی سرگرمیاں اور گاؤں کی سطح پر مہمات جیسے خصوصی بیداری پروگرام بھی منعقد کیے گئے ہیں۔
- اِفّکو اور کورومینڈل انٹرنیشنل لمیٹڈ جیسی کمپنیوں نے بتایا ہے کہ کسانوں سے بات چیت اور ان کے تجربات کی بنیاد پر رائے بھی حاصل کی گئی ہے۔ کمپنیوں کے مطابق، کسانوں نے عموماً نینو کھادوں کے استعمال کے حوالے سے مثبت تجربات بیان کیے ہیں اور انہیں آئندہ بھی استعمال کرتے رہنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
کیمیکل اور کھادوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ انوپریا پٹیل نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ معلومات فراہم کیں۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ن ع
U.NO. 1720