وزارات ثقافت
للت کلا اکادمی نے اپنا 72واں یومِ تاسیس منایا
प्रविष्टि तिथि:
05 AUG 2026 8:27PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت کے تحت قائم قومی فنونِ لطیفہ کی اکادمی، للت کلا اکادمی نے آج نئی دہلی کے رابندر بھون میں اپنا 72واں یومِ تاسیس منایا۔
یومِ تاسیس کی تقریب میں وزارتِ ثقافت کے جوائنٹ سکریٹری جناب کے کے مشرا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز سے قبل جناب کے کے مشرا نے رابندر بھون میں گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور کے مجسمے پر گل ہائے عقیدت پیش کیے۔ اس کے بعد انہوں نے ایک خصوصی تاریخی نمائش کا دورہ کیا۔ جس میں گزشتہ بہتر برسوں کے دوران للت کلا اکادمی کی خدمات، نمایاں سنگِ میل اور انڈین ویژول آرٹس کے فروغ میں اس کی اہم کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔
اس موقع پر للت کلا اکادمی کی طرف سے شائع ہونے والے جناب کنئیا لال فقیر چند پٹیل (کانو پٹیل) کی تحریر کردہ دو اہم اشاعتوں’’چترکار کانو دیسائی‘‘ اور’’کلاگورو روی شنکر راول‘‘کا باقاعدہ اجراء عمل میں آیا ۔
تقریبات کے سلسلے میں ممتاز مصور جناب راجیش شرما نے براہِ راست مصوری کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جس سے حاضرین کو ایک نامور فنکار کے تخلیقی عمل کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ تقریب کو مزید دلکش بنانے کے لیے نیشنل انسٹی ٹیویٹ آف کتھک کیندر کے فنکاروں نے کلاسیکی رقص اور کلاسیکی موسیقی کی مسحور کن پیشکشیں بھی پیش کیں۔ جنہوں نے ہندوستان کے قومی ثقافتی اداروں کے درمیان فنّی تعاون اور ہم آہنگی کی بہترین عکاسی کی۔
بھونیشور کے علاقائی مرکز نے یومِ تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں آبی رنگوں کی مصوری پر ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس میں ملک کے ممتاز فنونِ لطیفہ کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی، جبکہ مرکز کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی اس موقع پر مدعو کیا گیا۔
کولکاتا کے علاقائی مرکز میں اس موقع پر ’’مریادا پروشوتّم شری رام‘‘ کے عنوان سے ایک نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ جس کے بعد ممتاز بزرگ فنکاروں اور ثقافتی شخصیات کی تہنیت و تکریم کی گئی۔ اس تقریب میں مشرقی ہندوستان میں ویژول آرٹ کے فروغ کے لیے مرکز کی مسلسل خدمات کو اجاگر کیا گیا، جن میں نمائشوں، تربیتی ورکشاپوں اور عوامی رابطے کی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے فنونِ لطیفہ کی ترویج شامل ہے۔
چنئی کے علاقائی مرکز میں ممتاز مصور اور للت کلا اکادمی کے پہلے تحقیقی اسکالرز میں شامل جناب بھگوان ایس۔ چوان کی طرف سے پینٹنگ کا ایک مظاہرہ اور انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیا۔ جس میں انہوں نے فنکاروں اور طلباء کے ساتھ اپنے فنی سفر اور تخلیقی بصیرت کا اشتراک کیا۔
لکھنؤ کے علاقائی مرکز میں یومِ تاسیس کی مناسبت سے ایک خطاب اور ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر سنیل سکسینہ نے خصوصی خطاب کیا۔ جس کے بعد محترمہ وبھا سنگھ نے نیم کلاسیکی گائیکی پیش کی۔ جبکہ جناب اتھروا پرتاپ سنگھ نے بانسری بجانے کا دلکش مظاہرہ کیا۔
شمال مشرقی علاقائی مرکز (این ای آر سی)، اگرتلہ میں سیری گرافی (سلک اسکرین چھپائی) پر ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران اسٹوڈیو کے فنکاروں، تحقیقی اسکالرز اور مدعو فنکاروں نے مشترکہ طور پر للت کلا اکادمی کے نشان سے مزین 250 کپڑے کے تھیلے تیار کیے۔ اس ورکشاپ کے ذریعے شرکاء کو عملی مشق کے ذریعے روایتی اسکرین چھپائی کے فن اور اس کے مراحل سے روشناس کرایا گیا۔
احمد آباد کے علاقائی مرکز نے فنکاروں کے درمیان ایک تعاملی مذاکرے کا انعقاد کیا۔ جس نے عملی طور پر فن سے وابستہ مصوروں اور فنکاروں کو بامعنی مکالمے، خیالات کے تبادلے اور باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔
پٹنہ کے کیمپ دفتر میں یومِ تاسیس کے موقع پر شجرکاری کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں فنکاروں، ماہرینِ تعلیم اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اسی طرح شملہ کے کیمپ دفتر نے کیندریہ ودیالیہ، جاکھو ہِلز کے طلبہ کے لیے مصوری کی ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ جس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں بصری فنون سے دلچسپی پیدا کرنا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
سال1954 میں قائم ہونے والی للت کلا اکادمی گزشتہ سات دہائیوں سے ہندوستان میں ویژول آرٹ کے فروغ اور سرپرستی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اکادمی قومی اور بین الاقوامی نمائشوں، فنکاروں کے کیمپوں، تربیتی ورکشاپوں، وظائف، اشاعتی سرگرمیوں، دستاویزی کام، تحقیقی منصوبوں اور باہمی ثقافتی پروگراموں کے ذریعہ فنونِ لطیفہ کی ترویج و ترقی میں مسلسل سرگرم عمل ہے۔ اکادمی آج بھی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے اور ہندوستان میں بصری فنون کے مضبوط اور مؤثر نظام کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
اس تقریب میں وزارتِ ثقافت کے ڈائریکٹر جناب انیش پی راجن، للت کلا اکادمی کے سکریٹری جناب راجیو کمار، ممتاز فنکار جناب مکل پوار اور جناب راجیش شرما سمیت نامور فنکاروں،محققین، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، اکادمی کے افسران و ملازمین، پنشن یافتگان، فنون کے شائقین اور مدعو مہمانوں نے شرکت کی۔
***
ش ح۔م ح۔ش ت
UNo-1459
(रिलीज़ आईडी: 2295344)
आगंतुक पटल : 6