ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جی آئی اینڈ بیونڈ 2.0 سمٹ میں بھارت کی جغرافیائی شناخت یافتہ (جی آئی) ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کی شاندار نمائش، جی آئی نظام سے وابستہ مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور


بھارت کی ہینڈلوم مصنوعات کی تشہیر اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے ’’ڈیجیٹل ہینڈلوم اٹلس – ایک پلیٹ فارم، بے شمار منڈیاں‘‘ کا آغاز

प्रविष्टि तिथि: 05 AUG 2026 4:24PM by PIB Delhi

ٹیکسٹائل کی وزارت، حکومتِ ہند کے دفترِ ترقیاتی کمشنر (ہینڈلوم) کی جانب سے، ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل (ایچ ای پی سی)  کے اشتراک سے منعقدہ جی آئی اینڈ بیونڈ 2.0 سمٹ آج نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر بین الاقوامی مرکز میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

اس سمٹ میں بھارت کی جغرافیائی شناخت (جی آئی) یافتہ ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کی بھرپور نمائش کی گئی۔ اس موقع پر پالیسی سازوں، بیرونِ ملک خریداروں، برآمد کنندگان، صنعتی ماہرین، جی آئی شعبے سے وابستہ فریقوں، ماہرینِ تعلیم اور بنکروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سمٹ کا مقصد جی آئی نظام سے وابستہ تمام شراکت داروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور بھارت کی روایتی مصنوعات کے لیے قومی و بین الاقوامی منڈیوں میں مزید مواقع پیدا کرنا تھا۔

سمٹ کا افتتاح وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ و ٹیکسٹائل  جناب  پبتر مارگریٹا نے کیا۔ اس موقع پر ٹیکسٹائل کی سیکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ، ترقیاتی کمشنر (ہینڈلوم) ڈاکٹر ایم۔ بینا، ترقیاتی کمشنر (دستکاری) محترمہ امرت راج، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل) جناب اکھلیش کمار، کنٹرولر جنرل برائے پیٹنٹس، ڈیزائنز اور ٹریڈ مارکس پروفیسر (ڈاکٹر) اُنّت پی۔ پنڈت، ٹیکسٹائل کمیٹی کے سیکریٹری جناب کارتکیہ ڈھانڈا سمیت اعلیٰ سرکاری حکام، صنعتی نمائندوں، برآمد کنندگان، بیرونِ ملک خریداروں، جی آئی شعبے کے متعلقہ اداروں، ماہرینِ تعلیم اور بنکروں کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اپنے افتتاحی خطاب میں جناب پبترمارگریٹا نے اس بات پر زور دیا کہ جغرافیائی اشارے محض قانونی تحفظ نہیں ہیں بلکہ ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے ، دستکاری اور شناخت کی علامت ہیں ۔  انہوں نے جی آئی ٹیگ والے ہینڈلوم مصنوعات کی صداقت اور روایات کو محفوظ رکھتے ہوئے مارکیٹ کے مواقع کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی اور اختراع سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو انہیں منفرد بناتی ہیں ۔  انہوں نے ہندوستان کی سافٹ پاور کو مضبوط بنانے اور کاریگروں اور بنکر برادریوں کے لیے پائیدار معاش کی حمایت کرنے میں جی آئی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا ۔

سمٹ کے دوران وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ و ٹیکسٹائل شری پبتر مارگریٹا نے مختلف روایتی مصنوعات کے لیے جاری کیے گئے نئے جغرافیائی شناخت (جی آئی) سرٹیفکیٹ متعلقہ جی آئی مالکان کے حوالے کیے۔ ان میں لداخ نمبو ٹیکسٹائل، لداخ پشمینہ ٹیکسٹائل، ہماچل گُدما، ہماچل لِنگچے، جھارکھنڈ بانس دستکاری، جھارکھنڈ تسر ریشم کی ساڑیاں اور ملبوساتی کپڑے، جھارکھنڈ کا منڈا زیورات اور بریلی کی ٹیری کوٹا دستکاری شامل ہیں۔ یہ سرٹیفکیٹ ان افراد اور اداروں کی خدمات کے اعتراف میں پیش کیے گئے جنہوں نے بھارت کی منفرد روایتی مصنوعات کے تحفظ، فروغ اور ان کی شناخت برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

سمٹ  سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل کی سیکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ نے کہا کہ حکومت ہینڈلوم شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پالیسی معاونت، ڈیجیٹل اقدامات، منڈیوں کی توسیع اور ادارہ جاتی اشتراک کے ذریعے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہینڈلوم اٹلس بھارت کی جغرافیائی شناخت (جی آئی) یافتہ ہینڈلوم مصنوعات کو زیادہ نمایاں حیثیت فراہم کرے گا اور بنکروں کو ملکی و بین الاقوامی منڈیوں سے مؤثر انداز میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر (ہینڈلوم) ڈاکٹر ایم۔ بینا نے بھارت کی روایتی بنکاری برادریوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وزارت اس شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے کلسٹر ترقی، ڈیزائن کی معاونت، خام مال کی دستیابی اور بہتر بازار تک رسائی جیسے اقدامات پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جغرافیائی شناخت (جی آئی) کا حصول نہ صرف بھارت کی منفرد بنکاری روایات کو پائیدار تحفظ اور شناخت فراہم کرتا ہے بلکہ بنکروں کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔

سمٹ کی نمایاں خصوصیات میں ’’ڈیجیٹل ہینڈلوم اٹلس – ایک پلیٹ فارم، بے شمار منڈیاں‘‘ کا افتتاح سرفہرست رہا۔ یہ ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جسے بھارت کی ہینڈلوم مصنوعات، بالخصوص جغرافیائی شناخت (جی آئی) یافتہ مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور دستکاروں و بنکروں کو وسیع تر منڈیوں سے جوڑنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ افتتاحی اجلاس کے دوران رجسٹرڈ مالکان اور نئے مجاز صارفین کو جی آئی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل (ایچ ای پی سی) کے قیام کے ساٹھ برس مکمل ہونے کی مناسبت سے اس کی ڈائمنڈ جوبلی یادگاری علامت (لوگو) کی بھی رونمائی کی گئی، جو بھارت کی ہینڈلوم مصنوعات کی برآمدات کے فروغ میں کونسل کی چھ دہائیوں پر محیط خدمات کا اعتراف ہے۔

سمٹ میں ملک بھر سے 100 سے زائد جغرافیائی شناخت (جی آئی) یافتہ ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کی متنوع بنکاری روایات پر مبنی خصوصی نمائشیں بھی سجائی گئیں، جبکہ ماہر دستکاروں اور بنکروں نے اپنی فنی مہارت کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے۔ اس نمائش نے شرکاء کو بھارت کی جی آئی یافتہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار، فنی مہارت، تنوع اور ثقافتی ورثے کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

سمٹ کے دوران آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین نے ایک خصوصی پیش کش میں بتایا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو جغرافیائی شناخت (جی آئی) کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے کس طرح بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر تین تکنیکی اجلاس بھی منعقد ہوئے، جن میں جی آئی رجسٹریشن اور دانشورانہ املاک کے حقوق، ملکی منڈی میں جی آئی مصنوعات کے فروغ اور بین الاقوامی منڈیوں میں جی آئی یافتہ ہینڈلوم مصنوعات کے امکانات سے بہتر استفادہ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان اجلاسوں میں حکومت، صنعت، جامعات، دانشورانہ املاک کے اداروں، معروف ریٹیل برانڈز اور بین الاقوامی تنظیموں کے ماہرین نے شرکت کی۔

جی آئی اینڈ بیونڈ 2.0 سمٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹیکسٹائل کی وزارت، ادارہ جاتی تعاون، اختراعی اقدامات اور منڈیوں کی ترقی کے ذریعے بھارت کی جغرافیائی شناخت (جی آئی) یافتہ ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید مضبوط بنائے گی۔ پالیسی سازوں، صنعتی نمائندوں، برآمد کنندگان، جی آئی شعبے سے وابستہ اداروں، ماہرینِ تعلیم اور بیرونِ ملک خریداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے باعث توقع ہے کہ یہ سمٹ بھارت کے منفرد ہینڈلوم اور دستکاری ورثے کی عالمی سطح پر پہچان، منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی وقعت میں مزید اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 1437

 


(रिलीज़ आईडी: 2295152) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी