وزارت خزانہ
آئی سی او اے ایس ڈے 2026 کے موقع پر آئی سی او اے ایس برادری نے آتم نربھر بھارت کے لیے لاگت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا
سکریٹری اخراجات جناب وی ولنم نے حکومت ہند کے اخراجات کے انتظام میں آئی سی او اے ایس افسران کی قابل قدر اور انتھک کوششوں کو سراہا
دفاعی سکریٹری جناب راجیش کمار سنگھ: دفاعی شعبے میں جاری غیر معمولی تبدیلی کے دوران مالیاتی دانش مندی اور تجارتی مہارت انتہائی اہمیت کی حامل ہیں
سکریٹری دفاعی پیداوار جناب سنجیو کمار: اخراجات کے انتظام میں آئی سی او اے ایس افسران کا تعاون صرف اخراجات میں کمی تک محدود نہیں، بلکہ بہتر سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں بھی مددگار ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 AUG 2026 7:34PM by PIB Delhi
جناب راجیش کمار سنگھ، سکریٹری، محکمۂ دفاع، وزارت دفاع نے آج نئی دہلی میں محکمۂ اخراجات، وزارت خزانہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ انڈین کاسٹ اکاؤنٹس سروس (آئی سی او اے ایس) کے یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جناب سنجیو کمار، سکریٹری، محکمۂ دفاعی پیداوار، وزارت دفاع، اعزازی مہمان کے طور پر موجود تھے۔ اس سال کی تقریب کا انعقاد ”آتم نربھر بھارت کے لیے اخراجات کو بہتر بنانے میں آئی سی او اے ایس افسران کا کردار“ کے موضوع پر کیا گیا، جو خود کفالت کی جانب بھارت کی پیش رفت اور اس کے نتیجے میں وکست بھارت کی تعمیر کو آگے بڑھانے میں اخراجات اور مالیاتی کارکردگی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔


کلیدی خطاب کرتے ہوئے محکمۂ دفاع کے سکریٹری جناب راجیش کمار سنگھ نے حکومت کی وزارتوں اور محکموں میں اخراجات کے انتظام سے متعلق طریقۂ کار کو مضبوط بنانے میں آئی سی او اے ایس افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تجزیاتی بصیرت اور ثابت قدمانہ لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس دانش مندانہ طور پر اخراجات کو بہتر بنانے، وسائل کے محتاط استعمال اور مضبوط مالیاتی نگرانی کے ذریعے، بالخصوص دفاعی شعبے میں، آتم نربھر بھارت کے تصور کو آگے بڑھانے میں مسلسل اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔


مہمان اعزازی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے محکمۂ دفاعی پیداوار کے سکریٹری جناب سنجیو کمار نے مقامی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں کاسٹ اکاؤنٹنگ کی مہارت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف درآمدات پر بھارت کا انحصار کم ہوگا بلکہ برآمدی منڈی میں مسابقتی صلاحیت پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے دفاعی پیداوار کے ماحولیاتی نظام میں آئی سی او اے ایس افسران کے منفرد اور اسٹریٹجک کردار کو سراہا اور بدلتے ہوئے دفاعی حصول کے منظرنامے کے پیش نظر سروس اور اس کے کام کرنے کے طریقۂ کار کو نئے سرے سے تشکیل دینے اور قومی خود کفالت کے فروغ کے لیے آئی سی او اے ایس افسران اور اسٹریٹجک شعبوں کے درمیان مزید گہرا تال میل پیدا کرنے پر زور دیا۔


وزارت خزانہ کے محکمۂ اخراجات (ڈی او ای) کے سکریٹری جناب وی ولنم نے آئی سی او اے ایس ڈے 2026 کے موقع پر ویڈیو پیغام کے ذریعے افسران کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے حکومت ہند میں اخراجات کے مؤثر انتظام میں آئی سی او اے ایس افسران کے قابلِ قدر تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آتم نربھر بھارت کے تصور کو آگے بڑھانے کے لیے نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شرکت اور پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر، اخراجات کی کارکردگی یقینی بنانے، خطرات کی مناسب تقسیم اور منصوبوں کی مضبوط ساخت سازی میں آئی سی او اے ایس افسران کا اہم کردار ہوگا۔

اس موقع پر آئی سی او اے ایس کا ایک یادگاری ای-بروشر بھی جاری کیا گیا، جس میں اس سروس کے ارتقا، اہم فرائض، نمایاں کامیابیوں اور اس کے ذریعے انجام دیے گئے صلاحیت سازی کے اقدامات کی تفصیل پیش کی گئی ہے۔


پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں، آئی سی او اے ایس کے چیف ایڈوائزر (کاسٹ) اور سربراہ جناب آنند کمار پال نے آئی سی او اے ایس سروس کے افسران کو دلی نیک خواہشات پیش کیں اور ان پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کو اپنائیں تاکہ حکومت ہند کے مالیاتی تجزیہ کار کے طور پر اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کر سکیں۔ انہوں نے افسران پر یہ بھی زور دیا کہ وہ دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں اور وکست بھارت کی جانب پیش رفت کے لیے جدید ترین مالیاتی ماڈلنگ ٹول، ڈیٹا کو بصری شکل میں پیش کرنے کی جدید تکنیکوں اور ایسے تجزیاتی فریم ورک کو اپنائیں جو دور اندیش مالیاتی مشاورت اور مضبوط پالیسی سازی میں معاون ہوں۔

جناب روہن کوپوراوری، جوائنٹ ڈائریکٹر (کاسٹ) نے سروس کے سفر، ارتقا، اس کے تعاون اور مستقبل میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں ایک پریزنٹیشن پیش کی، تاکہ عوامی مالیاتی انتظام کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور ”خرچ کیے گئے ہر روپے سے زیادہ سے زیادہ قدر“ کو یقینی بنایا جا سکے۔

نمایاں خدمات کے اعتراف میں آئی سی او اے ایس کے چھ نوجوان افسران کو محکمۂ دفاع کے سکریٹری جناب راجیش کمار سنگھ نے ’سروتم‘، ’اَتی اتم‘، ’اتم‘ اور ’پروتساہن‘ تعریفی اسناد سے نوازا۔ یہ اسناد سروس کے نوجوان افسران کی قابلِ قدر کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور ان کی نمایاں کوششوں کو سراہنے کے لیے قائم کی گئی ہیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد دو معلوماتی تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے، جو جدت طرازی، مسلسل سیکھنے اور پیشہ ورانہ مہارت کے لیے آئی سی او اے ایس کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

پہلے تکنیکی اجلاس میں جناب نندکمارم نے ”عوامی مالیاتی انتظام میں مصنوعی ذہانت کا استعمال“ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے سرکاری سطح پر اخراجات اور مالیاتی انتظام کے امور میں کارکردگی بڑھانے اور عوامی مالیات کی پوری ویلیو چین میں مصنوعی ذہانت کی مداخلت کے تبدیلی لانے والے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

دوسرے تکنیکی اجلاس میں جناب اروند راج نے افسران سے ”تناؤ کا انتظام“ کے موضوع پر خطاب کیا اور انہیں اہم معلومات اور عملی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا، جن سے سرکاری ذمہ داریوں کے دباؤ کے درمیان افسران کو ذہنی صحت اور پیشہ ورانہ استقامت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

اس تقریب میں مختلف وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ افسران نے پُرجوش انداز میں شرکت کی، جس سے پالیسی سازی، اخراجات کے انتظام اور عوامی اخراجات کے مؤثر استعمال میں آئی سی او اے ایس کے ناگزیر کردار کی ایک بار پھر توثیق ہوئی۔

اس طرح آئی سی او اے ایس ڈے 2026 نے صلاحیت سازی، معلومات کے تبادلے اور اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس سے خود کفیل اور معاشی طور پر مضبوط وکست بھارت کے عزم کے تئیں سروس کی غیر متزلزل وابستگی مزید مستحکم ہوئی۔

**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 1692
(ریلیز آئی ڈی: 2296923)
وزیٹر کاؤنٹر : 61